لاہورمیں محبت میں ناکامی پرلڑکےکی فائرنگ سے لڑکی کی بہن زخمی، نوجوان کی مشکوک خودکشی

اشفاق کو لگنے والی گولی کا زاویہ واقعے کو مشکوک بنارہا ہے، پولیس فوٹو: فائل
 لاہور: کوٹ لکھ پت میں محبت میں ناکامی پر نوجوان نے مبینہ طورپر فائرنگ سے لڑکی کی بہن کو زخمی کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہورکے جنرل اسپتال میں ایک نوجوان کی لاش جب کہ ایک لڑکی کو زخمی حالت میں لایا گیا، دونوں کو گولیاں لگی تھیں۔ مرنے والے نوجوان کی شناخت اشفاق جب کہ زخمی لڑکی کی شناخت ندا کے نام سے ہوئی۔
زخمی لڑکی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ کوٹ لکھ پت کے علاقے اسماعیل نگر کی رہائشی ہے، اشفاق اس کی بہن مہوش سے محبت کرتا تھا۔ ہفتے کی صبح وہ اچانک گھر میں گھس آیا اور اس نے مہوش پر فائرنگ کردی تاہم مہوش کو بچاتے ہوئے وہ خود فائرنگ کی زد میں آگئی ۔ جس کے بعد اشفاق نے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
دوسری جانب پولیس اورطبی عملے کا کہنا ہے کہ بظاہراشفاق کی موت خودکشی کا نتیجہ نہیں لگتی کیونکہ اشفاق کی موت دل میں گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے، جس زاویے سے اشفاق کو گولی لگی ہے عام طور پر خودکشی میں اس طرح گولی نہیں لگتی۔ اشفاق کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے اس کی موت کا تعین کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی لاہورہی میں ماں نے پسند کی شادی کرنے پر اپنی بیٹی کو زندہ جلا دیا تھا۔

20 ارب ہرجانہ؛ عمران خان کے خلاف افتخارچوہدری کی درخواست کی سماعت 26 جون تک ملتوی

سابق چیف جسٹس نے انتخابی دھاندلی کے الزامات پر عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے فوٹو: فائل
 اسلام آباد: سیشن کورٹ نے عمران خان کے خلاف سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی 20 ارب روپے ہرجانے سے متعلق کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد کے سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی جانب سے عمران خان کے خلاف بیس ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت کی تاہم معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ کیس کی آئندہ سماعت 26 جون کو ہوگی۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے انتخابی دھاندلی کے الزامات پر عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ ان کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے نے بھی عمران خان پر ہتک عزت کا دعویٰ کررکھا ہے۔

عبداللہ حوالگی کیس؛ مکمل شواہد ملنے تک بچہ ایدھی ہوم کے سپرد

عدالت نے کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کردی۔ فوٹو: ایکسپریس
 کراچی: عدالت نے مکمل شواہد ملنے تک مقتولہ حلیمہ کے 4 سالہ بیٹے عبداللہ کو ایدھی ہوم کے سپرد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عبداللہ کے والد چوہدری اقبال کی جانب سے بچے کی حوالگی کے لئے دائر درخواست کی سماعت فیملی کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر چوہدری اقبال کے وکیل کی جانب سے عبداللہ کا برتھ سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ والدہ حلیمہ کے انتقال کے بعد چوہدری اقبال ہی بچے کے حقیقی وارث ہیں لہذا عبداللہ کو والد کے سپرد کیا جائے۔
عدالتی نوٹس پر ایدھی فاؤنڈیشن نے اپنے تحریری جواب میں موقف اختیارکیا کہ ابھی یہ ثابت نہیں ہواکہ عبداللہ کے والد چوہدری اقبال ہیں، بچے کو چوہدری اقبال کے حوالے کرنے سے  پہلے درخواست گزار کو اپنی ولدیت کے سلسلے میں شواہد دینا ہوں گے، عدالت درخواست گزار سے  نکاح نامہ اور طلاق نامہ طلب کرے اور  چوہدری اقبال اورعبداللہ کا ڈی این اے کرایا جائے جب کہ درخواست گزار کی جانب سے متوفی حلیمہ بی بی کو نان نفقے کے لیے بھیجی گئی رقم کے ثبوت بھی طلب کئے جائیں۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فریقین کو آئندہ سماعت پر بچے کی حوالگی کے حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کردی اور حکم دیا کہ کیس کا فیصلہ ہونے تک بچے کی دیکھ بھال ایدھی فاؤنڈیشن ہی کرے گی۔

پاکستان اور بھارت کو سیکیورٹی معاملات میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیئے، امریکا

طالبان کو جلد احساس ہو جائے گا کہ افغانستان کو مفاہمت کی ضرورت ہے، مارک ٹونر۔ فوٹو: فائل
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کہ پاکستان اور بھارت کو سیکیورٹی معاملات میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیئے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کا واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں سے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کو بھی ایک دوسرے سے سیکیورٹی معاملات میں تعاون کرنا چاہیئے اور اس عمل میں افغانستان کو بھی شامل کیا جائے، تینوں ممالک کے آپسی تعاون سے امریکا کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
مارک ٹونر کا کہنا تھا افغان حکومت طالبان سے مذاکرات کرنا چاہتی ہے، طالبان کو بھی مفاہمتی عمل کا حصہ بننا چاہیئے، امید ہے طالبان کو جلد احساس ہو جائے گا کہ افغانستان کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی افواج کو مزید حملوں کا اختیار دیا گیا ہے تاہم امریکی افواج کی بنیادی ذمہ داری افغان فوجوں کو ٹریننگ دینا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف عید الفطرسے پہلے پاکستان آجائیں گے، عابد شیرعلی

وزیراعظم نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں، عابد شیر علی فوٹو: فائل
فیصل آباد: وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور وہ انشاءاللہ عید الفطر سے پہلے پاکستان آجائیں گے.
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا کہ پاناما پیپرزمیں وزیراعظم کا نام نہیں، اس کے باوجود وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا، ٹی او آرکے معاملے پر حکومت کی نیت صاف ہے، ہم معاملے کو حل کرنے کے لیے ہر قسم کا تعاون کررہے ہیں۔ اس پر سڑک کی سیاست نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں، امید ہے کہ انشاءاللہ عید الفطر سے پہلے پاکستان آجائیں گے.
لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سحراورافطار میں بجلی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، جہاں بجلی چوری ہو رہی ہے وہاں لوڈ شیڈنگ زیادہ ہے، لوڈ شیڈنگ میں جلد کمی آئےگی ملک بھر کے صنعتی علاقوں میں 5 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جسے 4 گھنٹے تک لانے کی کوشش کی جارہے ہے۔

تھائی لینڈ میں بس کو آگ لگنے سے 11 اساتذہ زندہ جل گئے

وین کا ٹائر پھٹ جانے کے باعث وین ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر الٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، عینی شاہدین : فوٹو : فائل
بینکاک: تھائی لینڈ میں تیز رفتاری کے باعث الٹنے والی بس میں آگ لگنے سے اس میں سوار 11 اساتذہ زندہ جل گئے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے قریب مرکزی شاہراہ چونبری پر مسافر وین بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ ڈراوئیر سمیت 5 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تھائی لینڈ کی وزارت داخلہ  کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین میں سوار تمام افراد مقامی اسکول میں استاد تھے۔ بچ جانے والے  4 مسافروں کا بیان ہے کہ وین کا ٹائر پھٹ جانے کے باعث وین ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر الٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates