آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے محمد عامر کے دورہ انگلینڈ کی حمایت کردی

عامر انگلینڈ کا دورے کرتے ہیں تو انگلش ٹیم کے کپتان السٹرک کک کو بال کراتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوگی،ڈیوڈ رچرڈسن. فوٹو:فائل
لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی کھیلوں کے لئے بہتر ہے اور انہیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ محمد عامر کا ایک مرتبہ پھر کرکٹ میں واپس آنا خوش آئند ہے اور انہیں انگلش ٹیم کے خلاف کھیلنے کا ضرور موقع ملنا چاہیئے یہ کھیلوں کے لئے بھی بہتر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف کھیلنا عامر کے لئے حیران کن ہوگا، ماضی میں فاسٹ بولر نے جو کیا اس سے سبق سیکھنا چاہیئے جب کہ وہ آمادگی ظاہر کرچکے ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے مثال بنیں گے۔
آئی سی سی کے چیف کا کہنا تھا کہ اگر محمد عامر انگلینڈ کا دورے کرتے ہیں تو انگلش ٹیم کے کپتان السٹرک کک کو بال کراتے ہوئے انہیں دیکھ کرخوشی ہوگی، میرے خیال میں اگر آپ کوئی غلطی کرتے ہیں تو اس کی فوری سزا ملنی چاہیئے جسے بھگتنے کے بعد وہ غلطی آپ پھر کبھی نہ کریں۔

بھارت پاکستان کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کےلئے دہشت گردوں کی مدد کرتاہے، پاکستان

بھارت کو الزام تراشی کے بجائے تنازعات کے حل کے لئے مثبت انداز میں مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے، ترجمان دفترخارجہ : فوٹو : فائل
 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کےلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتاہے۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان تمام آزاد ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے لیکن بھارت پاکستان کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کےلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتاہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را  کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اورکلبھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی پاکستان میں مداخلت ثابت ہوچکی ہے۔  کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان میں متعدد خفیہ آپریشن کئے اور اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں ملوث رہا ہے۔
نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کرنے کے لئے ہر دم تیار ہے اور جموں کشمیر سمیت تمام تنازعات پر پرامن ماحول میں بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت کو الزام تراشی کے بجائے مثبت انداز میں مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے۔
افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برس میں افغانستان میں طاقت کے استعمال کے باوجود امن قائم نہ ہوسکا بلکہ مسائل میں مزید اضافہ ہوا، چار ملکی کور گروپ اپنی جگہ موجود ہے اور پاکستان بھی اس گروپ میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا اور امن کے قیام کےلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے لیکن افغانستان میں امن کے قیام کے لئے افغان طالبان گروپس کا بھی میز پر آنا ضروری ہے۔

ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے ٹی اوآرکمیٹی کا اجلاس ہفتے کو طلب کرلیا، اسپیکر قومی اسمبلی

آئین میں نائب وزیراعظم کی کوئی گنجائش نہیں ہے، سردار ایاز صادق فوٹو: فائل
 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاناما لیکس معاملے کی تحقیقات کے لیے ٹی او آر کمیٹی میں ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے ہفتے کو کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے.
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ٹی اوآرزپرحکومتی کمیٹی اپوزیشن اوراپوزیشن حکومتی کمیٹی پر الزام لگاتی ہے۔ اس سلسلے میں پیدا ہونے والے ڈیڈ کو ختم کرنےکے لیے انہوں نے ہفتے کے روز کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
قائم وزیراعظم کے سوال پراسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ اسپیکرکی حیثیت سے قومی اسمبلی کو ہمیشہ غیر جانبداری سے چلاتے ہیں لیکن ان کے لیڈر نوازشریف ہی ہیں، نئے وزیراعظم کی ضرورت نہیں، ان کی خواہش ہے کہ نواز شریف ہی وزیراعظم رہیں، پارٹی میں بھی وزیراعظم نوازشریف کا متبادل لانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں نائب وزیراعظم کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور میں چوہدری پرویز الہیٰ کو ایک انتظامی حکم کے ذریعے یہ عہدہ دیا گیا تھا۔ ایازصادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں موجود 69 خواتین اورایک شیخ رشید کوسنبھالنا بہت مشکل ہے، شیخ رشید تو ہمیشہ ہی روتے رہیں گے، وہ جتنا چیخیں انہیں قانون کے مطابق ہی وقت ملے گا۔
عمران خان کا نام لیے بغیران کی ذہنی صحت پرتنقید کرتے ہوئے اسپیکر کا کہنا تھاکہ انہوں نے زمانہ طالب علمی میں ایک دوست سیاستدان کو کھیلتے ہوئے ہاکی ماردی تھی، ہاکی تو ان کے گال پرلگی تھی لیکن اس کا اثر کہیں اور ہوگیا۔

گجرات فسادات کا فیصلہ، 24 انتہا پسند مسلمانوں کے قتل کے مجرم قرار

تمام 24 مجرموں کو سزا 6 جون کو سنائی جائے گی جس میں وشوا ہندو پرشوت کے رہنما اتل ویدا بھی شامل ہیں۔ فوٹو:فائل
احمد آباد: گجرات فسادات مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے معصوم مسلمان شہریوں کے قتل میں ملوث 66 میں سے 24 افراد کو قتل کا مجرم قرار دے دیا جب کہ دیگر ملزمان کو بری کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات فسادات کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے مختصر فیصلے میں 60 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث 66 میں سے 24 افراد کو قتل کا مجرم قرار دے دیا جب کہ عدالت نے 11 افراد کو قتل کا براہ راست مجرم  اور دیگر 13 کو ان کا معاون قرار دیا ہے۔ خصوصی عدالت کے جج بی پی دیسائی نے انتہائی سخت سیکیورٹی میں گجرات فسادات مقدمے کا مختصر فیصلہ سنایا تاہم تمام 24 مجرموں کو سزا 6 جون کو سنائی جائے گی جس میں وشوا ہندو پرشوت کے رہنما اتل ویدا بھی شامل ہیں۔
خصوصی عدالت نے ستمبر 2015 میں ٹرائل مکمل کرلیا تھا جب کہ سپریم کورٹ نے ہدایت جاری کی تھی کہ فیصلہ 31 مئی تک سنا دیا جائے تاہم آج خصوصی عدالت کی جانب سے مختصر فیصلہ سنایا گیا ہے۔ سماعت کے دوران وشوا ہندو پرشوت کے کئی رہنما عدالت کی جانب سے قرار دیئے گئے مجرموں کی حمایت کے لئے عدالتی احاطے میں موجود رہے اور عدالتی فیصلہ آنے کے بعد غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالت کا فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
کیس کی تفتیش کے دورن 338 عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے جب کہ 66 افراد کو ملزم قرار دیا گیا جس میں سے 5 افراد ٹرائل کے دوران ہی ہلاک ہوگئے۔ ہندو انتہا پسندوں کا نشانہ بننے والے کانگریس رہنما احسان جعفری کی بیوہ زکیہ جعفری نے موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی فسادات کا ملزم قرار دیا تھا جنہیں بعدازاں مقدمے سے بری کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران احمد آباد میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی گلبرگ سوسائٹی پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں کانگریس کے پارلیمانی رکن احسان جعفری سمیت 69 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

کراچی میں حلیمہ قتل کیس میں اہم پیش رفت، ملزم کی اہلیہ گرفتار

پولیس نے حلیمہ کی لاش مانسہرہ سے آئےمحمد عمر کے حوالے کرنےکی اجازت دے دی ہے، فوٹو:فائل
 کراچی: کراچی میں حلیمہ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے دہلی کالونی سےملنےوالی لاش کو ننھے عبداللہ کی ماں تسلیم کرلیا ہے۔
گزشتہ ماہ 25 تاریخ سے شروع ہونے والی کہانی میں نیا موڑ آگیا اور پولیس نے دہلی کالونی سے ملنی والی لاش کو حلیمہ تسلیم کرلیا جو مانسہرہ کی رہائشی ہے جب کہ پولیس نے حلیمہ کے قتل میں نامزد ملزم رضوان کی اہلیہ سونیا کوحراست میں لے لیا ہے اور پولیس کوامید ہے کہ رضوان بھی جلد ہاتھ لگ جائے گا۔ یہ وہی رضوان ہے جس نے حلیمہ کو مبینہ طورپرٹھکانے لگانے کے بعد معصوم عبداللہ کو ایدھی ہوم کے حوالے کیا تھا۔
دوسری جانب ایدھی ہوم میں معصوم حرکتوں میں مگن ننھےعبداللہ کو پتہ ہی نہیں کہ اُس پرکون سی قیامت گزرچکی ہے، باپ گھر چھوڑ گیا جب کہ ماں کسی کے ظلم کی بھینٹ چڑھ گئی جب کہ پولیس نے دہلی کالونی سے ملنے والی خاتون کی لاش کو ننھے عبداللہ کی ماں حلیمہ تسلیم کرتے ہوئے مقدمے کا اندراج کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جب حلیمہ کواس کا شوہراقبال چھوڑ کر چلا گیا تھا تب رضوان نے ہی حلیمہ کو دہلی کالونی میں کرائے کا مکان دلایا تھا اوربعدازاں یہی مکان حلیمہ کا مقتل بنا۔ پولیس نے حلیمہ کی لاش مانسہرہ سے آئے محمد عمر کے حوالے کرنے کی اجازت دے دی مگرابھی اِس کیس کے کئی پہلوؤں سے پردہ اٹھنا باقی ہے کہ کیا رضوان نے ہی حلیمہ بی بی کوقتل کیا ہے۔ اگرایسا ہوا ہے تو قتل کی وجہ کیا تھی اور رضوان نے ننھے عبداللہ کو ایدھی سینٹر میں کیوں چھوڑا اورساتھ ہی ساتھ ایدھی ہوم میں اپنا شناختی کارڈ جمع کرا کے خود ہی پولیس کوثبوت کیوں دے گیا۔

ٹیکس کی عدم ادائیگی پر فیس بک اور گوگل کو پنجاب حکومت کا نوٹس

فیس بک اور گوگل نے 2013 سے پنجاب حکومت کو مقامی کمپنیوں کی تشہیر کی مد میں ہونے والی آمدن پر ٹیکس ادا نہیں کیا۔ فائل فوٹو
 لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اور دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن کی مالک کمپنی گوگل کو پنجاب  ایڈورٹائزمنٹ سروسز پر عائد سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نوٹسز جاری کیے ہیں۔ 
پنجاب حکومت نے 2013 میں آن لائن ایڈورٹائزنگ پر 16 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا تھا لیکن گزشتہ 3 برسوں کے دوران  فیس بک اور گوگل نے اشتہارات کی مد سے اربوں روپے تو کمائے ہیں لیکن نا تو ان دونوں ویب سائیٹس نے ملکی قوانین کے تحت اب تک سیلز ٹیکس رجسٹریشن حاصل کی ہے اور نا ہی سیلز ٹیکس ادا کیا ہے۔
سیلز ٹیکس کی وصولی کے لئے پنجاب ریونیو اتھارٹی نے فیس بک کے مالک مارک زکربرگ کو امریکا میں قانونی نوٹس بھیجا ہے جب کہ گوگل کے نام نوٹس لاہور میں قائم  ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں واقع مقامی دفتر کو جاری کیا گیا ہے۔ پی اے آر نے دونوں کمپنیوں کو سیلز ٹیکس نیٹ میں آنے کے لیے 7 روز کی مہلت ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر وہ سیلز ٹیکس نیٹ میں نہ آئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی.

نیب کو ڈاکٹرعاصم اور ڈی ایچ اے سٹی کے معاملے پر دباؤ کا سامنا ہے، چیئرمین نیب

پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے میں رخنہ ڈالنے والوں کو معاف نہیں کیا جائےگا، چیئرمین نیب فوٹو: فائل
 اسلام آباد: چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم اور ڈی ایچ اے سٹی سے متعلق تحقیقات کی وجہ سے قومی احتساب بیورو پر دباؤ ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے قمر زمان چوہدری نے کہا کہ وہ یہ واضح کرتے ہیں کہ نیب کسی کو ہراساں نہیں کررہی بلکہ صرف اپنی ذمہ داریاں نبھارہی ہے، ڈاکٹر عاصم ہوں یا ڈی ایچ اے کا معاملہ نیب پر دباؤ ہے لیکن ہمیں کرپشن کو آہنی ہاتھوں سے روکنا ہوگا، چھوٹی چھوٹی بدعنوانیاں بڑا بوجھ بن جاتی ہے، کرپشن کی وجہ سے اسکول اور اسپتال نہیں بن پاتے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنےحصے کی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھانی ہیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے میں رخنہ ڈالنے والوں کو معاف نہیں کیا جائےگا،سی پیک کے معاملے میں کرپشن برداشت نہیں کی جائےگی، اس کی شفافیت کے لئے چین بھی کام کررہا ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates