عمران خان لاہور کے جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے پر پریشان ہیں،ترجمان پی ٹی آئی۔ فوٹو:فائل
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عمران خان لاہور کے جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے پر پریشان ہیں جس کے باعث انہوں نے خواتین کی فوٹیج دیکھ کر فیصل آباد میں 8 مئی کو ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جب کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ خواتین پر منصوبہ بندی سے حملے سیاست میں خواتین کا کردار محمود کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس سے اعتماد اٹھ چکا ہے اس لئے اب 9 مئی کو پشاور اور11 مئی کو بنوں میں جلسہ کیا جائے گا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ کبھی اس قسم کی بدسلوکی نہیں ہوئی جس طرح اسلام آباد اور لاہور کے جلسوں میں کئی گئی جو صوبائی حکومت اور پولیس کی جانب سے بدانتظامی کے باعث ہوئی جب کہ دونوں واقعات کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا 8 مئی کو فیصل آباد میں جلسہ منسوخ کرنے کی وجہ خواتین سے بدسلوکی نہیں بلکہ مقامی قیادت کے درمیان پھوٹ پڑا ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے کے لئے خرم شہزاد کو کنوینر مقرر کیا تھا جسے مقامی قیادت نے مسترد کردیا اور اس حوالے سے عمران خان کو خط بھی لکھ دیا تھا۔
واضح رہے کہ یکم مئی کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے دوران کچھ نوجوانوں نے تحریک انصاف کی خواتین پر حملہ کردیا تھا۔
No comments:
Post a Comment