آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 10 فیصد اضافے کی تجویززیر غور ہے، ذرائع، فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ساڑھے 4 ہزار ارب روپے كے لگ بھگ مالیت كا وفاقی بجٹ آج پارلیمنٹ میں  پیش كریں گے۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال 17-2016 کے لیے ساڑھے 4 ہزار ارب روپے کے لگ بھگ مالیت كے حجم پر مشتمل وفاقی بجٹ آج شام پارلیمنٹ میں  پیش كریں گے۔ آئندہ مالی سال كے وفاقی بجٹ میں ماضی كے 10،10 فیصد كے 2 ایڈہاك ریلیف تنخواہوں میں شامل كركے سركاری ملازمین كی تنخواہوں میں 5 سے 10 فیصد اضافہ كرنے كی تجویزدی گئی ہے جس كے بعد نظر ثانی شدہ پے اسكیلز جاری كیے جائیں گے، اس كے علاوہ میڈیكل الاؤنس اور كنوینس الاؤنس میں بھی اضافے كی تجویزہے جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ ذرائع كے مطابق بجٹ كے مجوزہ مسودے میں دیئے گئے اعداد و شمار كے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے دفاعی بجٹ 860 ارب روپے جب کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3 ہزار620 ارب اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم ایک ہزار 675 ارب روپے رکھا گیا ہے جس میں سے وفاقی پی ایس ڈی پی كا حجم 800 ارب روپے كے لگ بھگ ہوگا۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیكس وصولیوں  كا ہدف 3620 ارب روپے مقرر كرنے كی تجویز دی گئی ہے ، بجٹ میں قرضوں پر سود كی ادائیگی كے لئے 1354 ارب روپے، پنشن كی ادائیگی كے لئے 245 ارب روپے، وفاقی حكومت كے سروس ڈلیوری كے اخراجات كے لئے 348 ارب روپے، سبسڈیز كیلئے 169 ارب روپے، صوبوں  كو گرانٹس كی ادائیگی كے لئے 40 ارب روپے اور دیگر گرانٹس كی مد میں 54 ارب روپے مختص كرنے كی تجویز زیرغورہے۔
بجٹ میں 250 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز ہے، اسٹیشنری، سیمنٹ، سگریٹ، مشروبات، میپ اپ کے سامان، پینٹش وارنش، انجم آئل، گیئرآئل، ایئرکنڈیشنر، ڈبے کے دودھ اور پولٹری فیڈ پر بھی ٹیکس لگانے کی تجویز زیرغور ہے جب کہ گاڑیوں کی لیزنگ پر 2 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس، کمرشل صارفین کے لئے بجلی پر ٹیکس 10 سے بڑھا کر 12 فیصد اور مالدار لوگوں پر سپر ٹیکس جاری رکھنے کی تجویز ہے۔ لینڈ ڈویلپرز اور بلڈرز پر 33 روپے فی مربع فٹ ٹیکس، شادی ہالوں پر حجم کے مطابق ٹیکس، اسٹاک ایکسچینج ممبران کے کمیشن پر ٹیکس 0.01 سے 0.02 فیصد ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے جب کہ اکانومی کلاس کے فضائی ٹکٹ پر 3 ہزار روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
بجٹ میں یوریا کھاد کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے جب کہ کپاس اور چاول کے چھوٹے کاشتکاروں کو زر تلافی دینے کی تجویز ہے، کسانوں کو سولر پمپس کی فراہمی  کے لئے بجٹ مختص کیا جائے گا۔ زرعی ادویات، خام مال اور پلاسٹک مصنوعات سستی کئے جانے کا امکان ہے۔

حج کرپشن اسکینڈل، سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی کو 16 سال قید کی سزا

عدالت نے سابق ڈی جی حج کو 40 سال اور ایڈیشنل سیکرٹری کو 16 سال قید کی سزا سنائی۔ فوٹو: فائل
 اسلام آباد: عدالت نے حج کرپشن اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر کو 16 سال اور سابق ڈی جی حج کو 40 سال قید کا حکم سنا دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے حج کرپشن اسکینڈل کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی کو 16 سال اور سابق ڈائریکٹر جنرل حج راؤ شکیل کو 40 سال قید کا حکم سنایا ہے۔ عدالت نے سابق ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب احمد کو بھی 16 سال قید کا حکم دیا۔ اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر احمد نے کیس کا فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سابق ڈائریکٹر حج راؤ شکیل، سابق وزیر برائے مذہبی امورحامد سعید کاظمی اور وزارت مذہبی امور کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری راجہ آفتاب پر2010 کے حج سیزن کے دوران قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔

سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی سب سے لمبی اورگہری ریلوے سرنگ کا افتتاح

اس سرنگ کی تیاری میں 40 لاکھ مکعب میٹر کنکریٹ استعمال کیا گیا ہے ۔فوٹو:فائل
میونخ: سوئٹزر لینڈ میں دنیا کی سب سے طویل اور گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح کردیا گیا ہے جس کی تعمیر پر 12 ارب 50 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔
بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق ایک ہزار 200 کلو میٹر طویل کوہ ایلپس یورپ کا طویل ترین پہاڑی سلسلہ ہے جو یورپ کے 8 ملکوں آسٹریا، فرانس ، جرمنی، اٹلی، مناکو ، سلوینیا، سوئٹزر لینڈ اور لیکٹینسٹین کو ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے۔ اس پہاڑی سلسلے کو ان ملکوں کے درمیان تجارت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھا جاتا ہے، 19ویں صدی کے آخر میں یہاں پہلی ریلوے لائن بچھائی گئی تھی لیکن سامان تجارت کی زیادتی کی وجہ سے ریلوے لائن اور سڑک ناکافی ثابت ہورہی تھی۔
1992 میں سوئٹزر لینڈ کے باشندوں نے ریفرنڈم کے ذریعے کوہ ایلپس کے آر پار ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبے کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 17 برس تک کسی بھی وقفے کے بغیر دن رات کام ہوا اور بالآخر اب اس کا افتتاح کردیا گیا ہے۔کوہ ایلپس میں دنیا کی سب سے بڑی اور گہری سرنگ تیار کی گئی جس کا نام گوٹہارڈ ریل لنک رکھا گیا ہے۔

17 سال کی مدت میں تعمیر کی گئی اس سرنگ کی لمبائی 57 کلو میٹر سے زائد ہے اور اس پر 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کی لگت آئی ہے جو کہ لاطینی امریکی ملک نکاراگوا کی کل قومی آمدنی کے برابر ہے۔ اس سرنگ کی تیاری میں 40 لاکھ مکعب میٹر کنکریٹ استعمال کیا گیا ہے اگر اس کو لمبائی کی لمبائی میں کھڑا کیا جائے تو یہ امریکا کی امپائر اسٹیٹ بلڈنگ 84 گنا زیادہ طویل ہوجائےگی۔ اس سرنگ میں استعمال ہونے والے تانبے کی لمبائی 3 ہزار 200 کلو میٹر ہے جو کہ لندن اور نیویارک کے درمیان فاصلے کے برابر ہے جب کہ اس سرنگ سے یومیہ 3 لاکھ 77 ہزار ٹن سامان گزرے گا۔

چینی لڑکا طیارے میں چھپ کربھیک مانگنے دبئی پہنچ گیا

لڑکے کی عمر 16 سال اور نام ژو ہے فوٹو : فائل
دبئی:  ایک چینی لڑکا شنگھائی سے دبئی جانے والے ایمیریٹس کے مسافر طیارے میں سامان رکھنے والی جگہ سے ملا ہے۔
خلیجی ہوائی کمپنی ایمیریٹس کا کہنا ہے کہ جمعے کو پرواز ای کے 303 میں چھپ کر دبئی پہنچنے والے چینی لڑکے کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایئرلائن نے اس لڑکے کا نام تو نہیں بتایا تاہم چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژینہوا نے لڑکے کے بارے میں بتایا ہے کہ اس کی عمر 16 سال اور نام ژو ہے جب کہ وہسچوان صوبے کارہائشی ہے۔ لڑکے کا کہنا ہے کہ وہ سامان رکھنے والی جگہ میں بہت پرسکون تھا اوراس نے تقریباً 9 گھنٹوں کی پرواز کے دوران کچھ نہیں کھایا تھا۔
خبرایجنسی کے مطابق اس لڑکے کا کہنا ہے کہ اس نے سنا تھا کہ دبئی میں گداگر ماہانہ 71 ہزار ڈالر کما لیتے ہیں اور وہ بھی یہاں بھیک مانگنے کے لیے آیا تھا، پراسیکیوٹرز کی جانب سے بلائے گئے مترجم کے مطابق لڑکے نے بتایا ہے کہ اس نے شنگھائی ایئرپورٹ پر لگی باڑ پر سے چھلانگ لگائی اور جیسے ہی سکیورٹی گارڈ نے دوسری جانب دیکھا تو وہ طیارے میں سامان رکھنے والی جگہ میں گھس گیا۔

اپنا اینڈروئیڈ اپ ڈیٹ کریں اور پیزا کا تحفہ حاصل کریں


سام سانگ نے بھارت میں اپنے صارفین کو اینڈروئیڈ اپ گریڈ کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے پیزا کا تحفہ دینا شروع کر دیا ہے۔ فوٹو؛ فائل
انڈیا: سام سانگ نے اپنے صارفین کےلیے ایک دلچسپ اسکیم متعارف کرائی ہے جس میں آپ اپنے اینڈروئیڈ ورژن کو اپ گریڈ کرنے پر پیزا کا تحفہ حاصل کرسکتے ہیں۔
اینڈروئیڈ صارفین اپ گریڈ کو ہمیشہ ٹالتے رہتے ہیں۔ اینڈروئیڈ کا تازہ ورژن 7 سے 800 ایم بی سائز کا حامل ہوتا ہے جسے ڈاؤن لوڈ کرنا تو ایک مسئلہ ہوتا ہی ہے لیکن اسے انسٹال کرنے کے لیے بھی کافی وقت درکار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین اس اپ ڈیٹ کرنے سے کتراتے رہتے ہیں۔ اینڈروئیڈ ڈیوائس کا بڑی تعداد میں پرانے ورژن کا استعمال کرنا بہت بڑا سکیورٹی خطرہ ہوتا ہے جو اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی اور اینڈروئیڈ کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
سام سنگ نے انڈیا میں موجود اپنے صارفین کو اینڈروئیڈ اپ گریڈ کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے پیزا کا تحفہ دینا شروع کر دیا ہے۔ سام سنگ کے اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کو یہ پیغام مل رہا ہے کہ اگر وہ اپنا اینڈروئیڈ ورژن اپ گریڈ کریں تو پیزا خریدنے کے لیے 20 فیصد کا رعایتی کوپن انہیں مفت ملے گا اور وعدے کے مطابق اینڈروئیڈ اپ گریڈ کرتے ہی سام سنگ انہیں کوپن دے بھی رہا ہے۔
پچھلے ہی دنوں گوگل نے اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کو اینڈروئیڈ کی اپ گریڈ تاخیر سے جاری کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ اگر وہ یہ کام درست طریقے سے انجام نہیں دے سکتیں تو گوگل کو اینڈروئیڈ اپ گریڈ جاری کرنے کا اختیار سونپ دیں۔ شاید گوگل کا یہ حربہ کام کر گیا ہے اور اب کم از کم سام سنگ نے اپنے صارفین کو تیزی سے اینڈروئیڈ کے تازہ ورژن پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

پشاور میں پارٹی پرچم لگانے پر فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق

پشاور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں 3 افراد میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں، پولیس حکام : فوٹو : فائل
پشاور: تخت آباد میں سیاسی جماعت کا پرچم لگانے کے معاملے پر 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں باپ اور بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں چارسدہ روڈ پر تخت آباد میں واقع ایک مکان پر سیاسی جماعت کا پرچم لگانے کے معاملے پر 2 گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم کی شکل اختیار کرلی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
ایس پی پشاور رورل شاکر بنگش کا کہنا ہے کہ تصادم میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت طلحہ، اس کے بیٹے اور عالم کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

کراچی کے 2 حلقوں سمیت سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب، ووٹوں کی گنتی جاری

پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں فوٹو: فائل
 کراچی: شہر قائد کے دو حلقوں سمیت سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کے بعد ووتوں کی گنتی جاری ہے۔
کراچی اورنوشہروفیروزمیں سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا ، پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکارتعینات کئے گئے جب کہ پاک فوج کو کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہنے کے احکامات ملے تھے، رینجرزاور پاک فوج کے افسران کو میجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کیے گئے تاکہ شر انگیزی پھیلانے والوں کو موقع پر ہی سزا دی جاسکے۔ اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔
کراچی کے حلقہ پی ایس 106 میں کل رجسٹرڈ ووٹرزں کی تعداد اییک لاکھ 76 پزار 395 ہے۔ جن کے لئے 100 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، جن میں سے 73 کو انتہائی حساس جبکہ 27 کو حساس قرار دیا گیا۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر 900 افراد پر مشتمل عملے نے خدمات سرانجام دیں۔
پی ایس 117 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 746 ہے اور پورے حلقے میں 84 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر بھی رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔
واضح رہے کہ کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ 106 پی ایس 106 اورپی ایس 117 جب کہ نوشہرو فیروز میں حلقہ پی ایس 22 کی نشست پر ضمنی انتکاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پی ایس 106 اور پی ایس 117 پر ایم کیو ایم کے افتخار عالم اور ڈاکٹر صغیر کامیاب ہوئے تھے تاہم دونوں افراد ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے اور انہون نے اپنی اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ پی ایس 22 پر عدالت کے حکم پر ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates