کوئٹہ میں ایئرپورٹ کے قریب پولیس مقابلے میں 5 ملزمان ہلاک

چشمہ اچوزئی میںٰ مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ سے 5 ملزمان مارے گئے، ذرائع، فوٹو؛ فائل
کوئٹہ: ایئرپورٹ کے علاقے چشمہ اچوزئی میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 حملہ آور مارے گئے جب کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں ایئرپورٹ کے علاقے چشمہ اچوزئی میں پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ قریبی باغ میں چھپے مسلح ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ کی گئی تو ملزمان نے قریبی باغ میں روپوش ہوگئے جس کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے ملزمان کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا جس کے نتیجے میں 5 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان سے فائرنگ سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کےلیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا ہے جب کہ ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم ان کی لاشوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کرکے ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

پاکستان اپنا میزائل پروگرام کسی صورت بند نہیں کرے گا، سیکریٹری خارجہ

امریکا کو بتادیا ہے کہ اس کی پالیسیاں خطے کے لئے عدم استحکام پیدا کرسکتی ہیں، اعزاز چوہدری فوٹو: فائل
 اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا کو بتادیا ہے کہ اس کی پالیسیاں خطے میں عدم استحکام پیدا کرسکتی ہیں جب کہ عالمی برادری پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان اپنا میزائل پروگرام کسی صورت بند نہیں کرے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ اور دفاع کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ملک کو درپیش خارجی چیلنجز، بلوچستان میں ڈرون حملے اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران دفاعی حکام نے کمیٹی ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکا سے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے معاہدے کے متعلق بتایا کہ کانگریس کا کہنا ہے کہ ٹیکس گزاروں کا پیسہ خرچ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، امریکا میں یہ صدارتی انتخابات کا وقت ہے اور اس وقت پینٹاگون اوروائٹ ہاؤس کانگریس کے سامنے بات نہیں کرنا چاہتے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکا سے ایف سولہ طیاروں کی ڈیل کا باب بند ہوچکا ہے، امریکا کاکہنا تھا کہ پاکستان ادائیگی نیشنل فنڈسے کرے ،ہمارا موقف تھا کہ پاکستان صرف 39.2 فیصد کل رقم سے اداکرے گا، اب پاکستان اردنی ایف سولہ طیارے خریدے گا، اردن سے طیارے بھی امریکا کی مرضی سے ہی ملیں گے اورامریکا نے بھی اس پررضامندی ظاہرکی ہے، روس اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ موجود ہے جس کے تحت فیفتھ جنریشن کے طیارے روس سے خریدنے پر غور کررہے ہیں، اس کے علاوہ طیاروں کی خریداری کے حوالے سے فرانس سے بھی بات کرچکے ہیں۔
سیکریٹری خارجہ اعزازچوہدری نے کمیٹی کوبتایا کہ پاک امریکا تعلقات میں نشیب و فراز پاکستانی عوام اور قیادت کے لیے نئی بات نہیں، پاک امریکا کشیدگی کی کئی وجوہات ہیں جن میں امریکا کا بھارت کو ترجیحی بنیادوں پر پسند کرنا، پاک چین آگے بڑھتی دوستی اورسی پیک منصوبہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ معاملات پرہم امریکا کے ساتھ ہرگز تعاون نہیں کرسکتے جن میں ہماری خودمختاری اور سالمیت شامل ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ ہم نے رچرڈ اولسن کی سربراہی میں ملنے والے امریکی وفد سے کھل کربات کی ہے، امریکیوں کا کہنا ہے کہ ملا منصور امریکی افواج کے لئے خطرہ تھا، امریکیوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ وہ بات چیت سے انکاری تھا، ہم نے وفد سے کہا کہ ملااختر منصور اگر مذاکرات حق میں نہیں تھا تو وہ انکاری بھی نہیں تھا ، ملا اختر منصورکی ہلاکت سے امن عمل کو دھچکا لگا ہے، ہم نے امریکا سے کہا ہے کہ بتایا جائے امن عمل بات چیت سے بڑھانا ہے یا جنگ سے، امریکا نے ڈرون حملہ کرنے میں جلد بازی کی، اس نے جہاں 16 سال جنگ کو دیے وہیں 6 ماہ افغان امن عمل کو بھی دیتا۔ امریکی وفد نے اتفاق کیا کہ امن کے لئے مذاکرات ہی حل ہے۔
اعزازچوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتاہے کیونکہ یہ خطے میں امن کے لئے ضروری ہے، یہ تاثردرست نہیں کہ ملا اخترمنصورکی ہلاکت پرپاکستان تاخیرسے جاگا ہے، گزشتہ برس جولائی میں امن مزاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لیے خبر پھیلائی گئی کہ ملا عمر کراچی میں انتقال کرگئے ہیں حالانکہ ملاعمر کبھی بھی کراچی نہیں آئے، وہ زابل میں رہے اور وہیں سپرد خاک کئے گئے ہیں۔ میڈیا میں خبریں ہیں کہ ایران داعش کے خلاف طالبان سے اتحاد کررہاہے، ہماری ایران سے بات ہوئی ہے کہ ملااخترمنصور ایران میں کیا کررہا تھا، اب ایرانی حکام اپنے ملک میں اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انگوراڈا چیک پوسٹ افغانستان کے حوالے نہیں کی جارہی ، پاکستان نے افغانستان کی حدود میں صرف تحفہ کے طور پر دروازہ تعمیر کیا۔ وزیر اعظم نے افغان حکومت کے سخت بیانات کا جواب دینے سے روک رکھا ہے لیکن امریکا سے کہا گیا ہے کہ افغانستان کو ایسے بیانات دینے سے روکاجائے۔
سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ ہم نے امریکا سے خاص طور پر بھارت کے حوالے سے پالیسیوں پر بات کی ہے اور امریکا کو بتادیا ہے کہ اس کی پالیسیاں خطے کے لئے عدم استحکام پیدا کرسکتی ہیں ، ہم نے ہر ایک کو آگاہ کردیا ہے کہ پاکستان اپنا میزائل پروگرام کسی صورت بند نہیں کرے گا، نیوکلیئر سپلائر گروپ پر بھی ہم نے خاموش سفارت کاری کی ہے۔ ہم نے امریکا سمیت دیگر ممالک کو بتادیاہے کہ سی پیک کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے، گوادر اور چاہ بہار کے درمیان کوئی اسٹرٹیجک نسبت نہیں، گوادر بندرگاہ کا پہلا فائدہ افغان صوبہ قندھار کو ہوگا۔

سوات میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

دہشت گرد کبل کے علاقے توتانو بانڈہ کے ایک گاؤں منجھا میں چھپے ہوئے تھے فوٹو: فائل
سوات: کبل کے علاقے توتانو بانڈہ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سوات کی تحصیل کبل میں گزشتہ رات دہشت گردوں نے پولیس کی گشتی وین پر فائرنگ کرکے 3 اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دہشت گردوں کی تلاش کے دوران توتانو بانڈہ کے ایک گاؤں منجھا میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی گئی، جس پر فورسز نے بھی جوابی کارروائی شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جن کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب چارسدہ کی تحصیل شب قدر کے علاقے حلیم زئی میں سی ٹی ڈی مالاکنڈ ڈویژن نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان سے 2 خودکش جیکٹس اور بارودی مواد کے علاوہ کلاشنکوف اور 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کیا ہے تاہم کسی قسم کی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

حب میں مسافر کوچ اور ٹرک میں ٹکر سے 5 افراد جاں بحق، 22 زخمی

حادثے میں شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی کے سول اسپتال بھجوادیا گیا ہے فوٹو: فائل
حب: کراچی سے ملحق بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان ٹکر کے باعث 5 افراد جاں بحق جب کہ 22 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سے ملحق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں کوئٹہ سے آنے والی مسافر کوچ حب کے قریب پیپرانی میں آر سی ڈی شاہراہ پر ایک ٹرک کو اوور ٹیک کرتے ہوئے اس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 22 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویش ناک جب کہ 13 کو معمولی نوعیت کے زخم آئے تھے۔ شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی کے سول اسپتال بھجوادیا گیا ہے۔

انیس قائم خانی نے ذوالفقار مرزا اور شاہی سید کو قتل کرنے کا ہدف دیا تھا، سعید بھرم کا انکشاف

سعید بھرم کو باقاعدہ طور پر دبئی سے گرفتار کرکے کراچی لایا گیا ہے فوٹو: فائل
 کراچی: دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان لائے گئے مبینہ ٹارگٹ کلر سعید بھرم نے جے آئی ٹی کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ اسے انیس قائم خانی نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ، شاہی سید اور آفاق احمد کو قتل کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی مبینہ ٹارگٹ کلر سعید بھرم نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے کئی انکشاف کئے ہیں، سعید بھرم نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے 34 کارکن بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘ کے تربیت یافتہ ہیں۔ جن میں سے 13 ٹارگٹ کلرز کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے لیے مخصوص کوڈ ورڈز کا استعمال کیا جاتا تھا۔ کلاشنکوف کے لیے کمپیوٹر، پستول کو پینسل اور بارود کو چونا کہا جاتا تھا۔
سعید بھرم نے بتایا کہ کراچی میں زمینوں پر قبضے اور چائنہ کٹنگ میں ایم کیو ایم کے 9 رہنما ملوث ہیں، کراچی کے پوش علاقے بہادر آباد میں غیر قانونی پینٹ ہاؤس بنانے کے لئے گورنر سندھ عشرت العباد کے بھائی عامر العباد کو باقاعدہ بھتہ دیا گیا تھا۔
ایم کیو ایم کے گرفتار کارکن نے کہا کہ 2012 میں ایم کیو ایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سربراہ حماد صدیقی نے محبت سندھ ریلی روکنے کا حکم دیا۔ جس پر عامر سر پھٹا نے ریلی پر فائرنگ کی تھی۔ اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انیس قائم خانی جب ایم کیو ایم میں اہم ترین ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے اس وقت انہوں نے اسے نائن زیرو پر بلا کر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ، شاہی سید اور آفاق احمد کو ٹارگٹ کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی تاہم اس پر عمل نہیں ہوسکا۔
واضح رہے کہ سعید بھرم کو باقاعدہ طور پر دبئی سے گرفتار کرکے کراچی لایا گیا ہے اور اس وقت وہ رینجرز کی تحویل میں ہے۔

افغان فورسزکی فائرنگ سے زخمی ہونے والے میجرعلی جواد شہید، طورخم بارڈرپرکشیدگی برقرار

افغان فورسز نے 2 روز سے طورخم بارڈر پر اشتعال انگیزی پھیلا رکھی ہے فوٹو: فائل
خیبر ایجنسی: طورخم بارڈر پر گزشتہ روز افغان سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پاک فوج کے میجر علی جواد چنگیزی شہید ہوگئے ہیں جب کہ سرحدی علاقوں میں دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق طورخم بارڈر پر گزشتہ روز افغان سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے میجر علی جواد چنگیزی شہید ہوگئے ہیں، انہیں گزشتہ روز افغان فورسز کی گولی لگی تھی، انہیں شدید زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیاتھا جہاں ان کا علاج کیا جارہا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور منگل کی صبح خالق حقیقی سے جاملے۔  میجر علی جواد کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور انہیں ان کے آبائی علاقے میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔
خیبرایجنسی میں افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے طورخم میں دوسرے روز بھی شدید کشیدگی برقرار ہے۔ گزشتہ روز دن ڈھلتے ہی افغان فورسز کی جانب سے اشتعال انگیزی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا تھا،جس پر پاک فوج نے بھی بھرپوراندازمیں جواب دیا تھا۔ فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ تاحال رکا ہوا ہے لیکن طورخم میں مسلسل دوسرے روز بھی کرفیو نافذ ہے تاہم مقامی انتظامیہ نے لنڈی کوتل میں 36 گھنٹوں بعد کرفیو اٹھا لیا ہے جس کے بعد وہاں زندگی معمول پر آگئی ہے لیکن سرحد سے لوگوں اور گاڑیوں کی آمدو رفت مکمل طور پر بند ہے۔
دوسری جانب الٹا چورکوتوال کو ڈانٹے کے مصداق افغان وزارت خارجہ نے طورخم بارڈرپرکشیدگی کی ذمہ داری پاکستان پرعائد کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں کو ہی افغان بارڈر ارڈز پر فائرنگ کا الزام عائد کردیا ہے۔ وزارت خارجہ نے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیرسیدابرارحسین کو طلب کرتے ہوئے ان سے احتجاج کیا ہے۔ افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نےگیٹ کی تعمیر کے معاملے پر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق افغان فورسز نے طورخم گیٹ پر پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، طورخم پرزیر تعمیر گیٹ پاکستانی سرحدی حدود کے 37 میٹر اندر ہے، یہ گیٹ دہشت گردوں کی نقل حرکت روکنے کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ 2 روزقبل افغانستان سے لوگوں کی آمد ورفت کو مانیٹرکرنے کے لیے پاکستان نے طورخم بارڈر پر اپنی سرحدی حدود میں گیٹ نصب کیا ہے جس پرافغان فورسزنے 2 روز سے اشتعال انگیزی پھیلا رکھی ہے۔

یوروفٹبال کپ؛ انگلینڈ اور روسی شائقین کے درمیان میچ کے دوران جھڑپیں

پیرس: فرانس کے شہر مارسے میں یورو فٹبال کپ 2016 کے دوسرے روز انگلینڈ اور روس کے فٹبال شائقین کے درمیان 
531694-rusia-1465714505-915-640x480


جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ شہر میں پولیس اور فٹبال شائقین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
برطانوی فٹبال شائقین اور مقامی افراد کے درمیان ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی جھڑپیں رپورٹ ہوئیں تھیں تاہم انگلینڈ اور روس کے درمیان فٹبال میچ کے دوران گراؤنڈ اس وقت میدان جنگ بن گیا جب میچ 1-1 سے برابر ہوگیا۔ میچ ختم ہونے سے 5 منٹ قبل تک گراؤنڈ کا ماحول خوشگوار تھا تاہم میچ برابر ہونے کے بعد روسی شائقین کی جانب سے پٹاخے پھاڑے گئے اور پھلجڑیاں جلائی گئیں جس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے شائقین پر حملہ کردیا۔ ایونٹ انتظامیہ کی جانب سے دونوں شائقین کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کے لئے رکاوٹیں لگائی گئی تھیں لیکن وہ بھی کسی کام نہ آئیں اور روسی شائقین انہیں پھلانگ کر انگلینڈ کے شائقین تک پہنچ گئے۔
شائقین کے درمیان جھڑپ کے بعد انتظامیہ بالکل بے بس دکھائی دی، سڑکوں پر ہونے والی لڑائی میدان میں دیکھنے کے بعد برطانوی حکومت بھی متحرک ہوگئی۔ برطانوی سفیر جولین کنگ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فرانسی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ کئی برطانوی شہری اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
دوسری جانب یورو کپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ گراؤنڈ میں بھگدڑ معمولی دھماکے کے باعث ہوئی تاہم تجزیہ نگاروں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر بھگدڑ دھماکے کے باعث ہوئی تو دھماکا خیز مواد گراؤنڈ کے اندر کیسے پہنچا اور جھڑپوں کے بعد شائقین کو چھڑانے والے اہلکار گراؤنڈ میں کیوں موجود نہیں تھے۔
واضح رہے کہ فرانس میں جھگڑوں کا آغاز جمعرات کو نصب شپ کے وقت مقامی نوجوانوں اور برطانوی فٹبال شائقین کے درمیان شہر کی پرانی بندرگاہ کے علاقے میں واقع ملکہ وکٹوریہ شراب خانے کے باہر ہوئی تھی۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates