حکومتی صفوں میں مایوسی اور شکست دیکھی جاسکتی ہے، اعتزاز احسن

وزیراعظم اپوزیشن کے 7 سوالا ت کے جواب لے کر آئیں اگر جواب نہیں ملا تو اجلاس بے معنی ہوگا،متحدہ اپوزیشن. فوٹو:فائل
 اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے چوتھے روز بھی نہ ہوسکا جب کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومتی صفوں میں مایوسی اور شکست دیکھی جاسکتی ہے۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کے باعث ایک مرتبہ پھر کورم پورا نہ ہوسکا جس کے بعد اجلاس پیر تک کے لئے ملتوی کردیا گیا جس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حکومت قومی اسمبلی کا کورم پورا نہیں کرسکی اور اب سینئر وزرا بھی ایوان میں نہیں آرہے اور دیکھا جاسکتا ہے کہ حکومتی وزیر بھی وزیراعظم کا دفاع کرنے کو تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی صفوں میں مایوسی اور شکست دیکھی جاسکتی ہے، پاناما لیکس کے معاملے پر سینئر وزیر بھی خاموش ہیں اور کوئی وزیراعظم کا دفاع کرنے کو تیار نہیں، آج چوتھا دن ہے حکومت قومی اسمبلی میں کورم پورا نہیں کرپارہی اور آج بھی ہمیں سخت مایوسی ہوئی اورایوان سے واک آؤٹ کیا۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیرکو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئی حکمت عملی تیار کی جائے گی، چاہتے ہیں کہ پیر کو وزیراعظم اپوزیشن کے 7 سوالا ت کے جواب لے کر آئیں اگر جواب نہیں ملا تو اجلاس بے معنی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پہاڑا پڑھایا جارہا ہے کہ انہیں ایوان میں کیا بولنا ہے، جس طرح بچوں کو مائیں سبق یاد کراتی ہیں اس طرح وزیراعظم کو تقریر یاد کرائی جارہی ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ سونے سے پہلے تین بار اپنی تقریر پڑھ لیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے آداب کا علم ہی نہیں جب کہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی پابندی سے ایوان میں آتے تھے جب کہ حکومتی وزرا بھی ایوان کو اہمیت نہیں دیتے۔ وزیرقانون پنجاب سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ جس دن رانا ثناللہ کو سنجیدہ لے لیا تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

رواں سال ایرانی شہری حج کے لئے سعودی عرب نہیں جاسکیں گے

ایرانی شہریوں کے حج نہ کرنے کی ذمے داری سعودی عرب پر عائد ہوتی ہے،ایرانی وزیرخارجہ۔ فوٹو: فائل
تہران: ایران  کے وزیرثقافت علی جنتی نے کہا کہ  سعودی عرب سے حج کے دوران ایرانی شہریوں کے انتظامات کے حوالے سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ 
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کے وزیر برائے ثقافت اور اسلامی رہنمائی علی جنتی نے کہا کہ  طویل مذاکرات کے بعد بھی سعودی حکام نے ایرانی شہریوں کے ویزے، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی مسائل کو حل کرنے کی تجاویز ماننے سے انکار کردیا جب کہ  ایرانی وزیرِ خارجہ حسین جبری انصاری نے بھی مذاکرات کی ناکامی کا الزام سعودی عرب پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ایرانی شہریوں کے  حج نہ کرنے کی ذمے داری سعودی عرب پر عائد ہوتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے اس حوالے سے نہ تو  کسی بھی قسم کے ردعمل کا اظہارکیا  اورنہ ہی سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے  جنوری میں اہم شیعہ عالم شیخ النمر کو سزائے موت دی تھی جس پر سعودی حکام کا کہنا تھا شیخ النمر ملک میں فرقہ واریت اور تشدد کو فروغ دے رہے تھے۔ شیعہ عالم دین کی پھانسی کے بعد  ایران میں مظاہرین نے سعودی سفارت خانہ جلادیا تھا جس کے بعد ایران اورسعودی عرب  کے  تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے جب کہ  دونوں ممالک نے تہران اورریاض میں تعینات اپنے اپنے سفیر بھی واپس بلالئے تھے، شام اوریمن کی صورت حال پر بھی دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس حج کے دوران منیٰ میں حادثے کے دوران سیکڑوں عازمین حج جاں بحق ہوگئے تھے جس مٰں 460 سے زائد ایرانی عازمین بھی شامل تھے جب کہ مکہ مکرمہ میں بھی تعمیراتی کام کے دوران کرین گرنے سے 100 سے زائد عازمین جاں بحق ہوئے تھے جس کی ذمہ داری ایران نے سعودی عرب پر عائد کی تھی۔ ایران کا کہنا تھا سعودی عرب کے ناقص انتظام کے باعث یہ حادثہ پیش آیا اور حج انتظامات ایک آزاد انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ ایسے سانحات سے بچا جاسکے۔

پشاور کے حلقہ پی کے 8 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدار ارباب وسیم کامیاب، غیر حتمی نتیجہ

مسلم لیگ (ن) کے ارباب وسیم نے 11 ہزار سے زائد ووٹ لیے۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج، فوٹو؛ فائل
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 8 پر مسلم (ن) کے امیدوار ارباب وسیم نے میدان مار لیا۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پشاور کے حلقہ پی کے 8 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدار ارباب وسیم کامیاب ہوگئے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارباب وسیم نے 11 ہزار 781 ووٹ لیے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک طہماش 10 ہزار 789 ووٹ لے کر دوسرے جب کہ تحریک انصاف کے شہزاد خان 9 ہزار 9347 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

پاناما لیکس؛ وزیراعظم پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کریں گے

اپوزیشن نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے جمعہ کو ایوان میں آنے کا مطالبہ کیا تھا۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف پاناما لیکس کے معاملے پر پیر کے روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیكر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق وزیراعظم كے قومی اسمبلی میں پاناما لیكس كے حوالے سے پالیسی دینے آنے پر حكومت اور اپوزیشن سے ہنگامہ نہ كرانے كی یقین دہانی لینے میں كامیاب ہوگئے۔ اسپیكر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے كہا ہے كہ وزیراعظم نوازشریف جمعہ كی بجائے پیر كو قومی اسمبلی میں پاناما لیكس پر پالیسی بیان دیں گے، حكومت اور اپوزیشن دونوں  نے یقین دلایا ہے كہ كارروائی كو مفاہمتی انداز میں  چلانے میں مكمل تعاون كریں گے۔
ایاز صادق نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں بتایا کہ میں وزیراعظم كی موجودگی میں ایوان كی كارروائی خوشگوار ماحول میں چلانا چاہتا ہوں اور اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم كے خطاب كے دوران ماحول خراب نہ كرنے كی یقین دہانی كرادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حكومتی وزرا سے بھی مشاورت كی ہی تاكہ كارروائی پرامن انداز میں مكمل ہو۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے رابطہ کیا اور انہیں وزیراعظم کے پیر کے روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جمعہ کے روز وقت کی کمی کے باعث پیر کا دن مقرر کرنے کی رائے دی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے اظہار خیال کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی اظہار خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے لیے 7 سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کررکھا ہے جب کہ اپوزیشن نے اس سوالنامے پر جواب کے لیے وزیراعظم کے جمعہ کو ایوان میں آنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان کی فوجی امداد سے متعلق کانگریس اراکین کو تحفظات ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

پاکستان کی فوجی امداد کے بارے میں سوالات کا جواب اراکین کانگریس ہی دے سکتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ. فوٹو: فائل
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فوجی امداد دینے سے متعلق کانگریس کے اراکین کو تحفظات ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان واضح طور پر کہہ چکا ہے وہ کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرے گا لیکن اس کے باوجود اسلام آباد کو فوجی امداد دینے سے متعلق کانگریس کے اراکین کو تحفظات ہیں اور پاکستان کی فوجی امداد کے بارے میں سوالات کا جواب اراکین کانگریس ہی دے سکتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون کے لئے کانگریس سے مل کر کام کرتے رہیں گے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے اپنے اتحادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی پراپیگنڈے کے باعث امریکی کانگریس نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے حوالے سے پوری رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے دی جانے والی امداد میں کٹوتی کا بھی مطالبہ کیا۔

افغانستان میں مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ڈالی جا سکتی، جلیل عباس جیلانی

امریکی اخبار نے پاک افغان تعلقات پر جانبدارانہ رائے دی، بہتر ہوتا کہ امریکی اخبار افغان مہاجرین اور سرحدی امور پر بات کرتا، جلیل عباس۔ فوٹو: فائل
واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے نیویارک ٹائمز کی جانب سے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ڈالی جا سکتی۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں پاکستان کے خلاف چھپنے والے اداریے پر سخت درعمل کا اظہار کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے امریکی اخبار کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ افغانستان میں امن چاہتے ہیں اور افغانستان کی غیر مستحکم صورتحال سے فائدہ نہیں اٹھا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  امریکی اخبار نے پاک افغان تعلقات پر جانبدارانہ رائے دی، بہتر ہوتا کہ امریکی اخبار افغان مہاجرین اور سرحدی امور پر بات کرتا۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں پاکستان پر ڈبل گیم اور دہشت گردوں کی مدد کے الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں جنگ طویل ہونے کی وجہ پاکستان کو قرار دیا تھا۔

نیاخیبرپختونخوا بنانے کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کوعوام نے رد کردیا، وزیراعظم

ن لیگی امیدوارکی کامیابی عوام دوست پالیسیوں پرکھلے اعتماد کا اظہار ہے، نواز شریف:فوٹو:فائل
 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پشاور سے لیگی امیدوارکی کامیابی عوام دوست پالیسیوں پر کھلے اعتماد کا اظہار ہے جب کہ نیا خیبر پختونخوا بنانے کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کو عوام نے رد کردیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے پشاورمیں ضمنی الیکشن میں کامیاب ارباب وسیم حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پشاورکے باشعورعوام نے منفی سیاست کومسترد کردیا، (ن) لیگی امیدوارکی کامیابی عوام دوست پالیسیوں پرکھلے اعتماد کا اظہارہے جب کہ عوام نے ترقی کے ایجنڈے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواکوترقی یافتہ اورپرامن صوبہ بنا کردم لیں گے، امید ہے ارباب وسیم عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کریں گے،نیاخیبرپختونخوا بنانے کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کوعوام نے رد کردیا۔
واضح رہے کہ غیرحتمی وغیرسرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 8 پرووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوارارباب وسیم نے میدان مارلیا۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates