اس سال ڈنمارک میں طویل اور آسٹریلیا میں مختصر ترین روزہ ہوگا

ایشیا میں روس شہری طویل ترین یعنی 20 گھنٹے 49 منٹ کا ہوگا۔ فوٹو؛ فائل
دنیا بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اہل ایمان روزے رکھ رہے ہیں جب کہ مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ بھی مختلف ہوتا ہے اور اس سال یورپ کے روزے پوری دنیا میں سب سے طویل اور آسٹریلیا اور چلی کے روزے مختصر ترین ہوں گے۔
یورپ:
ریڈیو ہالینڈ نے ایک نقشہ دکھایا ہے جس کی رو سے ڈنمارک میں اوسطاً 21 گھنٹے اور کچھ منٹ کا روزہ ہوگا۔ اس کے علاوہ آئس لینڈ، ناروے اور سویڈن کا روزہ اوسطاً 20 گھنٹے کا ہوگا۔ برطانیہ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد آباد ہے جہاں روزہ 18 گھنٹے 59 منٹ تک کا ہوگا اور دوسری جانب جرمنی میں 18 گھنٹے 9 منٹ کا روزہ ہوگا۔
امریکا اور آسٹریلیا:
جنوبی امریکی ممالک میں ارجنٹینا کا روزہ مختصر ترین ہوگا جس کا دورانیہ 12 گھنٹے 21 منٹ بتایا جارہا ہے۔ آسٹریلیا میں روزہ 10 گھنٹے اور کچھ منٹ کا ہوگا جب کہ چلی اور برازیل بالترتیب میں 13 گھنٹے 9 منٹ اور 11 گھنٹے 58 منٹ کا روزہ متوقع ہے۔
شمالی امریکا کے ممالک میں روزہ 15 سے 18 گھنٹے ہے جب کہ واشنگٹن ڈی سی میں اوسطاً 16 گھنٹے 44 منٹ کا روزہ ہوگا۔ کینیڈا میں روزہ اوسط 18 گھنٹے اور 9 منٹ کا ہوگا۔
مشرقِ وسطیٰ اور افریقا:
سعودی عرب میں روزہ 16 گھنٹے اور 13 منٹ کا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات کے ممالک میں یہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 23 منٹ کا ہوگا۔ کویت میں 15 گھنٹے اور 59 منٹ کا روزہ ہے۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ میں 33 سال کے بعد شدید ترین گرمی پڑنے کا امکان ہے جب کہ سعودی عرب میں اس موسمِ گرما میں درجہ حرارت بہت بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ جنوبی افریقا میں روزہ صرف 12 گھنٹے کا ہوگا جب کہ مصر، تیونس اور الجزائر جیسے ممالک میں روزہ ساڑھے 16 سے ساڑھے 17 گھنٹے تک کا ہوگا۔
ایشیا:
پاکستان اور ہندوستان میں اوسطاً بالترتیب 16.5 اور 17 گھنٹے 11 منٹ کا روزہ ہوگا۔ پورے ایشیا میں روس کا روزہ طویل ترین یعنی 20 گھنٹے 49 منٹ کا ہوگا۔ چین کے مسلمان اوسطاً 17 گھنٹے 28 منٹ کا روزہ رکھیں گے۔

بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ سلابھا دیش پانڈے طویل علالت کے بعد چل بسیں

لیجنڈری اداکارہ نے 73 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، فوٹو:فائل
ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ سلابھا دیش پانڈے  طویل علالت کے بعد 79 سال کی عمر میں چل بسیں.
بالی ووڈ اداکارہ سلابھا دیش پانڈے نے فنی کیرئیر کا آغاز 1974 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’جادو کا شانک‘‘ سے کیا اور اپنی جاندار اداکاری کے باعث جلد ہی فلم نگری میں اپنا مقام بنایا جب کہ انہوں نے فلموں کے علاوہ چھوٹے پردے  اور تھیٹر میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اوراپنے کرداروں کو اپنی جاندار اداکاری سے ہمیشہ کے لیے زندہ کردیا لیکن 79 برس کی عمر میں پہنچ کر وہ چل بسیں۔

لیجنڈری اداکارہ سلابھا دیش پانڈے طویل عرصے سے مختلف امراض کا شکارتھیں انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں 73 فلموں میں اداکاری کے جلوے بکھیرے جب کہ کئی فلموں میں انہوں نے ماں کا کردار ادا کیا۔ دوسری جانب بالی ووڈ کی نامور شخصیات کی جانب سے اداکارہ کی موت پررنج وغم کااظہار کیا جارہا ہے۔ نامور گلوکارہ لتا منگھیشکر نے ان کی موت پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے فلم نگری کے لئے ان کی خدمات کو سراہا۔

کوئی مسلمان جج مجھ سے انصاف نہیں کر سکتا، ڈونلڈ ٹرمپ

اگرکسی مسلمان جج کو میرے مقدمات کی سماعت کا موقع ملے تو وہ غیر منصفانہ رویہ اختیار کرے گا، ٹرمپ:فوٹو : فائل
نیویارک:  امریکا میں صدارتی انتخاب کیلیے ری پبلکن پارٹی کی جانب سے ممکنہ امیدوار اور ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایک مسلمان جج ان سے انصاف نہیں کرسکتا ۔
امریکی ٹی وی سی بی ایس کے شو “فیس دا نیشن” میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر کسی مسلمان جج کو ان کے مقدمات کی سماعت کا موقع ملے تو وہ ان کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کرے گا۔ شو کے میزبان جان ڈکرسن نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا آپ کو ایسا اس لیے لگتا ہے کہ آپ نے  صدارتی مہم میں مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر عارضی پابندی کا متنازع بیان دیا تھا، اس پر ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ جی ہاں بالکل ایسا ممکن ہے۔

شام میں بازار پر بمباری سے 8 بچوں سمیت 17 افراد ہلاک

فضائی حملہ کس کی جانب سے کیا گیا اس سے متعلق کہنا قبل از وقت ہے، انسانی حقوق تنظیم، فوٹو؛ فائل
دمشق: شام میں بازار پر بمباری کے نتیجے میں 8 بچوں سمیت 17 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے مشرقی علاقے میں بازار پر بمباری کے نتیجے میں 8 بچوں سمیت 17 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ شام میں انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ بازار پر فضائی حملہ اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کی تیاریوں کے لیے خریداری میں مصروف تھی اور اسی وجہ سے ہلاک افراد کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق فضائی حملہ کس کی جانب سے کیا گیا اس سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم اس حوالے سے تفصیلات اکٹھا کی جارہی ہیں۔

عاقب جاوید نے بنگلادیش کا بولنگ کنسلٹنٹ کی پیشکش ٹھکرا دی

عاقب جاوید لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فوٹو:فائل
 لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ عاقب جاوید نے بنگلادیش کی جانب سے بولنگ کنسلٹنٹ کی پیشکش ٹھکرا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان عاقب جاوید کو بولنگ کنسلٹنٹ کی پیش کش کی گئی تھی جسے انہوں نے مصروفیات کے باعث ٹھکرا دیا۔ عاقب جاوید لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے باعث انہوں نے بنگلادیش بورڈ کے لئے کام کرنے سے معذرت کی۔

حج کرپشن کیس میں راؤ شکیل کے فرنٹ مین احمد فیض گرفتار

عدالت نے ملزم کو کل پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ فوٹو: فائل
 اسلام آباد: حج کرپشن کیس کے مرکزی ملزم سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کے فرنٹ مین احمد فیض کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ملک نزید احمد نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ کیس کے مرکزی ملزم راؤ شکیل کے فرنٹ مین احمد فیض کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم ملزم کے خلاف سعودی عرب میں مقیم گواہ کا بیان ریکارڈ کرنا باقی ہے،  عدالت نے ملزم کو کل پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ حج کرپشن کیس میں سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی اور ڈی جی حج راؤ شکیل سمیت 3 افراد کو سزا ہوچکی ہے جب کہ احمد فیض آخری ملزم ہیں جن سے متعلق فیصلہ ہونا باقی ہے۔

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک

ہیک ہونے والے اکاؤنٹس میں انسٹاگرام، ٹوئٹر، لنکڈان اور پنٹریسٹ کے اکاؤنٹس شامل ہیں تاہم ان کا فیس بک اکاؤنٹ محفوظ رہا۔ فوٹو:فائل
کیلیفورنیا: معروف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ “فیس بک” کے بانی مارک زکر برگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ہیک کرلیے۔
مارک زکر برگ کے ہیک ہونے والے اکاؤنٹس میں انسٹاگرام، ٹوئٹر، لنکڈان اور پنٹریسٹ کے اکاؤنٹس شامل ہیں تاہم ان کا فیس بک اکاؤنٹ ہیکنگ سے محفوظ رہا۔ گزشتہ روزہیکرز نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے مارک زکر برگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرلی ہے اورثبوت کے طورپرانھوں نے زکربرگ کے پنٹریسٹ اکاؤنٹ پران کے نام کو اپنے ہیکنگ گروپ کے نام سے بدل دیا۔
مارک زکربرگ سماجی رابطوں کے لیے زیادہ تراپنا فیس بک اکاؤنٹ ہی استعمال کرتے ہیں اپنے ان دیگر اکاؤنٹس کو وہ بہت کم استعمال کرتے ہیں لیکن بہرحال یہ ان کے آفیشل اکاؤنٹ ہیں جہاں ان کے لاکھوں فالورز موجود ہیں۔ گمان کیا جا رہا ہے کہ 2012 میں لنکڈان کے چوری ہونے والے ڈیٹا بیس میں مارک زکربرگ کا پاس ورڈ بھی موجود تھا جو کہ ہیکرزنے استعمال کرتے ہوئے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کیا۔
ہیکرز کے مطابق انھوں نے لنکڈان کے ڈیٹا بیس میں موجود مارک زبر برگ کا پاس ورڈ “dadada” کو استعمال کرتے ہوئے ان کے اکاؤنٹس ہیک کیے۔ ٹوئٹر انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے نہ صرف ہیکرز کی ٹوئٹ کو ختم کیا بلکہ ہیکرز کا اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی معطل کردیا۔
حالیہ دنوں میں بھی لنکڈان کے 167 ملین صارفین کے پاس ورڈز چوری ہوئے ہیں لیکن چونکہ زیادہ ترصارفین اطلاع ملنے کے باوجود پاس ورڈ نہیں بدلتے اس لیے ان کے اکاؤنٹس ہیک ہوتے ہیں اور شاید یہی غلطی مارک زکربرگ سے بھی سرزد ہوئی ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates