سینیٹ کا لڑکیوں کو جلانے کے واقعات کا نوٹس ، مذمتی طور پر اجلاس 5 منٹ کیلیے ملتوی

چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے معاملہ انسانی حقوق کمیٹی کے سپرد کردیا۔ فوٹول فائل
 اسلام آباد: سینیٹ نے ملک میں بچیوں كو جلائے جانے كے واقعات كا نوٹس لیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور معاملے کو انسانی حقوق کمیٹی کے سپرد کردیا جب کہ واقعہ پر ایوان 5 منٹ کے لیے ملتوی بھی کیا گیا۔
سینیٹ كا اجلاس چیرمین سینیٹ رضا ربانی كی زیر صدارت ہوا جس میں چیرمین نے کہا کہ آئے روز اخبارات میں خبریں آرہی ہیں كہ بچیوں كو زندہ جلایا جاتا ہے، یہ خوفناك معاملہ ہے اور اسلامی تعلیمات كے بھی خلاف ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جب کہ  معاملہ انسانی حقوق كمیٹی كے سپرد كر دیا جائے۔
پیپلزپارٹی كی سینیٹر شیری رحمان نے ایوان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 300 لڑكیوں كو اس طرح جلایا گیا ہے، اس مسئلے كو سنجیدگی سے لیں اور اس پر قانون سازی كر كے ہم اپنا كردار ادا كریں۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے كہا كہ غیرت كے نام پر قتل كا بل سینیٹ سے پاس ہو چكا تھا مگر مشتركہ اجلاس میں سے پاس نہیں ہوا، معاملہ انسانی حقوق كمیٹی كو جانا چاہئے۔ انہوں نے كہا كہ اسلامی نظریاتی كونسل تواتر كے ساتھ بچیوں اور خواتین كے خلاف سفارشات دے رہی ہے۔
جے یو آئی (ف) كے سینیٹر طلحہٰ محمود نے كہا كہ بچیوں كو صرف جلایا ہی نہیں بلكہ دفن بھی كیا جاتا ہے اس مسئلے پر قانون موجود ہے مگرعمل نہیں ہو رہا۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے كہا كہ آج خبر آئی ہے كہ ایك ماں نے اپنی بیٹی كو جلایا ہے جو بہت افسوس ناك ہے، ہم بحیثیت قوم پسماندگی كا شكارہیں، ہمارے معاشرے میں فرد كی اہمیت نہیں ہوتی بلکہ خاندان اور قبیلے كی اہمیت ہے جن كی غیرت كی خاطر ہم فر د كو مار دیتے ہیں ،خاندان كے فرد كے دباؤ كی وجہ سے گناہ گاروں كو معاف كردیا جاتا ہے، اگر قانون ہوتا تو معافی كا كوئی امكان نہیں تھا۔
سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ بچیوں كے قتل كا معاملہ ملك میں كافی حد تك پھیل چكا ہے، بہت سے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے اور چھپا لیے جاتے ہیں یہ نفسیاتی مسئلہ بن چكا ہے، میاں بیوی ناراض ہوں تو بچوں كو مار دیا جاتا ہے ان واقعات كے تدارك كے لیے سخت ایكشن لینا ہوگا۔
چئیرمین سینیٹ رضا ربانی نے كہا كہ ایوان كی آراء كو دیكھتے ہوئے معاملہ انسانی حقوق كمیٹی كو بھجوایا جاتا ہے اور معاملہ كی حساسیت كو دیكھتے ہوئے چاہتا ہوں كہ ایوان 2 منٹ كے لیے معطل كیا جائے جس كی قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے حمایت كرتے ہوئے كہا كہ 2 منٹ كی بجائے 5 منٹ معطل كیا جائے جس كے بعد ایوان 5 منٹ كے لیے معطل كیا گیا ۔

طالبان سے جب بھی مذاکرات ہوتے ہیں امریکا اسے سبوتاژ کردیتا ہے، سیکریٹری خارجہ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے سیکریٹری دفاع اور خارجہ کی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: سیكریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے كہا ہے كہ طالبان سے مذاكرات كا عمل امریكا كے كہنے پر شروع ہوتا ہے اور جب بھی مذاكرات كا عمل شروع كرتے ہیں تو امریكا كی جانب سے ڈرون حملہ كر كے اسے سبوتاژ كر دیا جاتا ہے۔
قومی اسمبلی كی قائمہ كمیٹی دفاع اور خارجہ كا مشتركہ ان كیمرہ اجلاس شیخ روحیل اصغر اور اویس احمد خان لغاری كی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ امریكا اور اس كی اتحادی افواج كے ایك لاكھ 30 ہزار فوجی اتنے عرصہ میں كوئی كامیابی حاصل نہیں كر سكے اور ہم سے توقع كی جاتی ہے كہ 3 دن میں نتائج دیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 لاكھ سے زائد افغان مہاجرین پاكستان میں موجود ہیں، طالبان نے افغان مہاجرین كے كیمپوں كو ریكروٹمنٹ كا ذریعہ بنالیا ہے، كئی دہشت گرد ان كیمپوں میں پناہ لیتے ہیں، مہاجرین كا مسئلہ اب صرف انسانی مسئلہ نہیں رہا اب یہ سیكیورٹی مسئلہ بن چكا ہے۔
سیکریٹری خارجہ کے مطابق پاكستان نے افغانستان سے كہا ہے كہ وہ مہاجرین كی واپسی كے لیے اقدامات كرے، افغان قیادت كے نفرت انگیز بیانات كا جواب نہیں دیا تاہم یہ پیغام ضرور بھیجا ہے كہ ایسے بیانات سے گریز كیا جائے ایسا نہ ہو كہ نفرت اس طرف سے بھی پھیلنے لگ جائے، پاكستان افغانستان میں  امن كی راہ پر گامزن ہے۔
اجلاس میں سیكرٹری دفاع عالم خٹك نے كلبھوشن یادیو كے انكشافات بارے كمیٹی كو آگاہ كرتے ہوئے بتایا کہ كلبھوشن بلوچستان اور كراچی میں نیٹ ورك چلا رہا تھا، كلبھوشن یادیو كی معلومات پر مبنی ثبوت تیار كر رہے ہیں۔
كمیٹیوں كے اركان نے وزارت خارجہ اور دفاع كی بریفنگ پر عدم اطمینان كا اظہار كر دیا۔ اركان كا كہنا تھا كہ اخباری معلومات فراہم كی جا رہی ہیں، بھارت پاكستان كو غیر مستحكم كررہا ہے بتایا جائے كہ ہماری حكمت عملی كیا ہے۔

فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے ملزمان کی درخواستوں کی سماعت کیلیے لارجر بینچ تشکیل

سپریم كورٹ نے اٹارنی جنرل، جیك برانچ ، مقدمے كے فریقین اور ان كے وكلاء كو باقاعدہ نوٹسز جاری كردیئے۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے ملزمان كی درخواستوں  كی سماعت كے لیے 5 ركنی لارجر بینچ تشكیل دے دیا۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی كی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منظور احمد ملك پر مشتمل 5 ركنی لارجر بینچ آئندہ ہفتے سے تمام 17 آئینی درخواستوں كی سماعت كی جائے گی۔
فوجی عدالتوں نے تمام ملزمان كو آرمی پبلك اسكول پشاور، شورش زدہ علاقوں میں سیكیورٹی فورسز پر حملوں اور مساجد میں بم دھماكوں كے الزام میں سزائے موت سنائی تھی جب کہ عدالت نے تمام ملزمان کی درخواستوں كو یكجا كركے سننے كا فیصلہ كیا تھا۔ سپریم كورٹ نے اٹارنی جنرل، جیك برانچ ، مقدمے كے فریقین اور ان كے وكلاء كو باقاعدہ نوٹسز جاری كردیئے ہیں۔

امریکی ریاست کینٹکی میں عظیم باکسر محمد علی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

لیجنڈ باکسر محمد علی کی نمازِ جنازہ امام زید شاکرنے پڑھائی. فوٹو: ارائٹرز
لوئی ویلی: امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویلی میں دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی جس میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ نماز جنازہ امام زید شاکرنے پڑھائی،
تین مرتبہ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ جیتنے والے عظیم باکسر محمد علی ایک طویل عرصے سے پارکنسن کے مریض تھے اور 4 جون 2016 کو 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ عمر کے آخری حصے میں وہ گفتگو کرنے سے بھی قاصر تھے لیکن چاہتے تھے کہ  ان کی نمازِ جنازہ میں ہر خاص و عام شریک ہوں اور اسی لیے ایک عظیم اور عالمی شہرت یافتہ شخصیت کے جنازے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تاہم جمعہ کے روز ان کی تدفین میں صرف ان کے اہلِ خانہ ہی شریک ہوسکیں گے۔
نمازِ جنازہ کے دوران امریکا بھر سے مسلمان علما اور اسکالرز نے باکسر محمد علی کے لیے دعائے مغفرت کی اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شمالی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے اسلامی اسکالر شرمن جیکسن نے کہا کہ محمد علی نے امریکا میں سیاہ فام آبادی کے حقوق کی جنگ لڑی۔
جمعہ کے روز ان کی ریاست میں امریکا کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا، امریکی صدر براک اوباما ان کی تدفین میں شریک نہیں ہوں گے لیکن ترک صدر رجب طیب اردوان اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی تدفین میں شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ محمد علی 17 جنوری 1942 میں پیدا ہوئے اوران کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا، 1964 میں اسلام قبول کرنے کے بعد ان کا نام محمد علی رکھا گیا۔

نیوکلیئرسپلائرز گروپ میں پاکستان کی شمولیت تک بھارت کی مخالفت جاری رکھیں گے، چین

چین کے علاوہ ترکی، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، جنوبی افریقا اور دیگر ممالک نے بھی بھارت کی این ایس جی میں شمولیت کی مخالفت کردی، فوٹو:فائل
ویانا: نیوکلیئرسپلائرزگروپ میں بھارت کی شمولیت کی کوششوں پر چین نے مؤقف مزید سخت کردیا جب کہ بھارت کے خلاف چین کی سربراہی میں 6 ملکی گروپ بھی سامنے آگیا ۔ 
غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے ممبران کا انتہائی اہم اجلاس ہورہا ہے جس میں نیوکلیئر گروپ کی رکنیت لینے کے خواہشمند ممالک کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں پر غور کیا جائے گا جس میں بھارت بھی شامل ہے تاہم چین نے امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں کی جانب سے بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ ( این ایس جی) میں شامل کرنے کے اقدام کی بھرپور مخالفت کی ہے۔
امریکا بھارت کو این ایس جی میں شامل کرنے کا بھرپور خواہاں ہیں اور اس کے لیے وہ مسلسل لابنگ کرتا آرہا ہے اور اگر بھارت اس گروپ میں شامل ہوجاتا ہے تو وہ حساس نیوکلیائی ٹیکنالوجی کی منتقلی کرنے والے اہم ممالک میں شامل ہوجائے گا تاہم چین نے بھارت کی شمولیت کی بھرپور مخالفت کی ہے جب کہ چین کے علاوہ ترکی، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، جنوبی افریقا اور دیگر ممالک نے بھی بھارت کی اس گروپ میں شمولیت کی مخالفت کردی ہے۔
نیوکلیئر سپلائر گروپ میں بھارت کی شمولیت کی مخالفت کرنے والے ممالک کا کہنا ہے کہ اس نے اب تک ایٹمی عدم پھیلاؤ یعنی نان پرولیفریشن ٹریٹی ( این پی ٹی) معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں اس لیے بھارتی رکنیت سے ایٹمی عدم پھیلاؤ کی کوششوں کو دھچکا پہنچے گا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’ بھارت کو گروہ میں شامل کرنا ان تمام ممالک کے منہ پر طمانچہ ہوگا جو ایٹمی عدم پھیلاؤ کی کوششیں کررہے ہیں۔‘
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کچھ روز قبل این ایس جی کے تمام اراکین کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ  بھارت کی این ایس جی میں شمولیت کے لئے اتفاقِ رائے کو نہ روکا جائے جب کہ  امریکی اخبارنیویارک ٹائمز نے اپنے اداریئے میں بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے لئے نا اہل قرار دیا تھا۔

بلوچستان ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، چینی وزارت خارجہ

عالمی برادری کو پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے، ترجمان چینی وزارت خارجہ، فوٹو؛ فائل
بیجنگ: بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف چین بھی پاکستان کی حمایت میں آگیا اور چینی وزارت خارجہ نے نوشکی ڈرون حملے کو پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ڈرون حملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جب کہ عالمی برادری کو پاکستانی سالمیت، خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل اور انسداد دہشت گردی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے، افغان مصالحتی عمل کے لیے چارملکی گروپ تشکیل دیا گیا جس کا مقصد افغانستان میں امن قائم کرنا ہے جب کہ تمام فریق افغان مصالحتی عمل کے حصول کے لیے اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی میں امریکی ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستان اور بھارت سے تعلقات الگ الگ بنیادوں پر استوار ہیں، امریکا

دونوں ممالک آپس کی کشید گی کم کرنے کے لئے اقدامات کریں، مارک ٹونر. فوٹو: فائل
واشنگٹن: نیوکلیئر سپلائر گروپ میں بھارت کی حمایت کرنے والے امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت سے تعلقات الگ الگ بنیادوں پر استوار ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کا صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت سے تعلقات کی نوعیت مختلف ہے، نیوکلئیر سپلائر گروپ کی مرضی ہے کہ پاکستان کو رکنیت دے یا نہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک آپس کی کشید گی کم کرنے کے لئے اقدامات کریں، واشنگٹن، پاکستان اور بھارت کےدرمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ پاکستان، افغانستان اور بھارت کے آپس کے اچھے تعلقات خطے کے لیے بہتر ہیں۔
مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ ایک 3 رکنی وفد اسلام آباد جا رہا ہے جو افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت اور افغان امن عمل کے حوالے سے بات کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی ممبر شب کے لئے درخواست دی ہے۔ نیوکلیئر سپلائر گروپ کے لئے بھارت کو امریکا کی جب کہ پاکستان کو چین کی حمایت حاصل ہے۔ دونوں ممالک کی نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates