بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصل رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، چوہدری نثار

افواج پاکستان اور سیکیورٹی فوسز نے عوام کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف تاریخی جدوجہد کی، چوہدری نثار فوٹو: فائل
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ حکومت نے بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو تک بھارت کو قونصل رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
اسلام آباد میں سیف سٹی پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقت کا روپ دھار رہا ہے لیکن بعض عناصر اس منصوبے کے خلاف ہیں، بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو خاص مقصد کے لیے پاکستان آیا تھا، وہ غیر ملکی جاسوس ہے اس لیے اسے قونصلر رسائی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خدشے کے باعث کئی سڑکیں بحال کی ہیں، سیف سٹی پروجیکٹ کی 6ماہ تک مانیٹرنگ کے بعد اسلام آباد میں مزید ناکے کم کردیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے موبائل سمزکی تصدیق کاعمل ریکارڈمدت میں مکمل کیاہے۔ جعلی شناختی کارڈ رکھنےوالوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، شناختی کارڈز کی تصدیق میں بھی عوام کوتکلیف نہیں ہوگی اور کسی کو بھی اس سلسلے میں لائنوں میں لگنا نہیں پڑے گا۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پولیس کی 480 ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب حکومت ہمارے حوالے کی گئی تو روزانہ کی بنیاد پر 5 یا 6 دھماکے ہوتے تھے لیکن ہم نے ایک سیاسی جماعت کی طرح صرف نعروں کی تبدیلی نہیں لائی بلکہ حقیقی تبدیلی لا کر اپنے ملک کو دہشتگری سے پاک کرنے کی کوشش کی ۔ گزشتہ 2 برس میں افواج پاکستان اور سیکیورٹی فوسز نے عوام کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف تاریخی جدوجہد کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ  اسلام آباد پولیس میں بہتری آئی ہے میری شدید خواہش تھی کہ اسلام آباد پولیس میں جذبوں سے بھرا اور خدمت سے سرشار نیا خون شامل ہو ،اور اس خواہش کی تکمیل ہوئی کہ میرے سامنے 480 نوجوانوں کا دستہ کھڑا ہے کل سے پاکستان کے دارالحکومت کی سیکیورٹی اور عوام کو انصاف پہنچانے کی ذمہ داری ان کے سپرد ہوگی ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی پارٹی ، علاقے یا خاندان سے تعلق رکھنے والے کو ترجیح نہیں دی بلکہ انصاف کو ملحوظ خاطر رکھا یہ وہ نوجوان ہیں جن میں کوئی ایک بھی سفارشی نہیں بلکہ اپنی قابلیت کی بنیاد پر یہاں کھڑے ہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جرائم کو کم کرنا نہیں بلکہ کرائم فری کرنا ہے۔  دستے میں موجود ایک ایک کیڈت تبدیلی لا سکتا ہے میرا کام پالیسی بنانا اور اس پر عمل کرکے دکھانا پولیس اہلکاروں کاکام ہے۔
واضح رہے کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 47 لڑکیوں سمیت 480 کانسٹیبل پاس آؤٹ ہوئے۔  اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے پولیس کو گاڑیاں اور چینی سفارتخانے کی جانب سے دی گئی گاڑیاں ایف سی اور آر پی او راولپنڈی کے سپرد کی گئیں۔

نمائشی فٹبال میچ میں دھونی، کوہلی اور یوراج بھارتی فلمی ستاروں کے مقابل آگئے

میچ کی آمدنی ابھیشک کی چیریٹی مہم ’ پلیئنگ فار ہیومنیٹی‘ اور کوہلی فائونڈیشن کو دی گئی۔ فوٹو : فائل
ممبئی: بھارتی کرکٹرز اور فلمسٹارز الیون کا نمائشی فٹبال میچ 2-2 سے ڈرا ہوگیا۔
ویرات کوہلی کی زیرقیادت آل ہارٹس الیون میں مہندرا سنگھ دھونی، روی چندرن ایشون، شیکھر دھون، ہربھجن سنگھ ، یوراج سنگھ سمیت نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ فلمی ٹیم کی باگ ڈور رنبیر کپور کے سپرد رہی۔ جس میں ابھیشک بچن ، آدیتیہ روئے کپور، راج کندرا ، شوجیت سیکار، سکھویندر سنگھ اور دیگر اہم فنکار شریک ہوئے۔ کرکٹرز الیون کی جانب سے یوراج سنگھ اور لوکیش راہول نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، شوبز الیون کیلیے شوجیت سیکار اور انتونیو پیکورا نے ایک ایک گول کیا۔
میچ کی آمدنی ابھیشک کی چیریٹی مہم ’ پلیئنگ فار ہیومنیٹی‘ اور کوہلی فائونڈیشن کو دی گئی۔ جو مہاراشٹرا میں قحط سالی سے متاثر لوگوں کی مدد کررہی ہیں، میچ کے اختتام پر ابھیشک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈرا سے قطع نظر یہ اچھا میچ رہا، ہم سب ایک عظیم مقصد کیلیے یہاں یکجا ہوئے، جس کا مقصد خشک سالی سے متاثرہ لوگوں کی مدد اور آگاہی مہم ہے، اس موقع پر رنبیر نے کہا کہ یہ میرا پسندیدہ کھیل ہے اورمیں بچپن سے اسے کھیلتا آرہا ہوں ، ہم اتوار کو فٹبال کھیلتے ہیں۔

رحمتوں سے ریٹنگ تک کا سفر

ایک وقت تھا جب وطن عزیز میں ایک ’نیلام گھر‘ ہوا کرتا تھا، مگر اب ہر دوسرے چینل پر رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر نیلام گھر کھل گئے ہیں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی رحمتوں سے مزیّن اور برکتوں سے بھرپور ماہِ صیام کی آمد آمد ہے۔ اِسلامی کیلنڈر میں سب سے معتبر اور متبرک مہینہ ہونے کا اعزاز بھی رمضان ہی کو حاصل ہے۔ رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ اس کا براہِ راست تعلق قرآن مجید کے نزول سے ہے۔ اس میں مشرق و مغرب کے مسلمان ایک خاص رنگ میں ڈھل جاتے ہیں، گھر کے اندر کا سماں اور باہر کے اوقات تبدیل ہوجاتے ہیں۔ جہاں اِس مہینے میں ہر طرح کی برکات ہیں وہاں ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس میں ہونے والی نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
یہ تو رمضان کی وہ حقیقت ہے جس سے قریباً ہر کوئی واقف ہے- اب بڑھتے ہیں اپنے موضوع کی طرف جس سے کچھ لوگ واقف ہیں، کچھ نا واقف اور بہت سو کی کوئی رائے نہیں۔ وہ جو ہے، جیسا ہے، بس ٹھیک ہے کو بنیاد بنائے ہوئے ہیں۔ مگر معاملہ اتنا سادہ ہوتا تو شاید ہم بھی اس پر لکھنے کی بجائے اپنا قلم کسی اور پیچیده معاملے پر چلا رہے ہوتے۔
بات دراصل یہ ہے کہ ساری مسلم دنیا میں ’رمضان‘ کا مہینہ بطور ’مبارک اسلامی‘ مہینے کے طور پر شروع ہوتا ہے اور یہ سلسلہ ہمارے ہاں بھی قائم تھا مگر افسوس کہ اب وہ وقت رہا نہ لوگ۔ سو ہم اس راہ سے ہٹ گئے یا ہٹا دیے گئے اور پہنچ گئے یہاں جہاں ہم آج کھڑے ہیں۔
اب تک ہر ٹی وی چینل، ریڈیو، اخبارات اور رسائل پر آپ ’رمضان ٹرانسمیشن‘ کے لاتعداد اشتہار دیکھ یا پڑھ ہی چکے ہوں گے۔ اگر یہ سب اب تک آپ کی نظر سے اوجھل رہے تو یقیناً کسی سگنل پر سامنے لگے بڑے سے سائن بورڈ پر رمضان مبارک کے اشتہار نے ضرور آپ کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہوگی جسے دیکھنے کے بعد آپ کے منہ سے بے اختیار نکلا ہوگا ماشاللہ! ایسا سلسلہ سارا سال کیوں نہیں چلتا؟ کیوں صرف ایک ہی ماہ ٹی وی چینل پر سب کچھ چھوڑ کر گھنٹوں لمبی ٹرانسمیشن چلائی جاتی ہے؟ اگر یہ سلسلہ پورا سال ہو تو یقیناً اندھیری راہوں پر بھٹکی قوم کو دین کے بارے کوئی آگہی ملے۔
لیکن جناب جس بات پر آپ ماشاءاللہ ماشاءاللہ کہہ رہے ہیں درحقیقت یہ اچھی خبر نہیں بلکہ بُری خبر ہے کہ ایسا تو صرف مزید پیسہ کمانے کے لیے کیا جارہا ہے۔ یہاں رمضان کا چاند نظر آیا اور وہاں دکاندار میدان میں نکل آئے، ایک نے اپنے پروگرام کی ریٹنگز بڑهانے کیلئے حاضرین میں موٹرسائیکل بانٹنے کا اعلان کیا تو دوسرے نے اِک قدم آگے بڑھ کر گاڑی کی پیش کش کردی اور ہماری بھولی بھالی عوام دین اور اہلِ دین کی اس خدمت پر بھلا کیوں میڈیا کو بُرا کہے؟
جب بھی کوئی کمپنی اپنی نئی پراڈکٹ مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس کی پہلی ترجیح مارکیٹنگ ہوتی ہے کیوںکہ مارکیٹنگ جتنی پُراثر ہوگی اتنے زیادہ لوگ اسے استعمال کریں گے اور کمپنی کے منافع میں اضافہ ہوگا۔ مگر یہاں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے میڈیا نے رمضان کو ایک ایسی پراڈکٹ بنا دیا ہے جس کے وہ نہ مالک ہیں، نہ خالق، ہاں البتہ اپنے تئیں بیچنے کے حقوق بالکل حاصل کرلیے ہیں اور حقوق بھی ایسے جو سب کے پاس ہیں، نہ کوئی کسی کو روک سکتا ہے نہ پوچھ سکتا ہے۔
ایک بنیادی چیز جس سے اکثریت غافل ہے وہ یہ کہ میڈیا ایک کمرشل انڈسٹری ہے- جس طرح ہر کاروبار کا مالک یہ چاہتا ہے کہ اسکے کاروبار میں منافع ہو بالکل اِسی طرح میڈیا میں بھی ہوتا ہے۔ یہاں بھی لوگ اُسی طرف جائیں گے جس طرف سے منافع ہو۔ اب چینی کا کاروبار کرنے والا تاجر ہرگز اس لیے چینی نہیں بیچے گا کہ اگر لوگ اس کو کھیر میں ملا کر صدقہ کریں گے تو اُسے ثواب ہوگا۔ اِسی طرح رمضان ٹرانسمیشن کا مقصد پراڈکٹ کو زیادہ سے زیادہ بیچنا اور اس سے زیادہ سے زیادہ منافع کمانا ہے اور اسی مقصد کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک اور دوسرے سے بڑھ کر تیسرا بیچنے والا موجود ہے-
ایک وقت تھا جب وطن عزیز میں ایک ’نیلام گھر‘ ہوا کرتا تھا، مگر اب ہر دوسرے چینل پر رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر نیلام گھر کھل گئے ہیں۔ کہیں شرکاء کو زبردستی آم کھلائے جارہے ہیں، کہیں پاگل بنا کر اور کپڑے پھاڑ کر ایکٹنگ کروائی جا رہی ہے اور کہیں گانے سنوائے جا رہے ہیں- کہیں گیم شو ہو رہا ہے تو کہیں شو کے پاسز کے حصول کے لیے شرکاء میں کشتی کے مقابلے اور اس سب میں رمضان کا مقصد کہیں کھو کر رہ گیا ہے۔
کل تک جن سروں پر دوپٹے نہیں تهے آج وہ بهی ڈهکے ہوئے نظر آرہے ہیں اور کل تک جو لبرل خواتین و حضرات، اینکرز اور اداکار یہ کہتے تهے کہ دین ہر کسی کا ذاتی معاملہ ہے وہ بهی آج اسی دین کو اپنے انداز میں بیچتے نظر آرہے ہیں۔ گویا اس ملک میں اسلام اور رمضان ہی رہ گیا ہے جس کو ہر کوئی اپنے انداز سے پیش کرتا نظر آرہا ہے۔ ایک وہ لوگ ہیں جو چهپ کر اسلام کے نام پر پاکستانیوں کو مار رہے ہیں اور ایک یہ ہیں جو اسلام کو اپنی روزی روٹی کے لیے بیچ رہے ہیں-
میرا یہاں ہرگز مقصد صحیح اور غلط کا فیصلہ کرنا نہیں ہے، لیکن یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ رمضان کے اصل مقصد کو تبدیل کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ یہ مہینہ اللہ تعالی کی طرف سے مسلمانوں پر خاص انعام ہے، اور اگر اِس ماہ کی حقیقی اساس کو پالیا تو یقیناً جنت سے نوازا جائے گا۔ اب جس کو جنت مل جائے، بھلا اُس کے لیے لان کے سوٹ اور حقیر سے موبائل کیا حیثیت رکھتے ہیں۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500  الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع  تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔


اسمارٹ فون سے تھری ڈی تصاویر اور ویڈیو بنانے والی ڈیوائس تیار

اس ڈیوائس کو چلانے کے لیے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون کی یو ایس بی سی پورٹ درکار ہوتی ہے۔ فوٹو ٹیک ٹائمز
تائیوان: تائیوان میں پیش کی گئی ایک نئی ڈیوائس آئی پلگ کے ذریعے تھری ڈی تصاویر اور وڈیوز بنائی جا سکتی ہیں جب کہ یہ چھوٹی سی کیمرہ ڈیوائس اینڈروئیڈ فون میں یوایس بی کے ذریعے لگائی جا سکتی ہے۔
تائیوان میں متعارف کرائی گئی ڈیوائس آئی پلگ کے ذریعے اینڈروئیڈ صارفین اپنے فون سے تھری ڈی تصاویر اور وڈیوز بنا سکتے ہیں۔ یو ایس بی پورٹ کے ذریعے چلنے والی اس ڈیوائس کو اینڈروئیڈ فون کے ساتھ کسی بھی رخ پر لگایا جاسکتا ہے یعنی اسے بطور بیک اور فرنٹ کیمرہ دونوں صورتوں میں استعمال کیاجا سکتا ہے۔ اگرچہ یہ مکمل 360 ڈگری زاویے کی ویڈیو تو نہیں بنا سکتا لیکن یہ ریکارڈنگ میں اتنی گہرائی ضرور شامل کر سکتا ہے جس سے ویڈیو میں حقیقی تھری ڈی تکنیک کا احساس ہوتا ہے۔
اسے چلنے کے لیے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون کی یو ایس بی سی پورٹ درکار ہوتی ہے۔ آئی پلگ فی الحال آئی فون صارفین کے لیے دستیاب نہیں لیکن اس کے کامیاب تجربے کے بعد اسے آئی فون کے لیے بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس کی سب سے خاص بات زیادہ سے زیادہ تھری ڈی تصاویر دیکھا سکنے والی کیمرہ ایپلی کیشنز کے ساتھ مطابقت اور صرف 35 امریکی ڈالر جیسی حیرت انگیز قیمت ہے۔ فی الحال اس کے زیادہ فیچرز پر سے پردہ نہیں اُٹھایا گیا کیونکہ یہ ڈیوائس تجرباتی مراحل میں ہے لیکن اس سال کے اختتام تک اسے فروخت کے لیے ضرور پیش کر دیا جائے گا۔
آئی پلگ کے ذریعے بنائی گئی تھری ڈی تصاویر اور ویڈیوز کا صحیح لطف اٹھانے کے لیے گوگل کارڈ بورڈ کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔ گوگل کارڈ بورڈ ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹ ہے جو اس حوالے سے سستا ترین ہیڈ سیٹ ہے۔ بہرحال آئی پلگ ڈیوائس کی بدولت اسمارٹ فون صارفین کا فون کے ذریعے تھری ڈی ریکارڈنگ کا خواب بھی پورا ہو سکے گا۔

امریکی صدارتی انتخابات؛ ہلیری کو ٹرمپ پر واضح سبقت حاصل

امریکی صدارتی انتخابات میں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ فوٹو: فائل
نیویارک: امریکا میں صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹ پارٹی کی ہلیری کلنٹن نے ایک بار پھر ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
امریکا میں رائے عامہ کے جائزے کے مطابق ہلیری کو 46 اور ٹرمپ کو 35فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ سروے کے دوران ایک ہزار 421 افراد سے رائے لی گئی جن میں سے 46 فیصد ووٹرز نے ہلیری کلنٹن اور35 فیصد ووٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر دی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس نومبر میں امریکا میں صدارتی انتخابات ہورہے ہیں جس میں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

شاہ رخ کا بالی وڈ سے ریٹائر ہوکر اکیڈمی بنانے کا اعلان

اداکاری سکھانے سے متعلق اکیڈمی کھولنے کا منصوبہ بہت پرانا ہے، شاہ رخ۔ فوٹو: فائل
ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے بالی وڈ سے ریٹائر ہوکر اکیڈمی بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں نئے فنکاروں کو تربیت دی جائے گی۔
شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ بالی وڈ کو کب خیرباد کہیں گے اس کا ابھی انھیں خود بھی علم نہیں ہے لیکن انھوں نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی ایسا کام کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ فن کے میدان میں دوسروں کی خدمت کرسکیں۔انھوں نے کہا کہ اداکاری سکھانے سے متعلق اکیڈمی کھولنے کا ان کا منصوبہ بہت پرانا ہے مگر اس پر عملدرآمد کے لیے انھیں مناسب وقت کا انتظار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ اداکار نہ ہوتے تو فوج میں ہوتے کیونکہ انھیں بچپن میں فوج میں بھرتی ہونے کا بہت شوق تھا۔اگر ایسا بھی نہ ہوتا تو پھر میں ٹیچر ہوتا۔مجھے بچوں کو پڑھانا اچھا لگتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اداکاری مجھے بہت مشکل لگتی تھی،آج بھی مجھے لگتا ہے ٹائم پاس کررہا ہوں او کوشش کرتا ہوں کہ کچھ سیکھ لوں۔

محمد علی کی تدفین میں دنیا بھر کے عوام کو شرکت کی اجازت

محمد علی گزشتہ روز سانس کی تکلیف کے باعث 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ فوٹو: رائٹرز
واشنگٹن: صدی کے بہترین باکسر محمد علی کی وفات کے بعد دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اہل خانہ کی جانب سے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی تدفین میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیجنڈری باکسر کے خاندانی ترجمان باب گنیل کا کہنا ہے کہ محمد علی دنیا بھر کے شہری تھے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی تدفین میں شرکت کریں۔ محمد علی کے خاندانی ترجمان کے مطابق جمعرات کو خاندان کے افراد ان کی آخری رسومات ادا کریں گے جب کہ جمعہ کو سابق ورلڈ چیمپئن کے آبائی علاقے لوئس ولے میں ہونے والی تقریب میں تمام افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
محمد علی کی تدفین کے موقع پر سابق امریکی صدر بل کلنٹن انھیں خراج تحسین پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے محمد علی کے مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات وصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لیجنڈری باکسر کے چاہنے والے ان کی رہائش گاہ کے باہر پھولوں کے گلدستے اور تعزیتی پیغامات جمع کراکے باکسر سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد علی گزشتہ روز سانس کی تکلیف کے باعث 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates