ٹائم ٹریول وِد قرآن پاک

یہ کلام ہے خالق کائنات کا اور ہم تک پہنچانے والے حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآل وسلم ، تو پھر جیسا خالق، جیسا مبلغ ویسی ہی تخلیق اپنی معراج کو پہنچے گی۔
آؤ یار آج ٹائم ٹریول پر چلتے ہیں!
ہیں؟ تمہیں اندازہ بھی ہے کہ کیا کہہ رہے ہو؟
ہاں بس تم جلدی سے سے ادھر آؤ۔
اچھا جی آگیا۔
ارے یہ کیا؟ یہ ادھر اس اندھیری سی کوٹھڑی میں اس بزرگ بابا جی کیساتھ  تُومجھے ٹائم ٹریول کرائے گا؟
چپ! یہ ادب کی جا ہے، تماشہ نہیں ہے، بابا جی ناراض ہو جائیں گے۔
کیسے ہو بچوں؟
بابا جی ہم ٹھیک ہیں۔
کہو کیسے آنا ہوا؟
بابا جی وہ آپ نے ٹٓئم ٹریول کے بارے میں کہا تھا ناں، دیکھیں میں اپنے دوست کو بھی ساتھ لے آیا۔
اوہ اچھا! باوضو ہو؟
نہیں بابا جی!
وہ سامنے کونے میں پانی پڑا ہے، وضو کرو اور الماری سے قرآن شریف نکال کر میرے پاس آجاؤ۔
ہاہاہاہا یار تیرے باباجی ہمیں فلائنگ میٹ سے ٹائم ٹریول پر لے جانے والے ہیں کیا؟
چپ، جو بولا ہے وہ کرتا جا بس۔
اچھا!
ہاں بچوں، اب قرآن پاک کھولو۔
میں نے تمہارے لئے اردو ترجمے والے قرآن پاک رکھے ہیں تاکہ تم آسانی سے سمجھ سکو۔
شکریہ باباجی!
اس میں تو سب سے پہلے رب کا شکر ادا کیا گیا ہے اور دعا کی گئی ہے کہ اللہ پاک ہمیں بھٹکنے نہ دے۔
جی بابا جی! سورہ فاتحہ میں یہی سب ہے۔
اس کے بعد سورہ بقرہ میں دیکھو، تہماری پیدائش سے لاکھوں، کروڑوں سال پہلے تخلیق آدم علیہ السلام کا قصہ دیکھو تو کیسے بیان ہوا ہے کہ پڑھتے ہوئے انسان خود کو اسی منظر میں محسوس کرتا ہے۔
اور یہ آگے دیکھو حضرت ابراہیم علیہ السلام ، حضرت موسیٰ علیہ السلام اور باقی انبیا علیہم الصلوۃ والسلام کا ذکر خیر، اور پھر ان کی تخلیق کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ جیسے ہر منظر ہم بھی موجود ہوں۔ جیسے حضرت شعیب علیہ السلام کی بستی سے ابھی ہو کر آئے ہوں، جیسے حضرت عزیر علیہ السلام اور ان کے گدھے کا واقعہ ہمارے سامنے رونما ہوا ہو۔ چلو آگے بڑھو، وہ دیکھو حضرت یوسف علیہ السلام کو ان کے بھائی سیر کے بہانے لے جا رہے ہیں۔
جی بابا جی۔
ارے آگے تو دیکھو، انہیں کنویں میں ڈال دیا اور اب ان کے بھائی حضرت یعقوب علیہ السلام کے پاس جھوٹ بولنے پہنچ گئے کہ حضرت یوسف علیہ السلام کو بھیڑیا کھا گیا۔
ارے کتنے جھوٹے ہیں یہ لوگ، یہ تو ہمارے زمانے کے میڈیا سے بھی زیادہ جھوٹے دکھائی دیتے ہیں کہ اپنے والد جو کہ اللہ کے نبی بھی ہیں، ان کے سامنے جھوٹ بول رہے ہیں،
ہاں یار واقعی، خیر چھوڑ آگے چلو۔
وہ دیکھو اب ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآل وسلم کی باری آئی۔ اللہ پاک نے انبیا کا ذکرکر کے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآل وسلم کیلئے اسٹیج سجا دیا، یہ حضرت جبریل علیہ السلام کے ساتھ شب اسریٰ  میں سفر معراج شروع ہوا۔ وہ اللہ پاک جو حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہہ رہے تھے کہ  میرا جلوہ برداشت نہ کر سکو گے، لیکن ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآسلم سے قابہ قوسین کی منزلت پر گفتوگ فرما رہے ہیں۔
وہ دیکھو سورہ رحمن میں جنت کا منظر، حوریں، شہد ، سونے چاندی کے محل، دودھ کی نہریں۔
میرا تو آگے جانے کا جی نہیں کر رہا۔
آگے قیامت کی ہولناکیاں بھی پڑھو تو تمہیں اپنے ارد گرد قیامت بھی نظر آئے گی۔ پہاڑ روئی کی طرح اڑ رہے ہیں۔ اچانک سے اس دنیا کا سارا منظر غائب، جن و انس مارے مارے پھر رہے ہیں۔ یہ سب بتانے کے بعد وہ دیکھو، اللہ پاک اپنے خالق ہونے کی عالمگیر تعریف متعین کرتے ہوئے انسان کو تمام زمانوں کیلئے سمجھا رہا ہے۔ سورہ اخلاص ذرا پڑھو تو سہی، اللہ پاک کیا کہتا ہے؟ جو اس تعریف پر پورا اترے وہ تمہارا معبود باقی سب دھوکا۔
آؤ اب واپس آجاؤ، افطاری کا سامان لینے بھی جانا ہے۔
شکریہ بابا جی! آپ نے کیا سے کیا دکھا دیا، جس سے قرآن پاک کو ہم صرف ایک کتاب سمجھ کر جزدان میں بند کر کے رکھ دیتے ہیں، اور کبھی کبھی ہی زیارت کرتے ہیں، یہ تو انسان کی رہنمائی کیلئے پورا منظر نامہ ہے۔ انسان سمجھے تو گم ہی ہوجاتا ہے اسکے مناظر میں! ایسا کیوں نہین ہوگا بھائی کہ یہ کلام ہے خالق کائنات کا اور ہم تک پہنچانے والے وجہ کائنات صلی اللہ علیہ وآل وسلم، تو جیسا مبلغ ہوگا اسی طرح ابلاغ بھی اپنی معراج کو پہنچے گا۔
سبحان اللہ!
اچھا بابا جی ہم چلتے ہیں۔
جزاک اللہ! بچوں بس دنیا کے کسی بھی منظر کے متلاشی ہو، کوئی سوال بھی تنگ کررہا ہو، تو کہیں اور جانے کے بجائے اللہ کی کتاب سے رجوع کرنا، یہ تمہیں مایوس ننہیں کرے گی، الحمد اللہ!
جزاک اللہ بابا جی!
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

بنگلا دیش میں ریسٹورنٹ پر حملے میں 20 غیر ملکی ہلاک، 6 حملہ آور بھی مارے گئے

حملے میں مرنے والواں میں اٹلی، جاپان اور بھارتی شہری شامل ہیں جب کہ حملہ کی ذمہ داری داعش نے قبول کی۔ فوٹو : اے ایف پی
ڈھاکا: بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں واقع ریسٹورنٹ پر گزشتہ رات شدت پسند تنظیم داعش کے حملے میں 20 غیر ملکی ہلاک ہوگئے جب کہ فورسز کے آپریشن میں 6 حملہ آور مارے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں واقع ریسٹورنٹ میں گزشتہ رات دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملہ آوروں نے ریسٹورنٹ میں دھماکے اور اندھادھند فائرنگ کرنے کے بعد غیر ملکیوں سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنالیا۔ واقعہ کے بعد بنگلہ دیشی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا تاہم شدید جھڑپوں اور 11 گھنٹے کے طویل مقابلے کے بعد ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے تمام 6 حملہ آور مارے گئے جب کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق یرغمال بنائےگئے افراد کی بازیابی کے لیے شروع کیے گئے آپریشن میں 13 افراد کو ریسکیو کیا گیا تاہم حملہ آوروں سے مقابلے میں 2 پولیس آفیسرز مارے گئے اور 30 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق دہشت گردوں نے ریسٹورنٹ میں یرغمال بنائے گئے افراد میں سے 20 غیرملکیوں کو قتل دیا جن میں سے 9 کا تعلق اٹلی، 7 کا جاپان اور ایک کا بھارت سے ہے۔ اطالوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اٹلی کا ایک شہری اب بھی لاپتہ ہے۔ بنگلا دیشی آرمی کے مطابق تمام افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا جب کہ مارے جانے والے افراد میں 4 بنگلہ دیشی شہری بھی ہیں جن کی شناخت کی جارہی ہے۔
بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک وحشیانہ عمل ہے اور ایسے لوگ اسلام کا نام بدنام کررہے ہیں ان کا  مذہب سے کوئی تعلق نہیں جب کہ بنگلہ دیش کی حکومت سے ہر قسم کی دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے بنگلا دیش میں غیر ملکی ریسٹورنٹ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ کھڑے ہیں، امید ہے کہ بنگلا دیشی حکومت بزدلانہ دہشت گردی کے واقعات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی جب کہ بنگلادیش میں مقیم تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔
امریکا نے بھی دہشت گرد حملے کے بعد تمام ممالک میں اپنے سفارتخانوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق معلومات کا ہر طرح سے جائزہ لے رہے ہیں تاہم ابھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ حملہ داعش نے کیا ہے۔

مسجد الحرام کے قریب بھگدڑ مچنے سے 18 عمرہ معتمرین زخمی

مسجد الحرام کے قریب بھگدڑ مچنے سے 18 عمرہ معتمرین زخمی

تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، سعودی محکمہ صحت، فوٹو؛ فائل
مکہ المکرمہ: مسجد الحرام کے قریب بھگدڑ مچنے کے واقعہ میں 18 عمرہ معتمرین زخمی ہوگئے۔
ہر سال دنیا بھر سے مسلمانوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کے دوران عمرے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتی ہے، خاص طور پر رمضان کے آخری عشرے میں ہزاروں مسلمان عمرے کے لیے آتے ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق رمضان المبارک کی مقدس میں رات میں عبادت کے لیے نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں موجود تھی کہ اس دوران وہاں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوگئے جن میں عمرہ معتمرین شامل ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی اور تمام کی خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال حج کے موقع پرمنٰی میں بھگدڑ مچنے سے 700 سے زائد عازمین جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ سال ہی مسجد الحرام کے صحن میں کرین گرنے سے 100 سے زائد عازمین حج  جاں بحق اور 200 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔

کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث 1600 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کردیا گیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
کیلی فورنیا کے جنگلات میں 4 روز قبل لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے جب کہ بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ 3 ہزار ایکٹر سے زائد رقبے پر پھیل چکی ہے جب کہ کیلیفورنیا کی سین برنارڈینو اورسکرامنٹو کاؤنتیز میں آتشزدگی کے باعث متعدد مکانات جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔
کیلی فورنیا حکام کے مطابق جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث 1600 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کردیا گیا ہے جب کہ آگ سے مزید 2500 سے زائد مکانات کو خطرہ لاحق ہے جس کے باعث انتظامیہ نے سیکڑوں گھروں کو خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

عراق کے دارالحکومت میں بم دھماکوں سے 100 سے زائد افراد ہلاک

دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
بغداد: عراق کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 200 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر بغداد میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 200 زخمی ہوگئے۔ عراق کی وزارت دفاع نے دھماکو ں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا  کہ پہلا دھماکا بغداد کے مرکزی علاقے کرادہ کے بازار میں ہوا جہاں خود کش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھری کار عید کی خریداری میں مصروف شہریوں پرآکر اڑا دی۔
مقامی حکام کے مطابق دوسرا دھماکا تجارتی علاقے الشباب کی الشلال مارکیٹ میں ہوا، حکام کا کہنا ہے کہ الشلال میں کئے جانے والا دھماکا دیسی ساختہ بم کی مدد سے کیا گیا جو بازار میں نصب کیا گیا تھا۔
ریسکیوٹیموں نے زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیاہے جہاں بیشتر کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جب کہ  دھماکوں کی ذمہ داری  داعش نے قبول کرلی ہے۔

ڈھاکا میں ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد مقامی تھے، وزیر داخلہ بنگلا دیش

کالعدم جمعیت المجاہدین گزشتہ ڈیرھ سال سے ملک میں ہونے والی دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔ وزیر داخلہ بنگلہ دیش، فوٹو : فائل
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں ہوٹل پر حملے میں ملوث دہشت گرد مقامی تھے جن کا تعلق بنگلا دیش میں موجود شدت پسند گروپ سے ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے وزیرداخلہ اسد الزمان خان کا کہنا تھا  کہ ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث دہشت مقامی تھے جن کا تعلق کالعدم جمعیت المجاہدین بنگلا دیش نامی تنظیم سے ہے  جب کہ حملہ آوروں  کے داعش اور القاعدہ سمیت کسی بھی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم سے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔
بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم جمعیت المجاہدین بنگلا دیش نامی تنظیم پر 10 سال قبل پابندی لگائی جاچکی ہے جب کہ یہی گروپ گزشتہ ڈیرھ سال سے ملک میں ہونے والی دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف اپنی روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی سے جوڑتا رہا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں واقع ریسٹورنٹ پر حملے کے نتیجے میں 20 غیر ملکی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ فورسز کے آپریشن میں 6 حملہ آوربھی مارے گئے اور ایک کو زندہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔

بھارت میں بارشوں کے بعد سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ؛ 40 افراد ہلاک

لینڈ سلائیڈنگ سے ہزاروں سٹرکیں بند ہوگئیں اورانتظامیہ نے حفاظتی اقدام کےتحت علاقے خالی کرنے کی ہدایت جاری کردی۔: فوٹو؛ فائل
نئی دہلی: بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں بارشوں کے بعد سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے وزیراعلیٰ کے ترجمان اوم پرکاش ستی نے کہاکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں اورانھوں نے ساتھ ہی بتایا کہ ریاست کے دوردرازعلاقوں چمولی اور پیتھوراگ کی صورت حال انتہائی خراب ہے تاہم مقامی حکام نے 18 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس میں سے 15 افراد کی ہلاکت پیتھوراگ میں ہوئی، انتظامیہ نے ہلاکتوں کے بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔
دوسری جانب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں سٹرکیں بند ہوگئی اور انتظامیہ نے لوگوں کو حفاظتی اقدام کے تحت علاقے خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو حفاظتی مقامات پر پہنچانے کے لیے ریلیف آپریشن جاری ہے لیکن حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
ادھر ریاست کے وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں،ریاست کی مزید ٹیموں، انتظامیہ اور ریلیف فورس کواحتیاطی تدابیر کے تحت ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہونے والی متعدد سٹرکوں کی مرمت کردی گئی ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates