پاناما لیکس؛ خورشید شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کے ٹی او آرز پر مبنی خط وزیراعظم کو بھجوا دیا

اپوزیشن جماعتوں نے ٹی او آرز میں سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو: فائل
 اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ ٹی او آرز وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم نوازشریف کو خط لکھا ہے جس میں پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر تیار کئے گئے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کی نقل اور مشترکہ اعلامیہ بھی منسلک کیا گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں لکھا گیا کہ ٹی او آرز تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر تیار کئے ہیں لہذا حکومت ان ٹی او آرز پر عمل درآمد کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی سمیت پارلیمنٹ میں موجود دیگر اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز میں سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔

ایبٹ آباد میں جعلی جرگے کے حکم پر نوعمر لڑکی کو زندہ جلا دیا گیا

لڑکی کی ماں سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں، ڈی پی او. فوٹو:فائل
ایبٹ آباد: ڈونگہ گلی میں پسند کی شادی کرنے والی سہیلی کی رازدان ہونے کے جرم میں جعلی جرگے کے حکم پر نوعمر لڑکی کو زندہ جلایا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جعلی جرگے کے حکم پر عنبرین نامی نوعمر لڑکی کو پسند کی شادی کرنے والی سہیلی کی رازدان ہونے کے جرم میں ایک ہفتے قبل زندہ جلایا گیا جب کہ پولیس نے لڑکی کی ماں اور جرگے کے سرغنہ ولیج کونسل کے چیئرمین پرویز سمیت دیگر 15 افراد کو گرفتارکرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔ ڈی پی او ایبٹ آباد خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ 23 اپریل کو صائمہ نامی لڑکی کورٹ میرج کرنے کے بعد کراچی چلی گئی تھی جس کی معاونت اس کی سہیلی عنبرین نے کی اور جب صائمہ کے اہلخانہ کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے چند اوباش نوجوانوں پر مشتمل جعلی جرگہ بٹھا کر لڑکی کو زندہ جلانے کا حکم دیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ عنبرین نامی لڑکی کے ہاتھ پاؤں باندھ کراسے ڈاڈسن گاڑی کے پچھلے حصے میں موجود سلندڑ پربٹھایا گیا جس کے بعد اس پر پیٹرول چھڑکنے کے بعد آگ لگائی گئی تاکہ لڑکی جل کر سلنڈردھماکے سے مختلف حصوں میں تقسیم ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا جرگے کا سرغنہ پرویز ویلج کونسل کا چیئرمین اورانتہائی بااثر شخص ہے جس نے عنبرین کی ماں کو ڈرایا کہ اگر اس نے لڑکی کو اس کے حوالے نہ کیا تو وہ اس کے گھر کو آگ لگا دے گا جس پر لڑکی کی ماں نے عنبرین کو اس کے حوالے کیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد کے مطابق عنبرین کی ماں سمیت 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہے جب کہ تمام ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کی ماں کا کہنا ہے کہ پرویز انتہائی بااثر شخص نے جس نے گھر میں آکر دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے عنبرین کو اس کے حوالے نہ کیا تو وہ اسے قتل کردے گا اور گھر کو آگ لگا دے گا۔

ورلڈ ٹی20 سے قبل کپتانی چھوڑنے کا سوچا تھا، آفریدی کا انکشاف

باصلاحیت نوجوان موجود ہیں،اکیڈمیزکے بغیر نئے ٹیلنٹ کو نہیں نکھارا جا سکتا فوٹو؛ فائل
 کراچی: آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل کپتانی چھوڑنے کا سوچا تھا مگر مناسب متبادل دکھائی نہ دینے کی وجہ سے ذمہ داری خود سنبھالے رکھی۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے لیے مجھے 2  دہائیوں تک کرکٹ کھیلنے کا موقع میسر آیا، میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اتنے لمبے عرصے تک ملک کے لیے کھیل پاؤں گا، میں نے ہمیشہ بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلی، کبھی پرفارم نہیں بھی کرپایا مگر اس دوران ملنے والی محبت اور سپورٹ پر بے حد شکرگزار ہوں۔
آفریدی نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کا سامنا، چیلنجز قبول کرنا اور قومی ٹیم کی قیادت کرنا آسان کام نہیں، ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل میں نے قیادت چھوڑنے پر بھی غور کیا تھا لیکن مجھے کوئی دوسرا پلیئر اتنی بڑی ذمہ داری سنبھالنے کیلیے تیار دکھائی نہیں دیا، میں نے ایونٹ کیلیے مضبوط اسکواڈ تیار کرنے کی کوشش کی مگر ہم توقعات پر پورا نہیں اترسکے۔ انھوں نے کہا کہ  پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ مالی فائدہ بھی ملا، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مگر ضرورت انھیں تلاش کرنے کی ہے،ایسا اکیڈمیز میں ہی ہوسکتا ہے۔
ہمیں ہر شہر میں مناسب اکیڈمی بنانی چاہیے تاکہ باصلاحیت بچے وہاں پر موجود سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں، ابھی لڑکے صرف اس وقت سیکھتے ہیں جب ٹیم میں منتخب ہوں، انھیں ڈائیونگ اور دیگر چیزیں اکیڈمیزمیں انڈر 16 اور 19 لیول پر سیکھنی چاہئیں۔ اپنے مستقبل کے بارے میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے ہیمپشائر کاؤنٹی سے معاہدہ کیا ہے۔
پی ایس ایل بھی کھیلوں گا، اس دوران اگر کوئی اچھا موقع ملا تو اس سے استفادے کے لیے تیار ہوں، اس کے ساتھ میں اپنی فاؤنڈیشن کیلیے چیریٹی کاموں کا سلسلہ جاری رکھوںگا،ایک بہترین سہولیات سے آراستہ اکیڈمی کا قیام بھی میرے مقاصد میں شامل ہے۔

امریکا کا اعلی پولیس افسرنسل پرستی پرمبنی ای میل کرنے پرعہدے سے فارغ

اعلی پولیس افسرنےمسلمانوں، سیاہ فام امریکیوں اورخواتین کے بارے میں متعصب ای میل کیں جس سےادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ فوٹو:فائل
لاس اینجلس: امریکا میں اعلی پولیس افسر نے نسلی پرستی پر مبنی ای میل کرنے پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے دوسرے بڑے شہر لاس اینجلس کے اعلی پولیس افسر نے سیاہ فام امریکیوں، مسلمانوں اور خواتین سے متعلق نسل پرستی پر مبنی ای میل کرنے اوراس پرعوام کی جانب سے شدید تنقید سامنے آنے پراپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پولیس افسر ٹام اینجل نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مسلماںوں، سیاہ فام امریکیوں اور خواتین سے متعلق متعصبانہ ای میل کیں جب کہ لاس اینجلس ٹائمس نے ٹام اینجل کی ای میل کی کاپیاں بھی حاصل کرلی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے 7 جنوری 2012 کو ایک ای میل کی جس میں انہوں نے دہشت گردوں کی کارروائیوں کو مسلمانوں نے منسوب کیا۔
محکمہ پولیس کے ایک افسر میک ڈونل کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب ٹام اینجل کی جانب سے کی گئی ای میل کا جائزہ لیا تو یہ نامناسب اور غیر پیشہ وارانہ تھیں جو محکمہ پولیس کے لئے تکلیف دہ تھیں جب کہ اینجل نے عوام کی جانب سے ردعمل آنے کے بعد اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹام اینجل نے لاس اینجلس کےقریبی شہر بربینک میں 2012 سے 2013 کے درمیان پولیس کے اعلی افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور انہوں نے ایک ایسے وقت میں عہدے سے استعفیٰ دیا ہے کہ جب سین فرانسسکو کے 3 پولیس افسران کو اس لئے عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا کیوں کہ انہوں نے اپنے پیغام میں اقلیتوں کو جنگلی جانور اور وحشی قراردیا تھا۔

نریندرمودی کی تعلیم اوریوم پیدائش پرتنازع کھڑا ہوگیا

الیکشن کمیشن کی دستاویز اور سکول سرٹیفکیٹ میں مودی کی تاریخ پیدائش الگ الگ ہے فوٹو: فائل
نئی دہلی:  بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی تعلیم اور تاریخ پیدائش پر تنازع کھڑا ہو گیا۔ اس سلسلے میں گذشتہ 7 برسوں کے دوران بہت سے رائٹ ٹو انفارمیشن کارکنوں نے گجرات یونیورسٹی سے معلومات کا مطالبہ کیا تھا لیکن انھیں معلومات نہیں مل پائی تھیں۔
مرکزی انفارمیشن کمیشن کی ہدایت پر گجرات یونیورسٹی نے نریندر مودی کی ماسٹرز کی ڈگری کے بارے میں معلومات عام کر دیں لیکن اس کے بعد دو نئے تنازعات کھڑے ہو گئے ہیں۔ اب گجرات کانگریس کی طرف سے یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ نریندر مودی نے گریجویشن کی ڈگری کہاں سے حاصل کی اور ان کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟۔ گجرات کانگریس کے سینئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ کئی سال سے گجرات کے آر ٹی آئی کارکن وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں معلومات لینے کیلیے کوشاں رہے ہیں لیکن ہر بار آر ٹی آئی افسر اسے ذاتی معلومات قرار دیکر ٹالتے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں دیے جانے والے حلف نامے کے مطابق نریندر مودی نے1967میں میٹرک پاس کیا،1978 میں دہلی یونیورسٹی سے بی اے پاس کیا اور 1983 میں گجرات سے ماسٹرز۔ لیکن آج تک کسی نے ان کا گریجویٹ سرٹیفکیٹ نہیں دیکھا اور اس معاملے میں گجرات یونیورسٹی بھی خاموش ہے۔ گوہل نے ایک اور مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق نریندر مودی کی پیدائش17ستمبر 1950میں ہوئی تھی۔ لیکن جہاں سے مودی نے سکول کی تعلیم حاصل کی، گجرات کے اس ویس نگر کے ایم این اسکول کے دستاویز کے مطابق مودی کی تاریخ پیدائش 29 اگست 1949ہے۔

5 سال قبل اسامہ کیخلاف کارروائی نہ کرتے تووہ ہاتھ سے نکل جاتا،اوباما

اوبامانے اس پرخطرآپریشن کے احکام یہ جانتے بوجھتے دیے تھےکہ ایبٹ آبادمیں جس شخص کی شناخت اسامہ بن لادن کے طورپرہوئی ہے۔ فوٹو؛ فائل
واشنگٹن: امریکی صدربارک اوبامانے القاعدہ کے سربراہ اْسامہ بن لادن کی ہلاکت کے 5 سال بعدغیر یقینی زمینی حالات کے باوجوداس کارروائی کی اجازت دینے کادفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ بن لادن کومرتے وقت یہ بات ضروریادآئی ہو گی کہ امریکی عوام اْس کے ہاتھوں مرنے والے 3ہزار انسانوں کوبھولے نہیں تھے۔
امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ بن لادن کوپکڑنے کا بہترین موقع تھا،اگرہم یہ کارروائی نہ کرتے تو وہ ہمارے ہاتھوں سے نکل سکتا تھااوراس کے دوبارہ منظرعام پرآنے میں کئی سال لگ جاتے۔
اوبامانے اس پْرخطرآپریشن کے احکام یہ جانتے بوجھتے دیے تھے کہ ایبٹ آبادمیں جس شخص کی شناخت اْسامہ بن لادن کے طورپرہوئی ہے،ممکن ہے وہ کوئی اورشخص ہو۔اوبامانے کہاکہ ہم یہ بھی جانتے تھے کہ اپنی اس کارروائی سے ہم پاکستان کوناراض کریں گے۔

شام میں فوج کی بمباری سے 29 افراد ہلاک

داعش کے دہشت گردوں نے گزشتہ شام کرکوک میں اگلے مورچوں پر تعینات عراقی فورسز پر مسٹرڈ اور کلورین بموں سے حملہ کیا، فیلڈ کمانڈر فوٹو : فائل
دمشق / بغداد:  شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 19 شہری اور 10 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ بمباری رقہ میں داعش کے زیرقبضہ علاقے میں کی گئی جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ عراقی شہر موصل میں امریکی فوج کا ایک اہلکار داعش کے حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ عراقی سیکیورٹی فورسز کے خلاف عسکریت پسند تنظیم داعش نے ایک مرتبہ پھر کیمیائی بم استعمال کیے ہیں۔عراقی میڈیا کے مطابق عراقی فوج کے ایک فیلڈکمانڈر نے بتایا کہ داعش کے دہشت گردوں نے گزشتہ شام کرکوک کے نواحی علاقے البشی کے اگلے مورچوں پر تعینات عراقی فورسز پر مسٹرڈ اور کلورین بموں سے حملہ کیا ہے۔ دوسری طرف برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کی لیک ہونے والی دستاویزات میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ تاریخی شہر پلمائرا پر قبضے کیلیے شامی صدر بشارا لاسد نے داعش کے جنگجوؤں سے خفیہ معاہدہ کیا تھا۔جس کے تحت پلمائرا پر حملے سے پہلے جنگجوؤں اور بھاری اسلحے کو داعش کے دارالحکومت رقہ منتقل کیا گیا۔
امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں شام کے بحران کا جائزہ لیا گیا ہے۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام میں متحدہ فریقوں سے جنگ بندی پر عمل کرنے کی اپیل کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کی نگرانی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates