سندھ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے رواں سال ان کیلیے اچھا نہیں ہوگا، خواجہ اظہار الحسن

سندھ حكومت خوش فہمی اور خوش گپیوں میں مصروف ہے اورسب اچھا ہے كا راگ الاپ رہی ہے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی، فوٹو؛ فائل
 کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے كہا ہے كہ سندھ حكومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے یہ سال ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
ایم کیوایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ صوبائی بجٹ سن كراپنا ردعمل دیں گے اور اس میں یہ دیكھیں گے كہ عوام كے لیے كیا كچھ ہے، اگر سندھ بجٹ میں عوام كے ریلیف كے لیے كوئی اعلان نہ ہوا تو بھرپوراحتجاج كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حكومت خوش فہمی اور خوش گپیوں میں مصروف ہے اورسب اچھا ہے كا راگ الاپ رہی ہے لیكن انہیں یہ اندازہ نہیں كہ رواں سال ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا یہ سال ان کے لیے مشکل ترین ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، چراغ سب کے بجھیں گے کیونکہ ہوا کسی کی نہیں ہے۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہرمحكمہ كا وزیركرپشن كا سردارہے، پیپلزپارٹی كی حكومت نواں بجٹ پیش كرنے كے باوجود سندھ كے مسائل حل نہیں كرسكی، اپوزیشن كرپٹ عناصر كو بجٹ اجلاس میں بے نقاب كرے گی، كمیشن مافیا اوركرپٹ مافیا كے خلاف مل كركام كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ایك نہیں 10 مقدمات مزید درج كرنے كی تیاری كریں لیكن عوامی مسائل كے حل كے لیے ہرروز احتجاج كریں گے۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ سے متعلق جواب طلب کرلیا

چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف سے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق دستاویزات طلب کی ہیں۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: الیكشن كمیشن نےغیر ملكی فنڈز كیس میں تحریك انصاف سے فنڈنگ سے متعلق تمام دستاویزات طلب كرتے ہوئے سماعت 18جولائی تك ملتوی كردی ہے۔
الیكشن كمیشن میں چیف الیكشن كمیشنر سردار محمد رضا كی سربراہی میں 3 ركنی بنچ نے كیس كی ان كیمرہ سماعت كی جس میں دونوں جانب سے دلائل سننے كے بعد الیكشن كمیشن نے تحریك انصاف كو ہدایت كی كہ وہ غیرملكی فنڈنگ سے متعلق تمام دستاویزات الیكشن كمیشن كو پیش كرے جس كے بعد سماعت 18 جولائی تك ملتوی كردی گئی ہے۔
سماعت كے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے درخواست گزار اكبر ایس بابر نے كہا كہ الیكشن كمیشن نے یقین دہانی كروائی ہے كہ مزید تاخیربرداشت نہیں كی جائے گی، اسلام آباد ہائیكورٹ میں معاملہ زیرالتواہے، اگر 18 جولائی كو ہائیكورٹ نے فیصلہ نہ دیا تو الیكشن كمیشن باقاعدہ سماعت كرے گا۔

پاناما لیکس؛ ٹی او آر کمیٹی کے اجلاس میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی

حکومت وزیراعظم کے خاندان کا احتساب نہیں چاہتی جس کی وجہ سے بات پہلے سے بھی زیادہ بگڑ چکی ہے،شاہ محمود قریشی. فوٹو:فائل
 اسلام آباد: پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے ٹرمز آف ریفرنس طے کرنے والی پارلیمانی کمیٹی ساتویں اجلاس میں بھی کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکی جس کے بعد اجلاس منگل تک ملتوی کردیا گیا۔
پاناما دستاویزات كی تحقیقات كے لیے ٹی او آرز طے كرنے والی پارلیمانی كمیٹی كا ساتواں اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں  ہوا جس میں بیرسٹر سیف كے علاوہ اپوزیشن اور حكومت كے تمام ممبران نے شركت كی۔ ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والا یہ اجلاس بھی بغیر كسی نتیجے كے ختم ہوا۔ ذرائع كے مطابق حكومت ٹی او آرز میں وزیر اعظم كا نام نہیں  شامل كرانا چاہتی تو اپوزیشن وزیراعظم كا نام شامل كرانے پر بضد ہے۔
اجلاس كے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں ڈیڈ لاك برقرار ہے كوئی پیشرفت نہیں ہوئی بلكہ صورتحال پہلے سے زیادہ بگڑ گئی ہے، حكومت كمیٹی در كمیٹی كے ذریعے وقت حاصل كرنا چاہتی ہے جس كا مقصد صرف اور صرف وقت كا ضیاع ہے، كمیٹی كے بعد میں سمجھتا ہوں  كہ اب اس كمیٹی كا كوئی فائدہ نہیں  ہوگا، كمیٹی كی اب تك كی تمام كارروائی سے متعلق عمران خان كو آگاہ كروں گا۔ انہوں نے کہا حكومت نہیں چاہتی كہ پاناما دستاویزات پر احتساب ہو، میرا اپوزیشن كو بھی یہی مشورہ ہے كہ كمیٹی میں بیٹھنے كا كوئی فائدہ نہیں، حكومت وقت حاصل كر رہی ہے۔
سینیٹ میں قائد حزب اعتزاز احسن نے بھی كی میٹنگ كو نشستاً ،گفتاً اور برخستاً قراردیتے ہوئے کہا کہ كمیٹی میں آئندہ رہنے یا نہ رہنے سے متعلق پارٹی سے مشاورت كے بعد فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، سب سے پہلے وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ كا احتساب ہو، ضروری ہوا تو مذاكرات كے تمام مراحل پر قوم كو اعتماد میں لیں گے، ٹی اوآرز پر كچھ نہ ہوا تو سڑكو ں پر جانے كا فیصلہ مشاورت سے كریں گے۔
دوسری جانب حكومتی كمیٹی كے ممبران خواجہ سعد رفیق اور میر حاصل بزنجو نے كہا كہ اپوزیشن صرف وزیرا عظم كی ذات كوٹارگٹ بنا رہی ہے، ان كی تمام تجاویز وزیراعظم سے شروع ہوكر وزیراعظم پر ختم ہوتی ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے كہا كہ ٹی او آرز ہر صورت بنانے ہیں یہ قوم سے وعدہ ہے، ایسا قانون نہیں بنا رہے جو نواز شریف كے خاندان كی تحقیقات سے روكے، معاملات دھرنوں سے نہیں  بلكہ مذاكرات سے حل ہوں گے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا یہ قبول نہیں كہ ایسا قانون بنے جو صرف نواز شریف كی طرف جائے، اگر ایسا مسودہ لے آئیں گے جس كی تاند نواز شریف پہ ٹوٹتی ہے تو قبول نہیں، ہمیں صرف ٹی او آر بنانے ہیں، عدالت جسے چاہے بلائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت وزیراعظم كے بیٹو ں كو بلائے گی تو وہ عدالت میں جاکر جواب دیں گے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم سنجیدہ ہیں، اسحاق ڈار بجٹ كے دنوں  بھی مذاكرات كر رہے ہیں، اپوزیشن كی تمام تجاویز نواز شریف سے شروع ہو كہ نواز شریف پہ ختم ہوتی ہیں۔

نوشکی ڈرون حملے جیسا اقدام مستقبل میں پاک امریکا تعلقات متاثر کرسکتا ہے، سرتاج عزیز

بلوچستان میں ڈرون حملے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں سرد مہری پیدا ہو گئی تھی۔ فوٹو: پی آئی ڈی
 اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان آنے والے امریکی وفد پر واضح کیا ہے کہ نوشکی ڈرون حملہ پاکستان کی خود مختاری سمیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور باہمی طے شدہ امور کی بھی خلاف ورزی تھا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے امریکی وفد نے ملاقات کی۔ امریکی وفد میں صدر اوباما کے مشیر پیٹرلیوئے، پاکستان اور افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن سمیت دیگر شریک تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرمشیرخارجہ سرتاج عزیز نے امریکی وفد پر واضح کیا کہ نوشکی ڈرون حملہ پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی تھا جبکہ یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور باہمی طے شدہ امور کی بھی خلاف ورزی تھا اور اگر مستقبل میں ایسا اقدام دہرایا گیا تو باہمی تعلقات کے لئے نقصان دہ ہوگا۔
مشیرخارجہ نے کہا کہ ڈرون حملے سے افغان امن عمل کی کوششوں کو نقصان پہنچا۔ امریکی وفد کی جانب سے طالبان کےلئے پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے سوال پر مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے تمام دہشت گردوں کے خاتمے کی کوشش کررہا ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو جلد وطن واپس بھیجنے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان کو بہتر بارڈر منیجمنٹ کے ذریعے اپنی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری  کا کہنا تھا کہ امن عمل کی بحالی کے لئے پاکستان سمیت چین، امریکا اورافغانستان کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی،18 مئی کو 4 فریقی اجلاس میں امن مذاکرات کو واحد آپشن قرار دیا گیا تھا ۔ امریکی وفد میں شامل مشیر امریکی صدر پیٹر لیوئے کا کہنا تھا کہ صدر اوباما پاکستان سے تعلقات کی بہتری کے لئے پرعزم ہیں اور وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
امریکی صدر کے مشیر پیٹر لیوئے کی قیادت میں آنے والا وفد نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی جس میں بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وفد میں پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن اور میتھیو ڈیوڈ بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر سول اورعسکری قیادت کی شدید مذمت کے بعد پاک امریکا تعلقات میں سرد مہری پیدا ہوگئی تھی جب کہ رہی سہی کسر امریکا نے بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کی حمایت کرکے پوری کردی۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں مسجد کی چھت گرنے سے 6 نمازی شہید، 14 زخمی

ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے،ایس ایس پی سینٹرل فوٹو: سوشل میڈیا۔
 کراچی: نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع مسجد کی چھت گرنے سے 6 نمازی شہید جب کہ 14 زخمی ہو گئے ہیں۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب واقع جامع مسجد عثمان میں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی کہ مسجد کی چھت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 نمازی شہید جب کہ 14 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے  ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں طبی عملے کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،حادثے کے بعد عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مسجد کی چھت گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی جب کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

افغانستان میں ملافضل اللہ اور تحریک طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے، آرمی چیف کا امریکا سے مطالبہ

نوشکی ڈرون حملہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہے، سربراہ پاک فوج فوٹو: آئی ایس پی آر
راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے نوشکی ڈرون حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے نے پاک امریکا باہمی اعتماد کو نقصان پہنچایا جب کہ امریکا افغانستان میں ملافضل اللہ اور تحریک طالبان کو نشانہ بنائے۔
پاک فوج سے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغانستان میں امریکی فوج کےکمانڈر جنرل نکولس اور امریکی خصوصی نمائندہ رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی انتظامات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی وفد سے نوشکی ڈرون حملے کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ  ڈرون حملہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت  کی خلاف ورزی ہے جس نے پاک امریکا تعلقات اور اعتماد سمیت  آپریشن ضرب عضب میں حاصل کردہ کامیابیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خطے میں دیرپا امن کا حصول سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، پاکستان کسی صورت بھارتی خفیہ ایجنسی “را” اور افغان ایجنسیوں کو پاکستان مخالف کارروائیوں اوردہشت گردی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  آپریشن ضرب عضب کا ہدف تمام دہشت گرد ہیں، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو بلا امتیاز ختم کیا جارہا ہے، تمام فریقین کو پاکستان کو درپیش چیلنجز کو سمجھنا چاہئے، پاکستان کوغیرمحفوظ سرحد، قبائلی رابطوں اور 30 لاکھ سے زائد مہاجرین کا مسئلہ درپیش ہے۔
سربراہ پاک فوج نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ ملافضل اللہ اور تحریک طالبان کو افغانستان میں نشانہ بنایا جائے، افغانستان میں عدم استحکام پر پاکستان کو الزام دینا بدقسمتی ہے جب کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں 4 ملکی رابطہ گروپ کے تحت کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے امریکی وفد نے ملاقات کی۔ امریکی وفد میں صدر اوباما کے مشیر پیٹرلیوئے، پاکستان اور افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن سمیت دیگر شریک تھے۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرمشیرخارجہ سرتاج عزیز نے امریکی وفد پر واضح کیا کہ نوشکی ڈرون حملہ پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی تھا جبکہ یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور باہمی طے شدہ امور کی بھی خلاف ورزی تھا اور اگر مستقبل میں ایسا اقدام دہرایا گیا تو باہمی تعلقات کے لئے نقصان دہ ہوگا۔
مشیرخارجہ نے کہا کہ ڈرون حملے سے افغان امن عمل کی کوششوں کو نقصان پہنچا۔ امریکی وفد کی جانب سے طالبان کےلئے پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے سوال پر مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے تمام دہشت گردوں کے خاتمے کی کوشش کررہا ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو جلد وطن واپس بھیجنے کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان کو بہتر بارڈر منیجمنٹ کے ذریعے اپنی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری  کا کہنا تھا کہ امن عمل کی بحالی کے لئے پاکستان سمیت چین، امریکا اورافغانستان کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی،18 مئی کو 4 فریقی اجلاس میں امن مذاکرات کو واحد آپشن قرار دیا گیا تھا ۔ امریکی وفد میں شامل مشیر امریکی صدر پیٹر لیوئے کا کہنا تھا کہ صدر اوباما پاکستان سے تعلقات کی بہتری کے لئے پرعزم ہیں اور وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات رکھتے ہیں۔

شلپاکی41 ویں سالگرہ؛ راج کندراکی بیوی کیلیے خفیہ تقریب

فوٹو : فائل
ممبئی: بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی جو گزشتہ روز 41 برس کی ہو گئی ہیں اوراداکارہ کے شوہر راج کندرا نے ان کی سالگرہ کے دن کو اور بھی خاص اور یادگار بنانے کے لیے خفیہ طور پر تیاریاں کی تھیں۔
راج کندرا اداکارہ کوان کے پسندیدہ ریسٹورینٹ لے کرگئے جہاں انھوں نے سب سے پہلے انھیں پھول کا گلدستہ اور کارڈ پیش کیا، پھر ان کے پسندیدہ پکوان کے لیے آرڈر دیے اور کیک بھی کاٹا، اداکارہ نے اپنی سالگرہ کے دن کی مناظر کی تصاویر بھی ٹوئٹر پر جاری کی ہیں۔
شلپا نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے شوہر ان سے اتنا پیار کرتے ہیں، وہ بھی اپنی فیملی سے بے حد پیار کرتی ہیں،ان کی فیملی ہی ان کی اولین ترجیع ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates