کنگ آف سوئنگ وسیم اکرم نے زندگی کی 50 بہاریں دیکھ لیں

وسیم اکرم ان دنوں ملکی اور غیر ملکی سپورٹس چینلز پر کمٹیٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں : فوٹو : فائل
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور سابق کپتان وسیم اکرم 50 برس کے ہوگئے ان کے مداحوں نے ان کی سالگرہ کے موقع پر اپنے اسٹار سے محبت کا اظہار کیا۔
3 جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہونے والے وسیم اکرم نے اپنی 50 ویں سالگرہ منائی۔ مایہ نازآل راؤنڈراوراپنی جادوئی بولنگ کے باعث کنگ آف سوئنگ کا خطاب پانے والے وسیم اکرم نے اپنے ٹیسٹ کیرئر کا آغاز آکلینڈ کے گراؤنڈ میں 25 جنوری 1985 کو نیوزی لینڈ کے خلاف کیا۔  کرکٹ کے طویل فارمیٹ ٹیسٹ کے 104 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اورآل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 147 اننگز میں 22.64 کی اوسط سے 2 ہزار 898 رنز بنائے جس میں 3 سینچریاں اور 7 نصف سینچریز بھی شامل ہیں جب کہ ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکورایک اننگز میں 257 ناٹ آؤٹ ہے۔
وسیم اکرم ٹیسٹ میچز میں 104 میچوں کی 181 اننگز میں 414 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ اس فارمیٹ میں 1 اننگز میں 119 رنز دے کر 7 وکٹیں لینا ان کی بہترین  کارکردگی رہی۔ وسیم اکرم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا ۔ 25 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے 12 میچز جتوائے اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وسیم اکرم نے ایک روزہ میچوں کا آغاز فیصل آباد میں 23 نومبر1984 کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کیا۔ ون ڈے کیرئیر میں انہوں نے  پاکستان کی جانب سے 356 میچوں میں بولنگ کراتے ہوئے دنیا کے 502 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بہترین بولنگ میں 15 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی۔وسیم اکرم ایک روزہ کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بولر ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں وسیم اکرم نے 280 اننگز میں 3 ہزار 717 رنزبھی بنائے جس میں 6 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے 109 ایک روزہ میچز میں قیادت بھی کی جس میں سے پاکستان نے  66 میچز میں فتح حاصل کی۔
وسیم اکرم 2 بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں۔ 2009 میں اپنی پہلی بیوی ڈاکٹرہما کے انتقال کے بعد اگست 2013 میں دوسری شادی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی شنیرا تھامسن  سے کی ۔ وسیم اکرم مئی 2003 کو کرکٹ کی دنیا میں 19 سال تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوئے جب کہ ان دنوں وہ ملکی اورغیر ملکی اسپورٹس چینلزپرکمنٹیٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیرداخلہ کی ہدایت پر اسمارٹ شناختی کارڈ کی فیس میں غیر معمولی کمی کردی گئی

نادرا نے چوہدری نثار کی ہدایت پر اسمارٹ کارڈ کی فیس 1500 کی بجائے 400 روپے کردی۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نادرا اسمارٹ کارڈ کی فیس 1500 کی بجائے 400 روپے کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارت داخلہ كی جانب سے جاری تفصیلات كے مطابق وزیر داخلہ كی ہدایت پر نادرا نے اسمارٹ كارڈ كی فیس میں واضح كمی كر دی ہے جس کے بعد اب اسمارٹ كارڈ كے حصول کے لیے 1500 روپے كی بجائے 400 روپے فیس وصول كی جائے گی۔ اس کے علاوہ ارجنٹ شناختی كارڈ كی فیس 800 روپے جب كہ ایگزیكٹو اسمارٹ كارڈ 1600 روپے میں  حاصل كیا جا سكے گا۔

شوہرکی وجہ سے کاجول بہترین دوست کرن جوہرسے ناراض

کرن جوہر بھی اپنی فلم انھی تاریخوں میں ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔:فوٹو : فائل
ممبئی: بالی وڈ میں اداکارہ کاجول اور معروف ڈائریکٹر کرن جوہر بہت پرانے دوست ہیں دونوں ایک دوسرے کی دل سے عزت کرتے ہیں لیکن ان دیرینہ دوستوں میں اب شائد تلخیاں جنم لینے لگی ہیں اور اس تلخی کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ کاجول کے شوہر اجے دیوگن ہیں۔
ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اجے دیوگن کی نئی فلم ’’شیوا‘‘ اور کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی ایک ساتھ ریلیز کے معاملے نے کاجول اور کرن جوہر کو ایک دوسرے کے مقابل لاکھڑا کردیا ہے۔ کاجول اپنے شوہر کی فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں اورکرن جوہر بھی اپنی فلم انھی تاریخوں میں ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا

یکم رمضان کو بینک اکاؤنٹس سے ڈھائی فیصد زکوٰۃ کٹوتی ہوگی۔ ڈیزائن: اویس خان
 اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے رواں اسلامی سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت مذہبی امور نے رواں اسلامی سال کے لیے زکوٰة کا نصاب 35 ہزار 557 روپے مقرر کیا گیا ہے جس کی یکم رمضان اس سے زائد رقم رکھنے والوں کے بینک اکاؤنٹس سے ڈھائی فیصد زکوٰۃ کٹوتی ہوگی۔

دہشت گردوں کا علاج، ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے رینجرز کے شواہد پر سوال کھڑے کردیے

ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی رپورٹ میں کئی غلط معلومات فراہم کی گئیں، وکیل کے دلائل فوٹو: فائل
 کراچی: سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کے علاج کے الزام میں کیس کی سماعت کے دوران ان کے وکیل نے رینجرز کے شواہد پر کئی سوال کھڑے کردیئے۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف دہشت گردوں کو علاج کی سہولت فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے آباو اجداد نے ملک بنانے میں کردار ادا کیا لیکن ان دہشت گردوں کا علاج کرنے کا الزام لگایا گیا۔ بے قصور ہونے کے باوجود انہیں ان ہی کے اسپتال میں ہتھکڑی لگا کر لے جایا گیا۔ ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی رپورٹ میں جو کچھ بتایا گیا وہ درست نہ نہیں گرفتاری کے بعد شواہد اکٹھے کرنا عالمی سطح پر قابل اعتبار نہیں۔
ڈاکٹر عاصم کے خلاف جےآئی ٹی کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا جب کہ جے آئی ٹی میں کئی غلط معلومات فراہم کی گئیں، ان کے موکل کے اسپتال پر غیرقانونی چھاپے مارے گئے اور ریکارڈ قبضے میں لے کر ردو بدل کیا گیا،کیس کے گواہ یوسف ستار پہلے غائب رہے اور پھر بیان ریکارڈ کرادیا، ان کے بیان کے بعد شواہد جمع نہیں کیے گئے۔ ڈاکٹر یوسف ستار نے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کا علاج ہوا مگر ڈاکٹر عاصم کو جب اسپتال لے جایا گیا تو اس وقت ڈاکٹر یوسف ستار وہاں موجود نہیں تھے، اگر وہ اہم گواہ ہیں تو انہیں وہاں موجود ہونا چاہئے تھا۔
جے آئی ٹی میں بتایا گیا کہ اسپتال سے 28 دہشت گردوں کے علاج کے بل ملے ہیں لیکن جن دہشت گردوں کے میڈیکل بل پیش کئے گئے وہ بھی غلط ہیں، رینجرز کی جانب سے پیش کیے ریکارڈ میں سب سے خطرناک ملزم شیراز کامریڈ کا نام ہے، 2013 میں شیراز کامریڈ کی عمر 82 سال بتائی گئی ہے کیا وہ اس عمر میں دہشت گردی کرتا رہا۔

لیجنڈ باکسر محمد علی کلے 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

محمد علی کو سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیاتھا، فوٹو: فائل
واشنگٹن: امریکا کے شہرہ آفاق باکسر محمد علی کلے مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 74 سالہ محمد علی امریکی شہر فونیکس کے ایک اسپتال میں کئی روز سے زیر علاج تھے ، انہیں سانس کی تکلیف لاحق تھی۔
محمد علی کلے امریکی ریاست کنٹکی کے شہر لوئسویل میں ایک عیسائی گھر میں پیدا ہوئے اور اپنے والد کیسیئس مارسیلس کلے سینئر کے نام پر کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر کہلائے۔ محمد علی کلے کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب انہوں نے 1960 میں روم میں ہونے والے اولمپِک مقابلوں میں سونے کا تمغا جیتا لیکن جب وہ اپنے شہر واپس آئے تو انہیں سیاہ فام ہونے کی وجہ سے نوکری نہیں مل سکی، جس سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے اپنا تمغا دریا میں پھینک دیا تھا۔ اپنے ساتھ روا رکھے گئے برتاؤ کے باوجود باکسنگ رنگ میں ان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
ویت نام کی جنگ کے دوران محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا جس کے نتیجے میں انہیں ان کے اعزاز سے محروم کردیا گیا اور 5 سال کی سزا سنائی گئی تاہم عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سزا سے مستثنٰی قرار دیا گیا۔
1974 میں محمد علی کلے نے جارج فورمین کو شکست دے کر ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا وقار اور شہرت حاصل کرلی۔ اس وقت محمد علی کی عمر صرف 32 سال تھی اور وہ اس عالمی چیمپئین کا اعزاز پھر سے جیتنے والے دوسرے شخص تھے۔ 1975 میں وہ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے اور اپنا نام محمد علی کلے رکھا۔ 1978 میں محمد علی کو اس وقت برا دھچکہ لگا جب وہ خود سے 12 برس ک عمر لیون اسپِنکس سے ہار گئے لیکن 8 ماہ بعد محمد علی نے اسپِنکس کو شکست دے کر ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا اعزاز دوبارہ حاصل کرلیا تاریخ میں پہلی بار کسی کھلاڑی نے تیسری بار عالمی اعزاز جیتا۔ اس وقت ان کی عمر 36 سال تھی۔
1980 ان کی صحت کے بارے میں خدشات نے جنم لینا شروع کردیا اور ڈاکٹروں نے انہیں “پارکنسنس سنڈروم” (رعشہ) کا شکار پایا۔ باکسنگ سے کنارہ کشی اختیار کرتے وقت محمد علی کرہ ارض پر سب سے زیادہ شہرت یافتہ شخص تھے۔ دنیا بھر کے مسلمان اور سیاہ فام آج بھی محمد علی کا انتہائی احترام کرتے ہیں۔ محمد علی نے اپنے 20 سالہ کیرئیر میں 56 مقابلے جیتے اور 37 ناک آؤٹ اسکور کیا لیکن دنیا ہمیشہ انہیں ایک عظیم شخص کے نام سے جانتی رہے گی۔

پاکستان کو دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ، سربراہ پاک بحریہ

پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، سربراہ پاک بحریہ فوٹو: فائل
 کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے اور ہمیں دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی۔
کراچی میں پاک بحریہ کی 105ویں مڈشپ مین اور 14ویں شارٹ کورس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں بحرین کے20،لیبیاکے10 اور سعودی عرب کے30 کیڈٹس پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔
پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے لیکن امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نا سمجھا جائے، پاکستان کو دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی، ہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیےتیار ہیں۔
پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستا ن امن سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے قومی سطح پر اتفاق رائے موجود ہے، پاک بحریہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گردعناصر کے خلاف کارروائیوں میں پاک بحریہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates