اطالوی کوسٹ گارڈزکا آپریشن ؛ 2روز میں2600 مہاجرین کوبچا لیا گیا

 اطالوی بحریہ اورساحلی محافظوں نے جزیرہ سسلی کے سمندرمیں20ریسکیوآپریشن کیے،ڈیڑھ درجن کشتیوں کوڈوبنے سے بچایا گیا ۔ فوٹو:فائل
روم: اطالوی کوسٹ گارڈز نے بتایا ہے کہ گزشتہ دوروزکے دوران شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے 2600 مہاجرین کو بحیرہ روم کی موجوں کی نذر ہونے سے بچا لیاگیا۔
عالمی میڈیاکے مطابق اطالوی کوسٹ گارڈز سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا کہ اطالوی بحریہ اورساحلی محافظوں نے گزشتہ ویک اینڈ پر جنوبی اطالوی جزیرے سِسلی کے نواحی سمندری علاقے میں قریب 20 ریسکیو آپریشن مکمل کیے اور مہاجرین سے بھری ڈیڑھ درجن سے زائد شکستہ حال کشتیوں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔
ریسکیو کارروائیوں میں ملکی نیوی کے علاوہ رضاکار کشتیوں اور امدادی اداروں نے بھی حصہ لیا، جن میں ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نامی بین الاقوامی طبی امدادی تنظیم بھی پیش پیش رہی۔ حکام کے مطابق ہفتہ کو1348 جب کہ اتوارکو 1230 مہاجرین کو سمندر میں ڈوبنے سے بچایا گیا۔ مجموعی طورپر2 دنوں میں یہ تعداد قریب 2600 رہی، بیان میں کہاگیا کہ ایک ریسکیو آپریشن کے دوران ایک کشتی سے ایک مہاجر کی لاش بھی ملی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا آرلینڈو حملے کو اسلامی شدت پسندی سے نہ جوڑنے پربراک اوباما سے استعفے کا مطالبہ

موجودہ حکمران کمزور ہیں جن کی موجودگی میں حالات دن بدن ابتر ہوتے جارہے ہیں، صدارتی امیدوار. فوٹو؛ فائل
واشنگٹن: ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے صدر باراک اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آرلینڈو حملے کو اسلامی شدت پسندی سے نہ جوڑنے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی سرزمین پر نائن الیون کے بعد یہ سب سے بڑا حملہ ہے اور میری تمام تر ہمدردی متاثرہ افراد اور ان کے خاندان کے ساتھ ہے جب کہ امریکی صدر کی جانب سے آرلینڈو حملے کو اسلامی شدت پسندی سے نہ جوڑنا افسوس ناک ہے جس پر وہ استعفیٰ دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن بھی اگر حملے کو اسلامی شدت پسندی نہیں کہتیں تو انہیں بھی فوری طور پر صدارتی دوڑ سے علیحدگی کا اعلان کردینا چاہیئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسلامی شدت پسندی کے حامی خواتین، ہم جنس پرستوں، یہودیوں، عیسائیوں اور امریکی عوام کے مخالف ہیں اورمیں امریکا کا صدر بننے کے بعد شدت پسندوں سے انہیں تحفظ فراہم کروں گا، ہم امریکا کو ایک مرتبہ پھر اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔ انہوں نے صدر اوباما کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران کمزور ہیں جن کی موجودگی میں حالات دن بدن ابتر ہوتے جارہے ہیں، اگر ان حالات میں سخت اور حکمت پر مبنی فیصلے نہ کئے تو امریکا صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

نیب سامری جادوگر ہے کسی کے خلاف کچھ بھی ثابت کرسکتا ہے، ڈاکٹرعاصم حسین

نیب نا جانے کہاں سے ان کے خلاف اتنی بڑی کرپشن لے آئی، سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم فوٹو: فائل
 کراچی: سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ نیب سامری جادوگر ہے جو کسی کے خلاف کچھ بھی ثابت کرسکتا ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے 462 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی، سماعت کے دوران نیب کے گواہ نے عدالت کے روبرو زمینوں کی الاٹمنٹ سے متعلق احکامات اور ان کی منسوخی کے خط پیش کیے تو ڈاکٹر عاصم گواہ پر چلانے لگے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے نا تو کوئی زمین الاٹ کرائی اور نا ہی وزیراعلیٰ کو منظوری کے لیے خط لکھا، نیب کی جانب سے پیش کیا گیا گواہ بھی جھوٹا ہے اور اس کے شواہد بھی ٹھیک نہیں، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔
عدالت سے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ نیب سامری جادوگر ہے وہ کسی سے کچھ بھی لکھوا اور ثابت کروا سکتا ہے، نیب نا جانے کہاں سے ان کے خلاف اتنی بڑی کرپشن لے آئی، رمضان المبارک میں اعتکاف کے حوالے سے سوال پوچھنے پر ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ انہیں تو تراویح پڑھنےکی اجازت نہیں دی جاتی تو اعتکاف میں کیا بیٹھیں گے۔

خطے کے بدلتے ہوئے حالات ؛ پاکستان اور چین کا کثیر الجہتی اتحاد کے قیام پر غور

حکام خود مختاری پر ڈٹ گئے، نو ڈورن پالیسی ہی پاک امریکا تعلقات بہتر بنا سکتی ہے، ذرائع فوٹو: فائل
 کراچی:  پاکستان اورچین کے حکام سی پیک منصوبے کے خلاف پس پردہ سازشوں اورعالمی سطح پر تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر اس بات پرغورکررہے ہیںکہ دنیاکے اہم مسائل کے حل کے لیے ہمسایہ اور دوست ممالک کاکثیرالجہتی اتحادقائم کیاجاسکتاہے۔ اس ممکنہ اتحادکے قیام کیلیے رابطہ کارگروپ قائم کیاجائے گاجواتحاد کے قیام کاایجنڈااوراغراض ومقاصد طے کرے گا۔
حکومتی سفارتی حلقوں کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے آغاز کے بعد امریکا، بھارت اور افغانستان نے پاکستان اورچین کے خلاف ایک غیرعلانیہ اتحاد قائم کرلیاہے۔ تنیوں ممالک کے ٹرائیکا کا مقصد خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا ہے اور اس لیے امریکا تمام شعبوں میں بھارت کو نوازنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور پاکستان پر سفارتی دبائو ڈال کر اپنی شرائط منوانے کی کوشش جارہی ہے۔
حکومتی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے مابین حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کے بعد بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں مداخلت کا عمل تیز کردیا ہے اور ان کا مرکز بلوچستان ہے ۔اس کا انکشاف حالیہ ہونے والی گرفتاریوں میں کیا گیا ہے ۔اس معاملے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے بلوچستان میں غیر ملکی ایجنسیوں کی مداخلت کا عمل روکنے کیلیے مربوط حکمت عملی طے کرلی ہے ۔اس معاملے کیلیے ایک جوائنٹ انٹیلی جنس گروپ اور کوئیک ایکشن فورس قائم کی جارہی ہے جس کا مقصد ان غیر ملکی ایجنسیوں کے ایجنڈے کو ناکام بنانا ہے ۔اس صورتحال کے سبب پاکستان نے امریکا اور بھارت کے ساتھ اپنی موجودہ سفارتی تعلقات پر نظر ثانی شروع کردی ہے اور پاکستانی حکام ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے معاملے پرڈٹ گئے ہیں ۔امریکا کو بھی واضح کردیا گیا ہے کہ نو ڈورن پالیسی کا اعلان ہی مستقبل میں پاک امریکا تعلقات کو بہتر بناسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 5 ملزمان کی سزاؤں پر عملدرآمد روک دیا

عدالت عظمیٰ نے سزائے موت کے دیگر 5 ملزمان کی اپیلوں پر فیصلہ کل تک محفوظ کرلیا۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت کے سزا یافتہ افراد كی درخواستوں پر سماعت کل تك ملتوی كرتے ہوئے 5 ملزمان كی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ كرلیا جب كہ 5 كی سزائے موت پر عمل درآمد روكتے ہوئے كیسز كا ریكارڈ طلب كرلیا ہے۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی كی سربراہی میں 5 ركنی لارجر بینچ نے سزائے موت كے ملزمان حیدر علی، ظاہر گل، عتیق الرحمٰن، تاج محمد عرف رضوان اور فیض زمان خان كی اپیلوں كی سماعت مكمل ہونے پر فیصلہ محفوظ كرلیا جب كہ قاری زبیر،ج میل الرحمٰن، اسلم خان،ن اصر خان اور تاج گل كی ٹرائل كا ریكارڈ طلب كرتے ہوئے ان كی سزاؤں پر عمل درآمد روك دیا۔ عدالت نے ان پانچوں ملزمان كے مقدمات میں اٹارنی جنرل افس كو نوٹس جاری كركے جواب طلب كیا اور سماعت آئندہ پیر تك ملتوی كردی جب كہ ملزمان جاوید غوری، الف خان اور دیگر كے مقدمات پر کل صبح سماعت ہوگی۔
فوجی عدالتوں كی طرف سے ملزمان كی سزاؤں كے خلاف اپیلوں كی سماعت کے دوران عاصمہ جہانگیر نے عدالت كو بتایا كہ ان كے موكل حیدر علی كو 21 ستمبر 2009 كو سكیورٹی اداروں نے حراست میں لیا لیكن ان كی گرفتاری كوخفیہ ركھا گیا، اپریل 2015 میں اخباری خبر سے معلوم ہوا كہ انہیں سزائے موت سنا دی گئی ۔عاصمہ جہانگیر كا مؤقف تھا كہ ملزم كو دفاع اور وكیل كے حق سے محروم كیا گیا اوریك طرفہ ٹرائل كے نتیجے میں سزا دیدی گئی، ٹرائل میں انصاف اور آئین كی شق 10اے كے تحت ڈیو پراسز كے تقاضے پورے نہیں كیے گئے۔ عاصمہ جہانگیر نے ملزم ظاہر گل كی ٹرائل میں موجود قانونی خامیوں كی نشاندہی كی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے كہا كہ گواہوں كے تحفظ كے لیے ان كی شناخت كو خفیہ ركھا گیا۔ ان كا كہنا تھا كہ ولی بابر كیس میں  بھی گواہوں كی شناخت كو خفیہ ركھا گیا تھا۔
جسٹس شیخ عظمت سعید نے كہا كہ ملزم كا اعترافی بیان موجود ہے، ہم نے صرف دیكھنا ہے كہ قانون كے تقاضے پورے ہوئے یا نہیں، ریكارڈ كے مطابق گواہوں كی گواہی موجود ہے، گواہ نہیں تو سزا بھی نہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عتیق شاہ نے كہا كہ ملزم اعتراف كرچكا ہے كہ وہ مذہبی عقیدے كے تحت فوج پر حملے كرتا تھا اور آئندہ بھی كرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایكٹ كے تحت فوجی عدالتوں كے پریذائیڈنگ افسر فوجی ہوتے ہیں اور استغاثہ بھی فوجی افسران كرتے ہیں، فوجی عدالتوں كا یہی قاعدہ ہے اور ہمارے سامنے كسی نے رولز كو چیلنج نہیں كیا ہے، ہم نے قانون اور حقائق كو دیكھ كر فیصلہ كرنا ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر صرف اعتراضات كو دیكھا جائے تو پھر ہر چیز متنازعہ ہوجائے گی یہ بھی اعتراض كیا جاسكتا ہے كہ ایف آئی آر درج نہیں ہوئی جب كہ حقیقت یہ ہے كہ ملٹری كورٹس میں مقدمات كے اندراج اور ٹرائل كا طریقہ كار عام فوجداری مقدمات سے مخلتف ہے، اگر سرحدی علاقے میں فوج كا دہشت گردوں سے تصادم ہو جس كے نتیجے میں كچھ دہشت گرد گرفتار ہوجائیں تو ان كے خلاف غیر جانبدار عینی گواہ پیش نہیں كیے جاسكتے بلكہ فوج كے وہی اہلكاران كے خلاف گواہ ہوں گے جن كے ساتھ ان كا تصادم ہوا اور جنہوں نے ان كو گرفتار كیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

وفاقی حکومت خیبرپختو نخواحکومت کو ناکام کرنے کی کوشش کررہی ہے، عمران خان

وفاقی ڈس انفارمیشن وزیر كو سونامی درختوں كے حوالے سے دورہ كرانے كو تیار ہیں، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو : مدثر راجا
 اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختو نخواحکومت کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہی ہے مگروہ ہم سے الیکشن کسی صورت نہیں جیت سکتے۔
خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں پریس كانفرنس سے کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختو نخواحکومت کو ناکام کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس کے راستے میں روڑے اٹکا رہی ہے مگروہ ہم سے الیکشن کسی صورت نہیں جیت سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ڈس انفارمیشن وزیر كو خیبرپختونخوا میں  لگائے جانے والے سونامی درختوں  كے حوالے سے دورہ كرانے كو تیار ہیں جب کہ صوبے میں  ٹمبر مافیا كا خاتمہ كردیا ہے اور پہلی بار صوبے میں  لكڑی درآمد ہوئی ہے۔
عمران خان نے صوبے میں ایک ارب درخت لگانےاورنیشنل پارکس کی تعداد کو دگنا کرنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختون خوا میں ہماری جانب سے درخت لگانے كی مہم كے بعد وفاقی حكومت كو بھی ملک میں درخت لگانے كی یاد آگئی ہے جوہم سمجھتے ہیں كہ اچھاعمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے پن بجلی کے 365 چھوٹے منصوبوں پرکام ہورہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) مشکل میں پاؤں اور اس سے نکلتے ہی گلا پکڑلیتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

احتساب کے سوا وزیراعظم کے پاس کوئی اور راستہ نہیں، انہیں اور ان کے خاندان کو اس عمل سے گزرنا ہوگا، چیرمین پیپلزپارٹی، فوٹو؛ فائل
 کراچی: پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرویز رشید اور خورشید شاہ کی تصویر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے جب کہ ان کا کہنا ہےکہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے جہاں وہ ایسے میں مسلم لیگ (ن) پر تنقید کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، جلسے جلوس میں بھی بلاول بھٹو زرداری نہ صرف حکمران جماعت کو نشانہ بناتے ہیں بلکہ وزیراعظم نوازشریف پر بھی کڑی تنقید کرتے ہیں جب کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وہ وزیراعظم سے کئی بار استعفے کا مطالبہ بھی کرچکے ہیں۔ اب کی بار اپنی ایک تازہ ٹوئٹ میں بلاول بھٹو نے (ن) لیگ پر تنقید کے نشتر برسادیئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور خورشید شاہ کی ایسی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں پرویز رشید اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے جھک کر مل رہے ہیں۔ اپنی ٹوئٹر پوسٹ پر بلاول بھٹو نے ہیش ٹیگ میں مسلم لیگ (ن) کو ’’ناکام لیگ‘‘ کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب یہ لوگ مشکل میں ہوتے ہیں تو پاؤں پکڑتے ہیں اور جب مشکل سے نکلتے ہیں تو گلا پکڑتے ہیں۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates