ٹڈاپ اسکینڈل؛ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت کا ایف آئی اے کو تمام ملزمان کو گرفتار کر کے 19 مئی کو پیش کرنے کا حکم. فوٹو: فائل
 کراچی: احتساب عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل میں نامزد ملزم سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 10 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفاری جاری کردیئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد عظیم کی عدالت میں ہوئی، اس موقع پر ایف آئی اے نے مقدمے کے 7 نئے چالان عدالت میں پیش کئے جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 10 ملزمان کو ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 512 کے تحت مفرور قرار دیا گیا۔
عدالت نے ایف آئی اے کا چالان سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ایف آئی اے کو تمام ملزمان کو گرفتار کر کے 19 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

ہری پور میں فورسز کے ساتھ مقابلے میں خاتون سمیت ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک

فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والوں میں باپ، بیٹا اور اس کی ماں شامل ہیں، پولیس۔ فوٹو؛ فائل
ہری پور: تحصیل خان پور کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں خاتون سمیت کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید اورایک زخمی ہو گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہری پور کی تحصیل خان پور کے علاقے پنڈ گاکھڑا میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ایک مکان کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے پولیس نفری پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خاتون سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سابق یو سی ناظم صدیق خان کے بھائی کے گھر سے کی گئی جب کہ ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا جن میں جاوید ولد عبد الغنی، اس کا بیٹا احمد جاوید اور اس کی ماں شامل ہیں۔

آفتاب احمد کی موت؛ واقعے میں ممکنہ طورپرملوث اہلکاروں کومعطل کردیا گیا،ترجمان رینجرز

سیکٹر کمانڈرجلد از جلد تحقیقات کو مکمل کرکے حقائق سامنے لائیں گے، ترجمان رینجرز:فوٹو:فائل
 کراچی: ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے ڈی جی رینجرزکے حکم پراعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی جب کہ واقعے میں ممکنہ طورپرملوث اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرزکے مطابق ڈائیریکٹرجنرل میجربلال اکبرکے حکم پرایم کیوایم کے سینئررہنما فاروق ستارکے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی رینجرزسیکٹر کمانڈرکریں گے۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق واقعے میں ممکنہ طورپرملوث اہلکاروں کومعطل کردیا گیا ہے جب کہ جلد ازجلد سیکٹرکمانڈرزتحقیقات کو مکمل کرکے حقائق سامنے لائیں گے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے رینجرزکی تحویل میں دیئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور فاروق ستار کے کوآرڈینیٹرآفتاب احمد گزشتہ روزانتقال کرگئے تھے جس پر ایم کیوایم نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

خواتین سے بدسلوکی، تحریک انصاف کا 8 مئی کو فیصل آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی

عمران خان لاہور کے جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے پر پریشان ہیں،ترجمان پی ٹی آئی۔ فوٹو:فائل
 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد اور لاہور کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کے بعد فیصل آباد کا جلسہ ملتوی کردیا۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عمران خان لاہور کے جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے پر پریشان ہیں جس کے باعث انہوں نے خواتین کی فوٹیج دیکھ کر فیصل آباد میں 8 مئی کو ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جب کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ خواتین پر منصوبہ بندی سے حملے سیاست میں خواتین کا کردار محمود کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس سے اعتماد اٹھ چکا ہے اس لئے اب 9 مئی کو پشاور اور11 مئی کو بنوں میں جلسہ کیا جائے گا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ کبھی اس قسم کی بدسلوکی نہیں ہوئی جس طرح اسلام آباد اور لاہور کے جلسوں میں کئی گئی جو صوبائی حکومت اور پولیس کی جانب سے بدانتظامی کے باعث ہوئی جب کہ دونوں واقعات کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا 8 مئی کو فیصل آباد میں جلسہ منسوخ کرنے کی وجہ خواتین سے بدسلوکی نہیں بلکہ مقامی قیادت کے درمیان پھوٹ پڑا ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے کے لئے خرم شہزاد کو کنوینر مقرر کیا تھا جسے مقامی قیادت نے مسترد کردیا اور اس حوالے سے عمران خان کو خط بھی لکھ دیا تھا۔
واضح رہے کہ یکم مئی کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے دوران کچھ نوجوانوں نے تحریک انصاف کی خواتین پر حملہ کردیا تھا۔

آرمی چیف کا فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم

ڈی جی رینجرز نے بھی آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی۔ فوٹو: فائل
 کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاروق ستار کے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ آرمی چیف نے آفتاب احمد کی موت کے حوالے سے سچ سامنے لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔
قبل ازیں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی ہدایت پر بھی آفتاب احمد کی موت کے محرکات جاننے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی، تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے جو جلد ازجلد تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی رینجرز کو پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے رینجرزکی تحویل میں دیئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور فاروق ستارکے سابق کوآرڈینیٹر آفتاب احمد دوران حراست انتقال کرگئے تھے جس پرایم کیوایم نے آج اعلی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
آفتاب احمد کی موت پر رینجرز کی جانب سے کہا گیا کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کے باعث واقع ہوئی جب کہ ایم کیو ایم نے موت کی ان وجوہات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں نہ تو دل کا کوئی عارضہ لاحق تھا اور نہ ہی کوئی بیماری بلکہ آفتاب احمد کی موت تشدد کے باعث واقع ہوئی اور ان کے جسم پر موجود نشانات اس کے واضح ثبوت ہیں۔

پاکستان سپر لیگ؛ چھٹی ٹیم کی شمولیت کیلیے مہم آج شروع ہوگی

پہلے ایونٹ سے منافع،گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دیدی فوٹو: فائل
 لاہور:  پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کی شمولیت کیلیے مہم بدھ کو شروع ہوگی، منتظمین ورکشاپ میں فوائد گنوا کر فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شہریار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں  نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل  خاصی کامیاب رہی، ٹی وی ریٹنگ بہتر تھی، کارپوریٹ سیکٹر کو بھی آگے لے کر آئے، لیگ کے کامیاب انعقاد سے ملک کا امیج بہتر ہوا،5 فرنچائزز کو 10 سال کیلیے 9.3 ملین ڈالر میں فروخت کیا، پی سی  بی نے اپنا منافع  بہت کم صرف 3 لاکھ  ڈالر رکھا تھا لیکن ہمیں 2.6 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔
انھوں نے بتایا کہ اگلے سال 6 سائیڈز کو لیگ کا حصہ بنانے کیلیے دباؤ ہے، گورننگ بورڈ نے اجازت دیتے ہوئے مالکان کو اعتماد میں لینے کیلیے کہا ہے، بدھ کو شروع ہونے والی ورکشاپ میں فرنچائزز کو قائل کرنے کی کوشش کرینگے کہ ٹیم کے اضافے سے انھیں فائدہ ہوگا، ایک سوال پر ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ  لیگ کے کامیاب انعقاد سے فرنچائزز کے اثاثے بڑھے ہیں، ایک ٹیم اگر1.3  ملین ڈالر میں خریدی تھی تو اسے اب 2.5  ملین ڈالر مل رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دیدی، وہ پی سی  بی کی ملکیت ہوگی، ابھی آفس کی ضرورت نہیں  ضرورت پڑی تو سوچیں گے۔ کمپنی میں بورڈ آف گورنر  اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے2،2 جبکہ  باہر سے بھی 2 لوگ لیے جائیں گے، کوشش کریں گے کہ لیگ سے حاصل ہونے والی رقم کرکٹ اور کرکٹرز پر خرچ ہو تاکہ ہمیں ٹیکس کے ایشو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ سلمان سرور بٹ  نے اپنی کمپنی  بنا لی ہے۔
اب وہ ہمارے ساتھ بطورایڈوائزر ہوں گے،ایک اور عہدیدارکو لاہور قلندرز  نے اچھی پیشکش کی، ہمارے اپنے قوانین ہیں، ایک خاص حد سے زیادہ پیسے ہم نہیں دے سکتے۔ اگلے ایڈیشن میں کوشش کریں گے کہ اگر  پنجاب میں نہیں تو لیگ کا کوئی میچ سندھ میں ہی ہو جائے لیکن یہ سب کچھ  ملکی سیکیورٹی صورتحال پر منحصر ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates