وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں اورنج لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پیپلزپارٹی كی حكومت نے كراچی كو اونرشپ دی اور متعدد منصوبوں كا آغاز كیا، قائم علی شاہ، فوٹو؛ این این آئی
 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں اورنج لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جب کہ اس موقع پر ان کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے شہر کو اونر شپ دی اور متعدد منصوبوں کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ٹی ایم اے پارک اورنگی ضلع غربی میں اورنج لائن بس منصوبے كا سنگ بنیاد ركھا جب کہ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی كی حكومت نے كراچی كو اونرشپ دی اور متعدد منصوبوں كا آغاز كیا جن میں كے۔ فور بھی شامل ہے جس كی تمام تر كارروائی گذشتہ روز مكمل كرلی گئی ہے، اس منصوبے سے كراچی كو 260 ایم جی ڈی پانی دستیاب ہوگا اور شہر كی 80 فیصد سے زائد پانی كی ضروریات كا احاطہ ہو سكے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے كہا كہ شہر كا دوسرا بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹ كا ہے، ہم نے 6 ریپڈ بس ٹرانسپورٹ(آر بی ٹی) منصوبوں  كا اہتمام كیا ہے جن میں  سے وفاقی حكومت گرین لائن تعمیر كر رہی ہے، سندھ حكومت نے اپنے وسائل سے اورنج لائن منصوبہ كا آغاز كیا ہے جب كہ بقایا 2 لائنز پبلك پرائیویٹ پارٹنر شپ كے تحت شروع كی جائیں گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جكھرانی نے كہا كہ اورنج لائن ابتدائی طور پر 4 كلو میٹرز تك كا احاطہ كرے گی اور اس كی تكمیل كے بعد اس میں 9 كلو میٹرز تك توسیع دی جائے گی۔ سیكریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی نے اس منصوبہ كے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے كہا كہ یہ منصوبہ 1.14بلین روپے كی لاگت سے تعمیر كیا جائے گا، یہ 4 كلو میٹر كا پروجیكٹ ہے جس كی فی گھنٹہ گنجائش 50 ہزار مسافر ہیں۔

شیریں مزاری نے خواجہ آصف کیخلاف کارروائی کیلئے اسپیکر کو خط لکھ دیا

خواجہ آصف نے معافی نہیں مانگی اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، خط کا متن. فوٹو: فائل
 اسلام آباد: تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کے لئے اسپیکر کو خط لکھ دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ٹریکٹر ٹرالی اور آنٹی جیسے الفاظ استعمال کرنے پر شیریں مزاری نے وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کے لئے اسپیکر سردار ایاز صادق کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے ان کی تضحیک کی اور ان کے الفاظ سے میرا استحقاق مجروح ہوا، اس لئے انہیں ایوان میں سب کے سامنے نام لے کر معافی مانگینی چاہیئے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
شیریں مزاری کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف موثر کارروائی کی جائے صرف اسمبلی کارروائی سے الفاظ حذف کردینا کافی نہیں۔
واضح رہے کہ 8 جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنی بات کے دوران مداخلت کرنے پر خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی اور آنٹی کہا تھا۔

سندھ کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ

نئے بجٹ میں 50 ہزار نئی سرکاری ملازمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع، فوٹو؛ فائل
کراچی: صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ سندھ کا نئے مالی سال  کا 830 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، 830 ارب روپے سے زائد کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں خسارے کو پورا کرنے کے لیے حکومت سندھ آمدنی بڑھانے کے لیے بعض سروسز پر ٹیکس عائد کرے گی جب کہ پراپرٹی ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس سمیت کچھ موجودہ ٹیکسز میں  اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں ترقیاتی کاموں پر 250 ارب روپے، کراچی کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ شہر کے بعض میگا پروجیکٹس کے لیے بھی رقوم مختص کی جائیں گی جن میں ایس۔ 3، اورنج لائن بس پروجیکٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی کے پانی کے منصوبے کے ۔4 کے لیے سندھ حکومت اپنے حصے کی رقم میں  سے 6 ارب روپے مختص کرے گی۔ نئے بجٹ میں 50 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان جب کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں  اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس 10 فیصد بڑھانے کا امکان ہے جب کہ پراپرٹی ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے، سیکیورٹی کے بجٹ میں بھی 25 فیصد اضافہ اور بلدیاتی اداروں  کے بجٹ میں  بھی اضافہ کیا جائے گا۔ بجٹ میں صوبے کو اپنے محصولاتی اور غیر محصولاتی ذرائع سے ہونے والی ریونیو آمدنی کا تخمینہ تقریباً 2 ارب روپے لگایا گیا ہے جب کہ ریونیو اخراجات کا تخمینہ 5 کھرب 50 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں مسجد کی چھت گرنے سے 6 نمازی شہید، 14 زخمی

ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے،ایس ایس پی سینٹرل فوٹو: سوشل میڈیا۔
 کراچی: نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع مسجد کی چھت گرنے سے 6 نمازی شہید جب کہ 14 زخمی ہو گئے ہیں۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب واقع جامع مسجد عثمان میں نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی کہ مسجد کی چھت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 نمازی شہید جب کہ 14 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے  ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں طبی عملے کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،حادثے کے بعد عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مسجد کی چھت گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی جب کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم سے احتساب کا عمل شروع کرنے کے مؤقف پرآج بھی قائم ہیں، اعتزازاحسن

حکومت سے مثبت رویہ اختیارکرنےکی توقع ہے اگرپیشرفت کا امکان ہوا توآگے بڑھیں گے، رکن ٹی او آر کمیٹی۔ فوٹو : فائل
اسلام آباد: سینٹ میں اپوزیشن لیڈر اور ٹی او آر کمیٹی کے رکن اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سب کا یکساں احتساب چاہتے ہیں لیکن اپنے مؤقف پر آج بھی قائم ہیں کہ احتساب کا عمل وزیراعظم اور ان کے خاندان سے شروع ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مؤقف پرآج بھی قائم ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سب کا احتساب یکساں ہو اورسب سے پہلے احتساب کا عمل وزیراعظم اوران کےخاندان کے افراد سے شروع کیا جائے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم ہر وقت پر امید رہنے والے ہیں کبھی ناامید نہیں ہوئے ہمیں حکومت سے مثبت رویہ اختیار کرنے کی توقع ہے اگر پیشرفت کے تھوڑے سے امکان ہوئے تو ہم بھی بھرپور طریقے سے آگے بڑھیں گے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ وقت مناسب نہیں کہ بتاسکیں کہ اس وقت مذاکرات کس مرحلے میں ہیں، مناسب  وقت پر ٹی او آرز کے سارے معاملات اور تمام اختلافی نکات قوم کے سامنے آئیں گے اوراگر ضروی ہوا تو مذاکرات کے تمام مراحل پر قوم کو اعتماد میں بھی لیا جائے گا۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ٹی او آرز پر اگر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا تو اپوزیشن سرجوڑ کر بیٹھے گی اور سڑکوں پر جانے کا فیصلہ بھی مشاورت سے کریں گے۔

شاہین ایئرلائن کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

اسلام آباد سے مانچسٹر جاتے ہوئے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا۔ فوٹو؛ فائل
 کراچی: اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے شاہین ایئرلائن کے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔
اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والے شاہین ایئرلائن کے طیارے کا اگلا ٹائر پھٹ گیا جس کے بعد طیارے کو کنٹرول ٹاور کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہدایت دی گئی۔ کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملے کو بھی طلب کیا گیا جب کہ ہنگامی لینڈنگ کے باعث ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی۔
کنٹرول ٹاور کی جانب سے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ سے قبل ایئرپورٹ کے اطراف چکر لگانے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد کنٹرول ٹاور کی اجازت کے بعد طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ ذرائع کے مطابق طیارے میں عملے سمیت 150 افراد سوار تھے جب کہ ہنگامی لینڈنگ کے باعث کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا

سندھ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے رواں سال ان کیلیے اچھا نہیں ہوگا، خواجہ اظہار الحسن

سندھ حكومت خوش فہمی اور خوش گپیوں میں مصروف ہے اورسب اچھا ہے كا راگ الاپ رہی ہے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی، فوٹو؛ فائل
 کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے كہا ہے كہ سندھ حكومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے یہ سال ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
ایم کیوایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ صوبائی بجٹ سن كراپنا ردعمل دیں گے اور اس میں یہ دیكھیں گے كہ عوام كے لیے كیا كچھ ہے، اگر سندھ بجٹ میں عوام كے ریلیف كے لیے كوئی اعلان نہ ہوا تو بھرپوراحتجاج كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حكومت خوش فہمی اور خوش گپیوں میں مصروف ہے اورسب اچھا ہے كا راگ الاپ رہی ہے لیكن انہیں یہ اندازہ نہیں كہ رواں سال ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا یہ سال ان کے لیے مشکل ترین ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، چراغ سب کے بجھیں گے کیونکہ ہوا کسی کی نہیں ہے۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہرمحكمہ كا وزیركرپشن كا سردارہے، پیپلزپارٹی كی حكومت نواں بجٹ پیش كرنے كے باوجود سندھ كے مسائل حل نہیں كرسكی، اپوزیشن كرپٹ عناصر كو بجٹ اجلاس میں بے نقاب كرے گی، كمیشن مافیا اوركرپٹ مافیا كے خلاف مل كركام كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ایك نہیں 10 مقدمات مزید درج كرنے كی تیاری كریں لیكن عوامی مسائل كے حل كے لیے ہرروز احتجاج كریں گے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates