جانیے! کیا گوگل ہماری باتیں بھی ریکارڈ کرتا ہے

گوگل وائس سرچ کے ذریعے کی گئی تمام تلاش کی تاریخ اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے۔
امریکا: فیس بک کی طرح گوگل بھی ہماری باتیں نہ صرف سنتا ہے بلکہ انہیں محفوظ بھی رکھتا ہے اور آپ چاہیں تو اپنی ریکارڈ شدہ ساری باتیں سن بھی سکتے ہیں۔
چند دن پہلے ایک امریکی پروفیسر نے فیس بک کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا کہ فیس بک ایپلی کیشن ہماری باتیں سن کر ہماری دلچسپی کے حوالے سے اشتہارات دکھاتی ہے۔ اب گوگل کے بارے میں بھی یہی اطلاعات ہیں کہ گوگل ہماری باتیں سنتا ہے۔
یہ بات تو یقینی ہے کہ گوگل وائس سرچ کے ذریعے کی گئی تمام تلاش کی تاریخ اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے۔ مثلاً جب آپ گوگل پر بول کر تلاش کرتے ہیں تو آپ کی دی گئی کمانڈ گوگل کے پاس محفوظ رہتی ہے۔ یہ ریکارڈ نہ صرف آپ دیکھ اور سن سکتے ہیں بلکہ حذف بھی کر سکتے ہیں۔ اپنی وائس سرچ کی مکمل ہسٹری دیکھنے کے لیے درج ذیل ربط پر جائیں:
history.google.com/history/audio
دراصل گوگل کا مقصد اس کے ذریعے مختلف لہجوں میں بولے گئے الفاظ کو سمجھنے کی تکنیک کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ جب آپ گوگل پر تلاش کریں تو گوگل آپ کی بات سمجھ کر درست نتائج دکھا سکے۔ اچھی بات یہ ہے کہ گوگل ریکارڈ شدہ تمام تفصیلات تک صارفین کو رسائی دیتا ہے تاکہ وہ انہیں دوبارہ ملاحظہ کرسکیں اور چاہیں تو حذف بھی کرسکتے ہیں۔
تعجب کی بات یہ ہے کہ یہ فیچر گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا لیکن زیادہ تر صارفین اس بے خبر تھے یہی وجہ ہے کہ اگر فون کو ’’اوکے گوگل‘‘ کہہ کر ہدایات دیتے رہتے ہیں تو آپ کی لمبی چوڑی ہسٹری موجود ہو گی۔ اگر آپ یہ ریکارڈ رکھنا پسند نہیں کرتے تو گوگل ورچوئل اسسٹنٹ کو استعمال نہ کریں اور نہ ہی گوگل پر بول کر کچھ تلاش کریں۔

لاہور، اسلام آباد سمیت ملکی بالائی علاقوں میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر،خیبرپختونخوا کےچندایک مقامات اورکوئٹہ و ژوب ڈویژن میں بارش کا امکان،محکمہ موسمیات. فوٹو:فائل
 اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات یا اور کل اسلام آباد سمیت ملکی بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور مٹی کے طوفان کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان اور بنوں ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں بھی بارش اور مٹی کے طوفان کی پیشگوئی ہے۔
اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور یہ سلسلہ جمعہ کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملکی بالائی علاقوں کے علاوہ دیگر حصوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات و واقعات کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 10 فیصد اضافے کی تجویززیر غور ہے، ذرائع، فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ساڑھے 4 ہزار ارب روپے كے لگ بھگ مالیت كا وفاقی بجٹ آج پارلیمنٹ میں  پیش كریں گے۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال 17-2016 کے لیے ساڑھے 4 ہزار ارب روپے کے لگ بھگ مالیت كے حجم پر مشتمل وفاقی بجٹ آج شام پارلیمنٹ میں  پیش كریں گے۔ آئندہ مالی سال كے وفاقی بجٹ میں ماضی كے 10،10 فیصد كے 2 ایڈہاك ریلیف تنخواہوں میں شامل كركے سركاری ملازمین كی تنخواہوں میں 5 سے 10 فیصد اضافہ كرنے كی تجویزدی گئی ہے جس كے بعد نظر ثانی شدہ پے اسكیلز جاری كیے جائیں گے، اس كے علاوہ میڈیكل الاؤنس اور كنوینس الاؤنس میں بھی اضافے كی تجویزہے جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ ذرائع كے مطابق بجٹ كے مجوزہ مسودے میں دیئے گئے اعداد و شمار كے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے دفاعی بجٹ 860 ارب روپے جب کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3 ہزار620 ارب اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم ایک ہزار 675 ارب روپے رکھا گیا ہے جس میں سے وفاقی پی ایس ڈی پی كا حجم 800 ارب روپے كے لگ بھگ ہوگا۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیكس وصولیوں  كا ہدف 3620 ارب روپے مقرر كرنے كی تجویز دی گئی ہے ، بجٹ میں قرضوں پر سود كی ادائیگی كے لئے 1354 ارب روپے، پنشن كی ادائیگی كے لئے 245 ارب روپے، وفاقی حكومت كے سروس ڈلیوری كے اخراجات كے لئے 348 ارب روپے، سبسڈیز كیلئے 169 ارب روپے، صوبوں  كو گرانٹس كی ادائیگی كے لئے 40 ارب روپے اور دیگر گرانٹس كی مد میں 54 ارب روپے مختص كرنے كی تجویز زیرغورہے۔
بجٹ میں 250 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز ہے، اسٹیشنری، سیمنٹ، سگریٹ، مشروبات، میپ اپ کے سامان، پینٹش وارنش، انجم آئل، گیئرآئل، ایئرکنڈیشنر، ڈبے کے دودھ اور پولٹری فیڈ پر بھی ٹیکس لگانے کی تجویز زیرغور ہے جب کہ گاڑیوں کی لیزنگ پر 2 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس، کمرشل صارفین کے لئے بجلی پر ٹیکس 10 سے بڑھا کر 12 فیصد اور مالدار لوگوں پر سپر ٹیکس جاری رکھنے کی تجویز ہے۔ لینڈ ڈویلپرز اور بلڈرز پر 33 روپے فی مربع فٹ ٹیکس، شادی ہالوں پر حجم کے مطابق ٹیکس، اسٹاک ایکسچینج ممبران کے کمیشن پر ٹیکس 0.01 سے 0.02 فیصد ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے جب کہ اکانومی کلاس کے فضائی ٹکٹ پر 3 ہزار روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
بجٹ میں یوریا کھاد کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے جب کہ کپاس اور چاول کے چھوٹے کاشتکاروں کو زر تلافی دینے کی تجویز ہے، کسانوں کو سولر پمپس کی فراہمی  کے لئے بجٹ مختص کیا جائے گا۔ زرعی ادویات، خام مال اور پلاسٹک مصنوعات سستی کئے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کے پہلے سائنسدان پروفیسر محمد اسماعیل اقوام متحدہ کی لائف گرانٹ کیلیے منتخب

ڈاکٹر محمد اسماعیل کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے جنہیں زرعی ادویہ پر قابلِ قدر تحقیق پر یہ گرانٹ دی جارہی ہے۔ فوٹو؛ فائل
نیویارک: گلگت بلتستان کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کو یونیسکو کی گرین کیمسٹری آف لائف گرانٹ 2016 کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شعبہ کیمسٹری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد اسماعیل پہلے پاکستانی سائنسدان ہیں جنہیں اس گرانٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ اس سال دنیا بھر سے منتخب صرف 6 سائنسدانوں کو یہ گرانٹ دی جارہی ہے جو یونیسکو کی جانب سے غیرمعمولی صلاحیت دکھانے والے نوجوان ماہر کو عطا کی جاتی ہے جب کہ ڈاکٹر اسماعیل کو کیڑے مار زرعی ادویہ پر قابلِ قدر تحقیق پر یہ گرانٹ دی جارہی ہے۔
ڈاکٹر اسماعیل اس سال کے لیے ان 6 ماہرین میں سے ایک ہیں جو گرین کیمسٹری گرانٹ کے لیے منتخب ہوئے ہیں جس میں کیمیا کی بین الاقوامی تنظیم ( آئی یو پی اے سی) اور روسی کمپنی فاس ایگرو کا تعاون بھی حاصل ہے۔ اس کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی ایک جیوری نے ان کے تحقیقی منصوبے کا غور سے جائزہ لیا اور انہیں گرانٹ کے لیے منتخب  کیا ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل نے 2010 میں اپنا پی ایچ ڈی مکمل کیا تھا۔
ڈاکٹر اسماعیل کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع نگر سے ہے، انہوں نے فصلوں کے لیے انتہائی نقصان دہ کیڑے مار دواؤں اور کیمیکل کے متبادل طریقوں پر اہم کام کیا، ان کے طریقے سے ایک طرف زراعت محفوظ رہتی ہے تو دوسری جانب ماحول میں مضر کیمیکل شامل نہیں ہوتے اور اس کے انسانی زندگی پر بھی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو میں ڈاکٹر اسماعیل نے اپنی تحقیق کے بارے میں بتایا کہ اس ضمن میں میرا کام قدرے انوکھا ہے جس میں کیمسٹری کو بائیولوجی سے جوڑا گیا اور دنیائے سائنس میں یہ اولین قدم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں، یہ (گرانٹ) میرے، ادارے اور ملک کے لیے بھی ایک اعزاز ہے۔

وزیراعظم کی صحت یابی سے ڈاکٹرز مکمل مطمئن ہیں، حسین نواز

دنیا بھرمیں پاکستانی وزیراعظم کے بارے میں فکرمند ہیں، شہباز شریف، فوٹو؛ فائل
لندن: وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف صحت یاب ہورہے ہیں اور ڈاکٹرز بھی اس حوالے سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
لندن میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سرجری کچھ پیچیدہ تھی اس لیے دل کا دوسری بار آپریشن ہوا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ وہ صحت یاب ہو رہے ہیں اور ڈاکٹرز روزانہ ان کی صحت کا جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم نے تھوڑی سی چہل قدمی کی، عوام ان کی مکمل صحت یابی تک دعائیں جاری رکھیں۔ حسین نواز نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں پاکستانی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی نیک تمنائیں بھی ان تک پہنچائیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھرمیں پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے بارے میں فکرمند ہیں، ان کی صحت اب بہتر ہے لیکن انہیں ابھی کمرے میں شفٹ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے وزیراعظم نوازشریف لندن میں اوپن ہارٹ سرجری کے بعد اسپتال میں زیرعلاج ہیں جب کہ ان کے اہل خانہ بھی لندن میں موجود ہے۔

وزیرداخلہ کی ہدایت پر اسمارٹ شناختی کارڈ کی فیس میں غیر معمولی کمی کردی گئی

نادرا نے چوہدری نثار کی ہدایت پر اسمارٹ کارڈ کی فیس 1500 کی بجائے 400 روپے کردی۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نادرا اسمارٹ کارڈ کی فیس 1500 کی بجائے 400 روپے کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارت داخلہ كی جانب سے جاری تفصیلات كے مطابق وزیر داخلہ كی ہدایت پر نادرا نے اسمارٹ كارڈ كی فیس میں واضح كمی كر دی ہے جس کے بعد اب اسمارٹ كارڈ كے حصول کے لیے 1500 روپے كی بجائے 400 روپے فیس وصول كی جائے گی۔ اس کے علاوہ ارجنٹ شناختی كارڈ كی فیس 800 روپے جب كہ ایگزیكٹو اسمارٹ كارڈ 1600 روپے میں  حاصل كیا جا سكے گا۔

کورنگی مہران ٹاؤن میں حساس اداروں کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، سی ڈی ڈی حکام۔ فوٹو؛ فائل
 کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں پولیس کو مطلوب 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے رات گئے خفیہ اطلاع پر کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی میں تینوں دہشت گردوں کو قریبی علاقے مہران ٹاؤن بند کے قریب گھیر لیا گیا جہاں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور رائفل برآمد ہوئی ہے جب کہ تینوں ملزمان پولیس کو ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates