ترک حکومت کا باغیوں کو سزائے موت دینے پر غور

ترک صدر کی عوام سے جمعہ تک بغاوت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کی اپیل. فوٹو: فائل
استنبول: ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے ملک بھر میں جاری کریک ڈاؤن میں اب تک 6 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ ترک حکومت نے ملک میں سزائے موت کے قانون کو ایک بار پھر بحال کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ناکام بغاوت میں ملوث افراد کو بلا تاخیر قرار واقعی سزا دی جائے گی جب کہ بغاوت میں ملوث عناصر کو سزائے موت دلوانے کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی بات کی جائے گی۔ دوسری جانب ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت نے استنبول میں اسپیشل فورسز کے 1800 اہلکاروں کو تعینات کرتے ہوئے فضا میں پرواز کرنے والے کسی بھی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے عوام سے اپیل کی وہ فوجی بغاوت کی سازش کے خلاف آئندہ جمعہ تک سڑکوں اور میدانوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ ملک میں بغاوت کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بغاوت کے پیچھے جو ’وائرس‘ ہے اسے ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکی نے یورپی یونین میں شمولیت کے لئے 2004 میں سزائے موت کا قانون منسوخ کر دیا تھا جب کہ 1984 کے بعد سے ترکی میں کسی مجرم کو سزائے موت دینے کا ایک بھی واقعہ ریکارڈ نہیں ہوا۔ کسی بھی ملک کی یورپی یونین میں شمولیت کے لئے لازم ہے کہ وہاں سزائے موت کا قانون نہ ہو۔

مقبوضہ کشمیر میں گیارہویں روز بھی کرفیو کے باوجود مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری

10 روز کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے 45 افراد شہید جب کہ 2 ہزار 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں فوٹو: فائل
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں معروف حریت رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد گیارہویں روز بھی کرفیو کے باوجود مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جب کہ وادی میں اخبارات کی ترسیل کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برہان وانی کی شہادت کے بعد عوامی احتجاج کے پیش نظر مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں مسلسل گیارہویں روز بھی کرفیو نافذ ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کی اکثریت آزادی کے حق میں بھارتی فوج کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ سری نگر، کپواڑا، گاندربل، بڈگام، پلوامہ، ککپورہ ، اونتی پورہ اور شوپیاں سمیت مختلف قصبوں میں ہونے والے مظاہروں کے دوران قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں جو کہ مختلف علاقوں میں زیر علاج ہے۔
دوسری جانب بھارتی انتظامیہ اور مقامی کٹھ پتلی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو وادی کے حالات سے متعلق لاعلم رکھنے کے لیے انٹرنیٹ، موبائل فون سروس اور اخباروں کی اشاعت پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے۔ جس کی وجہ سے وادی میں مسلسل تیسرے روز بھی کوئی اخبار شائع نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو بھارتی فوج کے ہاتھوں برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں عوام نے نئے عزم کے ساتھ آزادی کے لئے اپنی جدو جہد کا آغاز کیا ہے، گزشتہ 10 روز کے دوران مظاہروں اور احتجاج پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 45 افراد شہید جب کہ 2 ہزار 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں مون سون بارشیں جاری، موسم خوشگوار

بجلی کے تعطل اور سیوریج کے نظام کی ابتری نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے فوٹو : فائل
ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔
کراچی سے گلگت بلتستان تک ملک بھر میں برکھا رُت اپنے جوبن پر ہے، تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم کو خوش گوار کردیا ہے۔ بارش کے باعث ملک بھر میں حسب روایت بجلی کا نظام درہم برہم ہے، کئی علاقوں میں گزشتہ رات سے ہی لوگ بجلی سے محروم ہیں جب کہ سیوریج کے نظام کی ابتری نے بڑی تعداد میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور وہ موسم سے لطف اندوز ہونے کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں اور محلوں سے نکاسی آب کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب کے اکثرجب کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ کے بعض مقامات پر بارش ہوئی ہے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ بارش نورپور تھل میں 119 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ 87، جھنگ72، اوکاڑہ 48، چکوال 44، لاہور 44، گوجرانوالہ اور بھکر 42، قصور 33، ساہیوال26، لیہ 20، اسلام آباد 18 اور راولپنڈی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش ڈیرہ اسماعیل خان میں 41 ملی میٹر، پارہ چنار 30، پشاور 14، چراٹ اور دیر 12 جب کہ مالم جبہ میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 56 جب کہ سبی میں 37 ملی میٹر اور سندھ کے قحط زدہ صحرا تھر میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن، جنوبی پنجاب کے ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات جب کہ بلوچستان میں ژوب، سبی اور نصیر آباد ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مون سون بارشوں اور پہاڑوں پر موجود برف پگھلنے کے باعث ملک بھر کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پرموسلادھار بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی، اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

قندیل بلوچ کا جب بھی ذکر آتا ہے میری آنکھیں نم ہو جاتی ہیں،مفتی عبدالقوی

قندیل بلوچ کا جب بھی ذکر آتا ہے میری آنکھیں نم ہو جاتی ہیں،مفتی عبدالقوی

قندیل بلوچ کو ویڈیوز سے زیادہ سیاست میں آنے کا شوق تھا ،مفتی عبدالقوی فوٹو: فائل
ملتان: قندیل بلوچ کے ساتھ سیلفیوں کے باعث تنقید کا نشانہ بننے والے مفتی عبدالقوی کہتے ہیں کہ قندیل بلوچ کا جب بھی ذکر آتا ہے تو ان کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ قندیل بلوچ کا جب بھی ذکر آتا ہے ان کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں، قندیل بلوچ کو ویڈیوز سے زیادہ سیاست میں آنے کا شوق تھا۔ قندیل بلوچ کے ساتھ سیلفیوں کا اسکینڈل آنے کے بعد انہیں کوئی دھمکیاں موصول نہیں ہوئیں اور نا ہی لوگوں نے غلط رویہ اپنایا، بلکہ لوگوں نے تو اور بھی محبت کا اظہار کیا۔ قندیل بلوچ کے بھائی نے اسے قتل کیا جس پر اسے پھانسی کی سزا ملنی چاہئیے۔
بعد از مرگ اعضاء کے عطیے سے متعلق مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخس کی جانب سے بعد از مرگ اپنے اعضاء عطیہ کرنا جائز ہے، اس حوالے سے ملک بھر کے علماء کرام سے مشاورت کے بعد اسے جائز قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قندیل بلوچ کت ساتھ سیلفیاں منظر عام پر آنے کے بعد مفتی عبدالقوی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس معاملے پر رویت ہلال کمیٹی میں ان کی رکنیت بھی معطل کردی گئی تھی۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ دنیا کے نمبر ون بولر بن گئے

لیگ اسپنر یاسر شاہ دنیا کے نمبر ون بولر بن گئے

لیگ اسپنر نے بھارتی بولر روی چندرن ایشون اور انگلش فاسٹ بولرجیمنز انڈریسن کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فوٹو: اے ایف پی
دبئی: قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ بولر بن گئے۔
آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق یاسر شاہ نے 32 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ٹاپ رینکر بھارتی بولر روی چندرن ایشون، رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود انگلش فاسٹ بولر جیمس انڈریسن اور تیسرے نمبر پر براجمان اسٹارٹ براڈ کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ یاسر شاہ مشتاق احمد کے بعد واحد پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی جب کہ سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد نے دسمبر 1996 میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔
آئی سی سی رینکنگ میں یاسر شاہ اس وقت 878 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ بھارتی اسپن بولر روی چندرن ایشون 7 پوائنٹس کے فرق سے 871 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلش فاسٹ بولر جیمز انڈریسن 868 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، اسٹارٹ براڈ 859 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین 841 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
یاسر شاہ اب تک 13 ٹیسٹ میچز میں 86 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ آئی سی سی فل رینکنگ حاصل کرنے کے لئے کسی بھی کھلاڑی کو 100 وکٹیں لینا ہوتی ہیں جب کہ یاسر شاہ نے کم میچز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرکے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کرنے والے راحت علی نے بھی 3 درجہ ترقی پاکر 32ویں پوزیشن حاصل کی جب کہ 6 سال تک کرکٹ سے دور رہنے والے محمد عامر 93ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ اسی طرح اسد شفیق نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 73 اور دوسری اننگز میں 49 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد انہوں نے 2 درجہ ترقی پا کر بیٹسمینوں کی فہرست میں گیارہویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔

آزاد کشمیر انتخابات؛ اسپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق نااہل قرار

سردار غلام صادق کو (ن) لیگ کے سردار بہادر خان کی درخواست پر نااہل قرار دیا گیا۔ فوٹو: فائل
 مظفر آباد: عدالت نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے اسپیکر سردار غلام صادق کو نااہل قرار دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار خان بہادر خان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر سردار غلام صادق کو دو سرکاری تنخواہیں لینے پر نا اہل قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سردار غلام صادق اب ’صادق اور امین‘ نہیں رہے اس لئے انھیں نااہل قرار دیا جاتا ہے اور وہ ریاست میں 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سردار غلام صادق وزیراعظم پاکستان کے مشیر بھی تھے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی تھے، سردار غلام صادق دونوں جگہوں سے باقاعدگی کے ساتھ تنخواہ لیتے رہے اور میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد انھوں نے 18 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرائے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار بہادر خان نے ان کی نا اہلی کے لئے درخواست دائر کردی تھی۔

بھارت میں جن بھوتوں پر تحقیق کرنے والے نوجوان کی پراسرار موت

گورو تیواری اپنے بیڈروم کے غسل خانے میں مردہ پایا گیا اور اس کی موت آکسیجن کی کمی سے ہوئی، پولیس، فوٹو؛ فائل
ممبئی: بھارت میں آسیب، جن اور بھوتوں پر تحقیق کرنے والے مشہور شخص اور پیرانارمل سوسائٹی آف انڈیا کی بنیاد رکھنے والا گورَو تیواری پراسرار طور پر مردہ پایا گیا ہے۔
گورَو تیواری کا بھارت میں آسیب تلاش کرنے کا پروگرام بہت مشہور تھا اور اس حوالے سے وہ ایک خاص شہرت رکھتا تھا۔ پولیس کے مطابق تیواری اپنے بیڈروم کے غسل خانے میں مردہ پایا گیا اور اس کی موت آکسیجن کی کمی سے ہوئی ہے جب کہ اس کے گلے پر ایک موٹی سیاہ دھاری کا بھی نشان تھا جس کے باعث واقعہ کو قتل قرار دینا خارج از امکان نہیں۔
تیواری کے اہلِ خانہ کےمطابق اسکے باتھ روم سے زوردار آواز آئی جب دروازہ کھولا گیا تو وہ غسل خانے کے فرش پر اوندھا پڑا تھا، تیواری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ چکا تھا۔
تیواری کے والد کے مطابق اس نے ایک ماہ قبل اپنی والدہ سے کہا تھا کہ اسے کچھ منفی قوتیں اپنی جانب کھینچ رہی ہیں اور وہ اسے قابو کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔
گورَو تیوری نے پوری دنیا میں آسیب سے بھرپور 6 ہزار سے زائد پراسرار جگہوں کا دورہ کیا تھا اور وہ بین الاقوامی شہرت کے حامل تھا۔ 32 سالہ گورَو تیواری کے بارے میں پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہے تاہم تیواری کے حوالے سے شادی کے باوجود خاتون سے تعلقات کی خبریں بھی زیرگردش تھیں۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates