برمودا تکون کی پراسراریت کی بنیادی وجہ

برمودا تکون کی پراسراریت کی بنیادی وجہ؟ ۔ فوٹو : فائل
کائنات بے شمار اسرار اور عجوبوں سے بھری پڑی ہے اور انسان راز ہائے قدرت کو بے نقاب کرنے کی سعی کررہا ہے۔ علوم بالخصوص سائنس سے کام لیتے ہوئے ابن آدم ابتدا سے لے کر اب تک کائنات کے ان گنت رازوں سے پردہ اٹھا چکا ہے۔
اس کے باوجود نہ جانے کتنی گتھیاں اس کی منتظر ہیں۔ اس وسیع و عریض کائنات میں انسان کی رسائی نظام شمسی کے چند ہی سیاروں تک ہوسکی ہے۔ نیز کرۂ ارض پر بھی کئی مظاہر اس کے لیے ہنوز معما ہیں۔ ان میں سے ایک برمودا تکون یا برمودا ٹرائی اینگل ہے۔ یہ دراصل مثلث نما سمندری علاقہ ہے جو برٹش اوورسیز ٹریٹری سے لے کر شمالی بحر اوقیانوس اور فلوریڈا کے ساحل سے لے کر پورٹوریکو کی بندرگاہ تک پھیلا ہوا ہے۔ برمودا مثلث کی پراسراریت کا سبب اس علاقے میں لاپتا ہوجانے والے ہوائی اور بحری جہاز ہیں۔
1945ء سے 1965 تک برمودا مثلث میں درجن سے زائد بحری اور ہوائی جہاز لاپتا ہوئے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ آج تک ان جہازوں کا کوئی ٹکڑا نہیں ملا اور نہ ہی ان میں سوار مسافروں کی کوئی نشانی دنیا کے سامنے آسکی۔
جہازوں اور ان کے بدقسمت مسافروں کو سمندر نگل گیا یا آسمان، سائنس داں اب تک نہیں جان سکے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ 1965ء کے بعد سے اب تک اس علاقے سے ان گنت جہاز صحیح سلامت گزر چکے ہیں۔
اب سائنس دانوں نے برمودا تکون میں جہازوں کے غائب ہونے کی وجہ جان لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ناروے کی آرکٹک یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے بحیرۂ اوقیانوس کی تہ میں وسیع و عریض گڑھے دریافت کیے ہیں۔ ان میں سے بعض نصف میل چوڑے اور 150 فٹ گہرے ہیں۔
ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ہوائی اور بحری جہازوں کے غائب ہونے کا راز ان گڑھوں میں پوشیدہ ہوسکتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ یہ گڑھے میتھین گیس کے ذخائر کی وجہ سے بنے ہیں۔ ناروے کا یہ ساحل قدرتی گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سمندر کی تہ کے نیچے میتھین گیس ذخیرہ ہوتی رہتی ہے، جب اسے اخراج کا راستہ نہ ملے تو وہ جگہ دھماکے سے پھٹ جاتی ہے اور تہ میں گڑھا پڑ جاتا ہے۔
یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے سطح زمین پر طاقت ور بم کے دھماکے کے نتیجے میں گڑھا پڑ جاتا ہے۔ سمندر کی تہ میں نصف میل چوڑے اور ڈیڑھ سو فٹ گہرے گڑھوں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں ہونے والے دھماکے ایٹم بم کے دھماکے جیسے ہوں گے۔
ان دھماکوں کے نتیجے میں سمندر اور اس سے اوپر فضا میں پیدا ہونے والا زبردست ارتعاش بڑے بڑے جہازوں کو بھی تنکے کی طرح بکھیر دینے کے لیے کافی ہوگا۔ گذشتہ برس ایک روسی سائنس داں نے بھی میتھین گیس کے تعاملات ہی کو جہازوں کے غائب ہونے کا سبب قرار دیا تھا۔ تاہم محققین کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق کے درست ہونے کی تصدیق برمودا مثلث میں کسی جہاز کے دوبارہ غائب ہونے کے واقعے کے بعد ہی ہوسکتی ہے۔

پانامہ لیکس کا دوسرا بم پھٹ گیا، عمران خان کے فنانسر اور علیم خان بھی آف شور کمپنیوں کے مالک

آف شور کمپنیوں کے ذریعے 12 کھرب ڈالر سے زائد سرمایا بیرون ممالک منتقل کیا گیا، رپورٹ۔ فوٹو؛ فائل
پاناما: دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے خفیہ اکاؤنٹس اور کمپنیوں سے متعلق دستاویزات شائع کر کے تہلکہ مچانے والی پاناما لیکس کا دوسرا ایڈیشن بھی منظر عام پر آ گیا ہے جس میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے فنانسر اور علیم خان سمیت سیکڑوں پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔
پاناما لیکس کی جانب سے جو نئی دستاویزات شائع کی گئی ہیں ان میں مزید 400 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، آئی سی آئی جے کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آف شور کمپنیوں کے ذریعے 12 کھرب ڈالر سے زائد سرمایہ بیرون ممالک منتقل کیا گیا جس میں سے زیادہ ترسرمایہ ابھرتی ہوئی معیشت والے ممالک میں منتقل کیا گیا۔ بیرون ملک سرمایہ بھیجنے والے ممالک میں چین، روس، ملائشیا، تھائی لینڈ، انگولا اور نائیجیریا بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے فنانسر اور قریبی دوست ذوالفقار عباس بخاری عرف زلفی 6 آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں جب کہ پی ٹی آئی رہنماعلیم خان کا نام بھی آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔
سابق وزیراعظم شوکت عزیزدور کے وزیر صحت نصیر خان کے بھائی ظفراللہ خان اور بیٹے محمد جبران کی بھی آف شورکمپنی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے تعلق رکھنے والے سیٹھ عابد کے بیٹے ساجد محمود ورجن آئی لینڈ میں کمپنی کے مالک نکلے، سیٹھ عابد کے خاندان کی 30 آف شورکمپنیاں منظرعام پر آئی ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے دوست عرفان اقبال بھی 3 آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں۔
پورٹ قاسم اتھارٹی کے سابق ایم ڈی عبدالستار ڈیروکی بھی غیرملکی کمپنیاں ہیں، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدرشوکت احمد کے نام کمپنی رجسٹرڈ، بیٹا اور بہو شیئر ہولڈرز میں شامل ہیں۔ آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی والدہ صباعبید بھی 3 غیر ملکی کمپنیاں رکھتی ہیں۔
ایڈمرل ریٹائرڈ مظفرحسین کے صاحبزادے اظہرحسین بھی ایک غیرملکی کمپنی میں شیئر ہولڈرہیں، پیپلزپارٹی کی سابق سینیٹر رخسانہ زبیری نے بھی غیرملکی کمپنی میں سرمایہ کاری کی جب کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے کزن طارق اسلام بھی آف شور کمپنی رکھنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ دوسری جانب ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رخسانہ ذبیری نے آف شور کمپنی میں اپنا نام شامل کرنے پر قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری کوئی آف شور کمپنی نہیں، تمام اثاثے اپنی رقم سے خریدے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاناما لیکس نے اپنے پہلے ایڈیشن میں آف شور کمپنیاں یا پھر خفیہ اکاؤنٹس رکھنے والے 250 پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی 10 لاکھ سے زائد شخصیات کے نام شائع کئے تھے، پانامالیکس کی پہلی قسط میں وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں کے نام سامنے آنے پر وزیراعظم نے معاملے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کے ٹی او آرز کو اپوزیشن جماعتوں نے مسترد کردیا تھا جب کہ بعض اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

برطانیہ میں باورچیوں کا کال؛ ریستوراں بند ہونے لگے

ریستوراں مالکان حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ باورچیوں کی طلب پوری کرنے کے لیے امیگریشن قوانین میں نرمی کی جائے:فوٹو : فائل
برطانیہ میں جنوبی ایشیائی باشندے لاکھوں کی تعداد میں آباد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی، بھارتی اور بنگلادیشی ثقافتیں، برطانوی ثقافت کا حصہ بن چکی ہیں۔ اس ادغام کی ایک جھلک دیسی کھانوں کی صورت میں مقامی ریستورانوں میں دیکھی جاسکتی ہے۔ جنوبی ایشیائی باشندوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر دیسی ریستورانوں کے علاوہ انگریز مالکان کے ریستورانوں میں بھی دیسی کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔ روایتی مسالے دار اور شوربے والے کھانے انگریز بھی شوق سے کھاتے ہیں۔ اور تو اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور ان کی اہلیہ بھی دیسی کھانوں کی شوقین ہیں۔
دیسی پکوانوں کی صنعت جسے کری انڈسٹری ( curry industry) کہا جاتا ہے، برطانوی معیشت کا اہم حصہ ہے۔ تین سال قبل اس صنعت کا حجم 4.2 ارب پاؤنڈ تھا اور اس وقت یہ صنعت ایک لاکھ افراد کو روزگار مہیا کررہی تھی۔ ان میں بڑی تعداد پاکستانی، ہندوستانی اور بنگلادیشی کھانے پکانے کے ماہر باورچیوں کی تھی۔
برطانیہ کی یہ اہم صنعت ان دنوں شدید مشکلات کا شکار ہے، کیوں کہ اسے ماہر باورچیوں ( شیف) کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔ باورچیوں کا کال پڑجانے کے باعث ڈیڑھ سال کے دوران 600 ریستوراں بند ہوچکے ہیں! 2013ء میں برٹش کری ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک میں ماہر باورچیوں کی ضرورت پوری کرنے کا وعدہ کیا تھا جو ہنوز وفا نہ ہوسکا۔ تین سال کے دوران ماہرباورچیوں کی ضرورت انتہا کو چُھونے لگی ہے اور یہ صنعت بحرانی صورت حال سے دوچار ہوچکی ہے۔
باورچیوں کی عدم دستیابی کا سبب امیگریشن کے قوانین ہیں جو بہ تدریج سخت ہوتے جارہے ہیں۔ امیگریشن قوانین کی یہ سختی ریستورانوں کو بھاری پڑ رہی ہے، جو ضرورت کے مطابق ماہر باورچی تلاش کرنے سے قاصر ہیں۔ کھانے پکانے کے ماہرین کی قلت کے باعث گذشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران چھے سو سے زائد ریستوراں بند ہوچکے ہیں اور مزید چار ہزار ریستورانوں کی بندش کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

بنگلادیشی ریستورانوں کے مالکان کی تنظیم کے صدر امام الدین نے مقامی روزنامے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ مڈلینڈز میں ہر ہفتے ایک یا دو ہندوستانی ریستوراں بند ہورہے ہیں۔ متعدد ریستوراں برائے فروخت ہیں مگر خریدار کوئی نہیں۔ سبب وہی ہے کہ جب کاری گر نہیں ہوں گے تو کاروبار کیسے چلے گا۔
ریستوراں مالکان حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ باورچیوں کی طلب پوری کرنے کے لیے امیگریشن قوانین میں نرمی کی جائے۔ برٹش کری ایوارڈز کے بانی انعام علی کی سربراہی میں ریستوراں مالکان نے وزیراعظم کو پچھتر صفحات پر مشتمل درخواست بھجوائی ہے جس میں کری انڈسٹری کو درپیش اس سنگین مسئلے کا حل پیش کیا گیا ہے۔
اس صورت حال میں برطانیہ میں مقیم باورچیوں کی چاندی ہوگئی ہے، اور اب وہ منھ مانگا معاوضہ طلب کررہے ہیں۔ دو برس قبل باورچیوں کا فی ہفتہ معاوضہ 350 سے 400 پاؤنڈ تھا جو اب 700 سے 800 پاؤنڈ تک پہنچ گیا ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری میں دستی بم حملہ، 14 افراد زخمی

زیادہ تر زخمیوں کو سر اور سینے میں زخم آئے ہیں جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے، طبی عملہ۔ فوٹو: فائل
 کراچی: لیاری میں دستی بم حملے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں لیاری کے علاقے سنگولین میں ایک ہوٹل کے قریب دستی بم حملے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔ ایس پی لیاری آفتاب نظامانی کا کہنا ہے کہ سنگولین میں کریکر حملہ لیاری گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ کے گھر کے عقب میں ہوا، 2 ملزمان کریکر لے کر بیٹھے تھے جو ان کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا، دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جہاں طبی عملے کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کو سر اور سینے میں چوٹیں آئی ہیں جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

عامر خان کو میکسیکن باکسرکنیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ شکست

کنیلوالواریز نے مجموعی طور پر 47 مقابلوں میں 33 بار حریفوں کو ناک کیا:فوٹو: رائٹرز
لاس ویگاس: میکسیکن باکسر کانیلو الواریز نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کو ڈبلیو بی سی مڈل ویٹ ٹائٹل کے میچ میں ناک آؤٹ شکست دے دی۔
امریکی شہرلاس ویگاس کے باکسنگ ارینا میں ہونے والے مقابلے میں کانیلو الواریز نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کو ڈبلیو بی سی مڈل ویٹ کے چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے ٹائٹل اپنے نام کر دیا۔ چھٹے راؤنڈ میں کانیلوالواریز نے جب ایک زوردار مکہ مار کر عامرخان کو رنگ میں گرا دیا اور ریفری نے مقابلہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے میکسیکن باکسر کو کامیاب قرار دے دیا۔
شکست کے بعد عامر خان کا کہنا تھا کہ چیمپین بننے کا عزم لے کر رنگ میں اترا تھا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔ الواریز نے بہت زبردست مقابلہ لڑا اور جیت گیا۔ دوسری جانب کانیلو الواریز کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ اپنے حریف باکسر کو مقابلہ ختم ہونے سے پہلے ہی ناک آؤٹ کرکے شائقین کو حیران کردوں اور آج بھی میں نے ایسا ہی کیا۔
واضح رہے کہ کنیلوالواریز نے مجموعی طور پر 47 مقابلوں میں 33 بار حریفوں کو ناک کیا جب کہ  کنیلوالواریز کو 47 مقابلوں میں صرف ایک مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اب بغیر پاس ورڈ کے حامل وائی فائی کنکشن کو بآسانی تلاش کریں

’’ایواسٹ وائی فائی فائنڈر‘‘ بغیر پاسورڈ والے وائی فائی کنکشن تلاش کرتی ہے جبکہ یہ ایپ بغیر انٹرنیٹ کے بھی چلتی ہے۔ فوٹو؛ فائل
جب تھری جی ڈیٹا پیک کی معیاد ختم ہو جائے یا فون میں کریڈٹ موجود نہ ہو تو انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے ہم فوراً کسی مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹ کی تلاش شروع کر دیتے ہیں مگر آپ کے قریب میں کس جگہ مفت انٹرنیٹ دستیاب ہو سکتا ہے یہ جاننا تھوڑا مشکل ہے کیونکہ فون لے کر اِدھر اُدھر گھومنا کوئی آسان کام نہیں لیکن اب اس مسئلے کا حل بھی تلاش کرلیا گیا ہے۔
اس مسئلے کا بہترین حل ایواسٹ وائی فائی فائنڈر کی صورت میں موجود ہے۔ یہ ایپلی کیشن بالکل منفرد انداز میں کام کرتی ہے۔ سب سے پہلے تو یہ آپ کے مقام کا جائزہ لیتی ہے اس کے بعد یہ اپنے ڈیٹا بیس سے رابطہ کر کے آپ کے علاقے میں بغیر پاس ورڈ کے دستیاب وائی فائی کنکشنز کے بارے میں پتا کرتی ہے۔ دراصل اس ایپلی کیشن میں دنیا بھر کے مفت وائی فائی کنکشنز چاہے وہ کسی ہوٹل میں ہو یا کسی دوسرے عوامی مقام پر کو ایک جگہ جمع کیا جا رہا ہے۔ تاکہ آپ جہاں بھی ہوں یہ آپ کے علاقے میں مفت دستیاب وائی فائی کنکشن کی نشاندہی کر سکے۔ اس کے علاوہ یہ آپ کے موجودہ مقام کو شناخت کرنے کے لیے جی پی ایس سیٹلائٹس کو استعمال کرتی ہے یعنی اگر آپ کے پاس انٹرنیٹ نہ بھی چل رہا ہو تو یہ ایپلی کیشن کام کر سکتی ہے۔
اگر آپ بغیر پاس ورڈ کے وائی فائی کنکشنز کو تلاش کرنے کی زحمت بھی نہیں کرنا چاہتے تو اس میں ایزی کنیکٹ کا آپشن بھی دستیاب ہے جو ہر وقت بغیر پاس ورڈ کے وائی فائی کنکشنز کی تلاش میں رہتا ہے اور جیسے ہی کوئی نیٹ ورک دستیاب ہو خود بخود اس سے جڑ جاتا ہے۔
اچانک کہیں آپ کے فون میں کریڈٹ ختم ہو جائے یا پھر نیٹ ورک ہی نہ آرہا ہو تو ایسی صورت میں یہ ایپلی کیشن آپ کو آن لائن آنے میں بھرپور مدد دے سکتی ہے۔ اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے  ایپلی کیشن مفت دستیاب ہے۔

بھارتی اداکارہ ملیکا شراوت نے فرانسیسی بزنس مین سے شادی کرلی

بالی ووڈ ادکارہ کی یہ دوسری شادی ہے جس کی تقریب فرانس میں ہوئی۔
ممبئی: بالی ووڈ میں اپنے بے باک مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے مشہور اداکارہ ملیکا شراوت نے اپنے قریبی دوست اور فرانسیسی بزنس مین سائرل آکزین فینس سے دوسری شادی کرلی۔
بھارتی فلم نگری میں رواں سال بڑے بڑے اداکار شادی کے بندھن میں بندھے ہیں جس کے باعث بڑی عمر کی اداکاراؤں کی شادی کا سیزن کہا جارہا ہے جب کہ اداکارہ پریتی زنٹا کے بعد ایک اور اداکارہ نے غیر ملکی سے شادی کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شراوت نے اپنی قریبی دوست اور فرانسیسی بزنس ٹائیکون سائل آکزین فینس سے طویل معاشقے کے بعد شادی کرلی ہے جس کے بعد یہ اداکارہ کی دوسری شادی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملیکا شراوت کی شادی کی تقریب فرانس میں ہوئی جس میں ان کے قریبی دوست احباب نے شرکت کی۔
دوسری جانب اداکارہ کے والد نے بھی شادی کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی شادی کی بڑی تقریب جلد ہی ممبئی میں منعقد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اداکارہ ملیکا شراوت نے فلم نگری میں قدم رکھنے سے پہلے بھی شادی کی تھی جو کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates