آرمی چیف کا فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم

ڈی جی رینجرز نے بھی آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی۔ فوٹو: فائل
 کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ آرمی چیف نے آفتاب احمد کی موت کے حوالے سے سچ سامنے لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔
قبل ازیں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی ہدایت پر بھی آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی، تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے جو جلد ازجلد تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی رینجرز کو پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے رینجرزکی تحویل میں دیئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور فاروق ستارکے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد دوران حراست انتقال کرگئے تھے جس پرایم کیوایم نے آج اعلی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
آفتاب احمد کی موت پر رینجرز کی جانب سے کہا گیا کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کے باعث واقع ہوئی جب کہ ایم کیو ایم نے موت کی ان وجوہات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں نہ تو دل کا کوئی عارضہ لاحق تھا اور نہ ہی کوئی بیماری بلکہ آفتاب احمد کی موت تشدد کے باعث واقع ہوئی اور ان کے جسم پر موجود نشانات اس کے واضح ثبوت ہیں۔

پاکستان سپر لیگ؛ چھٹی ٹیم کی شمولیت کیلیے مہم آج شروع ہوگی

پہلے ایونٹ سے منافع،گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دیدی فوٹو: فائل
 لاہور:  پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کیلیے مہم بدھ کو شروع ہوگی، منتظمین ورکشاپ میں فوائد گنوا کر فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شہریار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں  نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل  خاصی کامیاب رہی، ٹی وی ریٹنگ بہتر تھی، کارپوریٹ سیکٹر کو بھی آگے لے کر آئے، لیگ کے کامیاب انعقاد سے ملک کا امیج بہتر ہوا،5 فرنچائزز کو 10 سال کیلیے 9.3 ملین ڈالر میں فروخت کیا، پی سی  بی نے اپنا منافع  بہت کم صرف 3 لاکھ  ڈالر رکھا تھا لیکن ہمیں 2.6 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔
انھوں نے بتایا کہ اگلے سال 6 سائیڈز کو لیگ کا حصہ بنانے کیلیے دباؤ ہے، گورننگ بورڈ نے اجازت دیتے ہوئے مالکان کو اعتماد میں لینے کیلیے کہا ہے، بدھ کو شروع ہونے والی ورکشاپ میں فرنچائزز کو قائل کرنے کی کوشش کرینگے کہ ٹیم کے اضافے سے انھیں فائدہ ہوگا، ایک سوال پر ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ  لیگ کے کامیاب انعقاد سے فرنچائزز کے اثاثے بڑھے ہیں، ایک ٹیم اگر1.3  ملین ڈالر میں خریدی تھی تو اسے اب 2.5  ملین ڈالر مل رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دیدی، وہ پی سی  بی کی ملکیت ہوگی، ابھی آفس کی ضرورت نہیں  ضرورت پڑی تو سوچیں گے۔ کمپنی میں بورڈ آف گورنر  اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے2،2 جبکہ  باہر سے بھی 2 لوگ لیے جائیں گے، کوشش کریں گے کہ لیگ سے حاصل ہونے والی رقم کرکٹ اور کرکٹرز پر خرچ ہو تاکہ ہمیں ٹیکس کے ایشو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ سلمان سرور بٹ  نے اپنی کمپنی  بنا لی ہے۔
اب وہ ہمارے ساتھ بطورایڈوائزر ہوں گے،ایک اور عہدیدارکو لاہور قلندرز  نے اچھی پیشکش کی، ہمارے اپنے قوانین ہیں، ایک خاص حد سے زیادہ پیسے ہم نہیں دے سکتے۔ اگلے ایڈیشن میں کوشش کریں گے کہ اگر  پنجاب میں نہیں تو لیگ کا کوئی میچ سندھ میں ہی ہو جائے لیکن یہ سب کچھ  ملکی سیکیورٹی صورتحال پر منحصر ہے۔

گلوبل وارمنگ سے چاول کی عالمی پیداوارمیں کمی کاخدشہ

طلب ورسد کافرق بڑھے گا،مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلیے تیاریاں کی جائیں،جاوید غوری فوٹو: فائل
 کراچی:  گلوبل وارمنگ کی وجہ سے چاول کے بڑے پیداواری ممالک میں اس سال پیداوار 30فیصد تک کم رہنے کا امکان ہے، پاکستان چاول کی عالمی طلب میں اضافے سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے تاہم اس کے لیے حکومت، انڈسٹری اور فارمرز کی کوششوں کو مربوط کرنا ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو میٹکو رائس اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین جاوید غوری کے مطابق خشک سالی اور گرمی کی لہر (ال نینو) کی وجہ سے چاول پیدا کرنے والے 4 بڑے ملکوں بھارت، تھائی لینڈ، ویت نام اور خود پاکستان میں چاول کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے، مذکورہ چاروں ممالک چاول کی عالمی پیداوار میں 60فیصد کے حصے دار ہیں، حالیہ سیزن میں ان ملکوں کی پیداوار 30فیصد تک کم رہنے کا خدشہ ہے، تھائی لینڈ میں خشک سالی سے پیداوار میں20کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے، اسی طرح چین کی درآمد 5ملین ٹن متوقع ہے۔
انھوں نے کہاکہ پاکستانی رائس انڈسٹری اور کاشت کار اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں تاہم اس کے لیے اچھی کوالٹی کے بیج اور آبی وسائل کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاشتکار اور بیوپاری قیمتوں میں کمی کے سبب نقصان کا شکار ہیں تاہم آئندہ 2سال کے دوران عالمی طلب اور رسد میں فرق بڑھنے سے پاکستان کے لیے بھرپور مواقع پیدا ہوں گے جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ابھی سے تیاریوں کی ضرورت ہے۔ ادھر امریکی محکمہ زراعت نے اپنی ماہانہ زرعی اپ ڈیٹ میں تخمینہ لگایا ہے کہ 2015-16کے سیزن میں چاول کا عالمی اسٹاک 18 فیصدکم ہوجائے گا یعنی اسٹاک گزشتہ سال کے 80 روز سے کم ہوکر65دن کا رہ جائے گا۔

مسجد حرام میں تصاویر کھنچوانا شرعاً حرام ہے، علما کا فتویٰ

مساجد کودنیاوی مشاغل کیلیے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے، بیان میں زائرین کو ہدایت فوٹو: فائل
ریاض: سعودی عرب کے سرکردہ علماء کرام نے مسجد حرام میں عبادت کے دوران، طواف کعبہ، سعی اوردیگر مناسک کے دوران تصاویر کھنچوانے کو شرعا حرام قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ لوگوں میں تشہیر کی غرض سے تصویر اتارنا عبادت میں اخلاص کی نفی کے مترادف ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق علما کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مساجد صرف اللہ کی عبادت کیلیے مختص ہیں۔ انھیں کسی دنیاوی مقاصد یا تفریحی مشاغل کے لیے استعمال کرنے کاکوئی جوازنہیں ہے۔ مساجد میں نماز، تلاوت قرآن پاک اور ذکر خداوندی کے سوا کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال کرنا شرعا حرام ہے۔ مسجد حرام میں منعقدہ ایک سیمینارکے بعد جاری کردہ مشترکہ فتوے میں کیا گیا ہے کہ مساجدکا تقدس قائم رکھنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے۔
مساجد میں خرید وفروخت، لین دین کرنایامسجدکوجسمانی ورزش کے لیے استعمال کرنے کابھی کوئی جوازنہیں ہے۔ علمائے کرام نے مسجد حرام میں معذورافراد کے لیے کرائے پر وہیل چیئرکی فراہمی کی حمایت کی ہے تاہم انھوں نے زوردیا ہے کہ وہیل چیئرکرائے پرفراہم کرنے والے افراد لین کے تمام امور مسجد کے باہر طے کریں۔علما کاکہنا تھاکہ مسجد کی راہ داریوں پر بیٹھنا، کھانے پینے کی اشیا اندرلانا اورخواتین کا مردوں اور مردوں کا خواتین کے لیے مختص مقامات میں بیٹھنا بھی شرعا ممنوع ہے۔ خیال رہے کہ علمائے کرام نے مسجد حرام میں تصاویر بنوانے کو ایک ایسے وقت میں حرام قراردیا ہے جب عمرہ اور حج کے دوران عازمین اپنی تصاویراتارنے کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

گوگل نے کاغذ کی طرح پھاڑے جانے والے ڈسپلے پر کام شروع کردیا

گوگل نے کاغذ جیسے پتلے ڈسپلے پر کام شروع کردیا ہے جو توڑے اور الگ کیے جاسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل
سان فرانسسكو: گوگل نے ایسے ڈسپلے پر کام شروع کردیا ہے جو موبائل اور ٹی وی اسکرین کی طرح روشن رہیں گے لیکن انہیں مختلف حصوں میں کاٹا اور توڑا جاسکے گا۔
ایل جی اور سام سنگ جیسی کمپنیاں ایسے لچکدار ڈسپلے پر کام کررہی ہیں جنہیں موڑا یا لپیٹ کر جیب میں رکھا جاسکتا ہے لیکن اس سے ایک قدم آگے جاکر گوگل نے کاغذ کی طرح پھاڑے جانے والے اسکرین اور ڈسپلے پر کام شروع کردیا ہے جس کے لیے پیٹنٹ کی درخواست دے دی گئی ہے۔

ان ڈیجیٹل پوسٹر اور ڈسپلے کو عین اسی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے جس طرح سیاسی پوسٹر یا تلاشِ گمشدہ کے اعلانات چسپاں کیے جاتے ہیں۔ گوگل نے اکتوبر 2014 کو اس کے پیٹنٹ کی درخواست کی ہے اور اس کا نام ’ ٹیئرایبل ڈسپلے‘ رکھا گیا ہے جس کا مطلب ہے پھاڑے یا کترے جانے والے ڈسپلے۔
چند ماہ قبل ایل جی کمپنی نے لپیٹے جانے والے ایک ڈسپلے کو مارکیٹ میں پیش کیا ہے اس کے علاوہ کاغذ جتنی پتلی اسکرین بنانے کے لیے پوری دنیا میں کام ہورہا ہے۔

رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 77 روز کی توسیع کردی گئی، محکمہ داخلہ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی سمری پر دستخط کردیئے۔ فوٹو؛ فائل
 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری پر دستخط کردیئے جس کے تحت رینجرز اختیارات میں 77 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے رینجرز کے اختیارات میں متعلق سمری پر دستخط کردیئے جس کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع حاصل ہوگئی ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کےبعد رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں 77 روز کی توسیع ہوگئی ہے جب کہ یہ توسیع انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اختیارات میں توثیق کے لیے سمری وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں رینجرزکے خصوصی اختیارات میں توسیع کی مدت 3 مئی کو مکمل ہوگئی تھی۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates