خوف اور دہشت سے بھرپور ہالی ووڈ فلم "دی شیلوز" کا ٹریلرجاری

فلم کی کہانی ایسی خاتون سرفرکے گرد گھومتی ہےجو سمندرکے درمیان خطرناک شارکس کے حملوں سے بچ کرایک جزیرے پرپناہ لیتی ہے۔ فوٹو:فائل
کیلیفورنیا: خوف اور دہشت سے بھرپور ہالی ووڈ تھرلر فلم ’دی شیلوز ‘ کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
فلم کی کہانی ایسی خاتون سرفر کے گرد گھومتی ہے جو سمندر کے درمیان خطرناک شارکس کے حملوں سے بچ کر ایک جزیرے پر پناہ لے لیتی ہے۔ سمندر پر راج کرنے والی شارکس کے حملوں کا تنہا مقابلہ کرنے والی لڑکی کا کردار ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ بلیک لائیولی نبھا رہی ہیں۔ فلم میں سمندر کے اندر مناظر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ فلمایا گیا ہے۔ فلم 29 جون کو نمائش کے لئے پیش کی جائےگی۔

دپیکا نے اشتہارات میں کام کرنے کا معاوضہ 8 کروڑ روپے مانگ لیا

دپیکا پڈوکون نے ہالی ووڈ میں انٹری کے بعد فلموں اور اشتہارات میں کام کے لیے اپنے معاوضے میں اضافہ کردیا ہے۔ فوٹو؛ فائل
ممبئی: بالی ووڈ میں ڈمپل گرل کے نام سے مشہور اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ایک برانڈ کی تشہیر میں 3 دن کام کا معاوضہ 8 کروڑ مانگ لیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون  کاشمار فلم نگری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اب تک متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ اداکارہ بالی ووڈ میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد ہالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی کررہی ہیں جس کے بعد اب انہوں نے اپنے معاوضے میں یکدم اضافہ کردیا ہے جس پر تشہیری کمپنیوں  کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دپیکا پڈوکون نے ہالی ووڈ میں انٹری کے بعد فلموں اور اشتہارات میں کام کے لیے اپنے معاوضے میں اضافہ کردیا ہے جب کہ ایک برانڈ کی تشہیر کے لیے اداکارہ نے 3 دن کام کا معاوضہ 8 کروڑ روپے طلب کیا ہے جس کے بعد وہ سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی شخصیات شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی اورویرات کوہلی کے برابر آگئی ہیں تاہم دپیکا کے معاوضہ بڑھانے پرتشہیری کمپنی کی جانب سے پریشانی کا اظہار کیا گیا لیکن جلد ہی دونوں کے درمیان معاہدہ طے پانے کے امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کترینہ کیف اور پریانکا چوپڑا اشتہارات میں کام کرنے کا معاوضہ 3 کروڑوصول کرتی ہیں۔

بلوچستان ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، چینی وزارت خارجہ

عالمی برادری کو پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے، ترجمان چینی وزارت خارجہ، فوٹو؛ فائل
بیجنگ: بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف چین بھی پاکستان کی حمایت میں آگیا اور چینی وزارت خارجہ نے نوشکی ڈرون حملے کو پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ڈرون حملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جب کہ عالمی برادری کو پاکستانی سالمیت، خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل اور انسداد دہشت گردی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے، افغان مصالحتی عمل کے لیے چارملکی گروپ تشکیل دیا گیا جس کا مقصد افغانستان میں امن قائم کرنا ہے جب کہ تمام فریق افغان مصالحتی عمل کے حصول کے لیے اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی میں امریکی ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستان ٹیم کا استقبال، انگلینڈ میں’’کانٹوں‘‘ کے ہار تیار

جس نے کھیل کو بدنام کیا اسے عمر بھر کیلیے باہر کردینا چاہیے، فاسٹ بولر براڈ کے بعد کپتان کک بھی سامنے آگئے۔ فوٹو: پی سی بی
انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کا استقبال کرنے کیلیے ’کانٹوں‘ کے ہار تیار ہونے لگے، میزبان پلیئرز نے بظاہر ’نرم‘ مگر تلخ لہجوں سے ماحول گرمانا شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 2010 کے فکسنگ سے آلودہ ٹور کے بعد ایک بار پھر انگلینڈ کا سفر کرنے کو تیار ہے، دستے میں فاسٹ بولر عامر کی صورت میں ایک ایسے پلیئر موجود ہیں جو6 برس پہلے کے مشہور زمانہ اسکینڈل کے مرکزی کردار تھے۔ مگر اب اپنی سزا پوری کرنے کے بعد پھر سے کرکٹ میں واپس آچکے ہیں۔ ان کی موجودگی میں پوری پاکستانی ٹیم کو دورہ انگلینڈ کے دوران نہ صرف میزبان میڈیا بلکہ شائقین کے تلخ فقروں اور مذاق کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انگلش کرکٹرز نے بھی نرم لب و لہجے میں ماحول گرمانا شروع کردیا ہے،ایک روز قبل پیسر اسٹورٹ براڈ نے جہاں عامر سے ذاتی نوعیت کا کوئی مسئلہ نہ ہونے کی بات کہی وہیں یہ وارننگ بھی دیدی تھی کہ شائقین کی جانب سے انھیں سخت رویے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اب کپتان الیسٹر کک بھی نئی منطق لے کر سامنے آگئے،ایک طرف وہ کہتے ہیں کہ انھیں عامر سے کوئی مسئلہ نہیں اور ساتھ میں فکسنگ میں ملوث پلیئرز پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی میچ فکسنگ میں پکڑا جائے تو پھر اس پر تاحیات پابندی عائد کرنا مناسب ہوگا، ایسے لوگوں کو انتہائی سخت سزا دینی چاہیے کیونکہ ہمیں ہر حال میں کھیل کی ساکھ کی حفاظت کرنا ہے۔
میں یہ نہیں کہہ رہا کہ عامر کو واپس نہیں آنا چاہیے کیونکہ تب قوانین مختلف تھے مگر میرے خیال میں سزا اتنی سخت ہونی چاہیے کہ پھر لوگوں کو ایسے کام کی جرات نہ ہو۔ کک نے مزید کہا کہ عامر اپنی سزا پوری کرچکے، جو انھوں نے کیا اس کی سزا مل چکی جو ملنی ہی چاہیے تھی کیونکہ آپ کو کھیل کی ساکھ کو بچانا ہے،مجھے عامر کے خلاف کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔صرف پلیئرز ہی نہیں انگلش میڈیا کا لب و لہجہ ابھی سے عیاں ہونا شروع ہوچکا ہے، پاکستان ٹیم سے متعلق ہر اسٹوری میں فکسنگ کا لازمی طور پر ذکر کیا جارہا ہے۔
اسکواڈ کی آمد پر میزبان رپورٹرز فکسنگ کے شعلوں میں بجھے سوالوں کے تیر تیارکیے ہونگے۔ ادھر پاکستان ٹیم مینجمنٹ اپنے کھلاڑیوں کو اس بارے میں سبق پڑھانے میں مصروف ہے، جہاں ایک طرف انھیں ضابطہ اخلاق کا رٹا لگوایا جارہا ہے وہیں انگلش میڈیا اور شائقین کے فقروں کو ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکالنے کے زریں نسخے بھی بتائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں جو کمی رہ گئی وہ نئے کوچ مکی آرتھر آکر پوری کرینگے، بورڈ ہر ٹور سے قبل کھلاڑیوں سے ایک ضابطہ اخلاق پر دستخط کراتا ہے اس بار بھی ایسا ہی ہوگا، ٹیم کو کرفیو ٹائم کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی،بغیر منیجر کی اجازت کسی  غیرمتعلقہ شخص سے ملاقات بھی نہیں کی جا سکے گی، اس طریقہ کار پر ہر دورے میں ہی عمل ہوتا ہے۔

تکلیف میں نہیں میں نے رب سے صلح کرلی، محمد علی کے آخری الفاظ

یہ حقیقت ہے کہ محمد علی کے انتقال سے باکسنگ کا ایک عظیم دور اپنے اختتام کو پہنچا، لیکن محمد علی کا تذکرہ آیندہ آنے والی نسلوں تک ہوتا رہے گا۔ فوٹو : فائل
واشنگٹن:  امریکی ریاست ایریزونا کے اوسبورن میڈیکل سینٹر میں جب عظیم باکسر محمد علی کا انتقال ہوا تو اس وقت ان کی چوتھی بیوی اور 9 بچے ان کے ساتھ موجود تھے۔
محمد علی کی فیملی ذرا ئع کے مطابق آخری لمحات میں ان کے چہرے پر ہلکی مسکراہٹ تھی۔ محمد علی کے آخری الفاظ تھے ’’میں رب کائنات کے پاس جارہا ہوں، میرے لیے رونا نہیں۔ میں تکلیف میں نہیں ہوں، رب سے صلح کر لی ہے‘‘۔ انھوں نے اپنے چھوٹے بھائی اور 72 سالہ سابق ہیوی ویٹ باکسر رحمان علی سے مخاطب ہوکر پوچھا کہ ’’ میں کیسا لگ رہا ہوں ‘‘، جس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’ آپ پہلے جیسے ہی نظر آرہے ہیں ‘‘۔
محمد علی کلے گزشتہ ہفتے انتقال کرگئے تھے تاہم ان کی میت ان کے آبائی قصبے میں موجود ہے جہاں انہیں جمعے کو سپرد خاک کیا جائے گا۔

فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے ملزمان کی درخواستوں کی سماعت کیلیے لارجر بینچ تشکیل

سپریم كورٹ نے اٹارنی جنرل، جیك برانچ ، مقدمے كے فریقین اور ان كے وكلاء كو باقاعدہ نوٹسز جاری كردیئے۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے ملزمان كی درخواستوں  كی سماعت كے لیے 5 ركنی لارجر بینچ تشكیل دے دیا۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی كی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منظور احمد ملك پر مشتمل 5 ركنی لارجر بینچ آئندہ ہفتے سے تمام 17 آئینی درخواستوں كی سماعت كی جائے گی۔
فوجی عدالتوں نے تمام ملزمان كو آرمی پبلك اسكول پشاور، شورش زدہ علاقوں میں سیكیورٹی فورسز پر حملوں اور مساجد میں بم دھماكوں كے الزام میں سزائے موت سنائی تھی جب کہ عدالت نے تمام ملزمان کی درخواستوں كو یكجا كركے سننے كا فیصلہ كیا تھا۔ سپریم كورٹ نے اٹارنی جنرل، جیك برانچ ، مقدمے كے فریقین اور ان كے وكلاء كو باقاعدہ نوٹسز جاری كردیئے ہیں۔

چیرمین نیپرا کا کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس، صارفین کیلیے بجلی 16 پیسے فی یونٹ سستی

این ٹی ڈی سی نے کے الیکٹرک کو معاہدہ ختم ہونے کے بعد موجودہ ریٹ پر 650 میگاواٹ بجلی دینے سے انکار کردیا۔ فوٹو؛ فائل
 کراچی: نیشنل الیكٹرك پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے كے الیكٹرك صارفین كے لیے بجلی 16 پیسے فی یونٹ سستی كردی جب کہ چیرمین نیپرا نے شہر میں طویل لوڈ شیڈنگ کا بھی نوٹس لے لیا۔
چیرمین نیپرا نے كراچی میں بجلی كی طویل لوڈشیڈنگ سے متعلق عوامی شكایات كا نوٹس لے لیتے ہوئے ٹیكنیكل ٹیم كو شہر كا دورہ كرنے كی ہدایت كر دی ہے۔ چیرمین نیپرا كے مطابق تكنیكی ماہرین كی ٹیم لوڈشیڈنگ كی صورتحال كا معائنہ كرے گی۔
ادھر نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ كمپنی (این ٹی ڈی سی) نے بجلی خریداری كا معاہدہ ختم ہونے پركے الیكٹرك كو موجودہ ریٹ پر650 میگاواٹ بجلی فراہم كرنے سے انكار كردیا ہے۔
این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ كراچی میں  لوڈشیڈنگ 2017 میں نہیں 2020 میں ختم ہو گی، كے الیكٹرك كے ساتھ بجلی خریداری كا معاہدہ ختم  ہو چكا ہے اس لیے کمپنی کو سستے ریٹ پر 650 میگاواٹ كی فراہمی ممكن نہیں ہے۔
این  ٹی ڈی سی حكام كے مطابق حكومت یا نیپرا كہے تو كے الیكٹرك كو بجلی كی فراہمی فوری طور پر بند كردیں گے کیونکہ اس وقت مہنگے ترین پلانٹس چلا كركے الیكٹرك كو سستی بجلی دے رہے ہیں جب کہ معاہدے كے مطابق كے الیكٹرك نے 5 سال میں پیداواری صلاحیت میں اضافہ كرنا تھا۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates