سخت مسابقت ، کم ٹیر ف اور زیادہ ٹیکسز سے ٹیلی کام سیکٹر پر شدید دباؤ

ٹیلی کام سیکٹر کی جانب سے گزشتہ 4 سال کے دوران 4ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے فوٹو: فائل
 کراچی:  سخت مسابقت، ٹیرف میں کمی اور ٹیکسوں کی بھرمار پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی آمدن میں 2 سال سے کمی کا سبب بن رہی ہے۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق 3 سال کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کے اوسط ماہانہ ریونیو میں 1.6 ارب روپے کی کمی ہوئی، شعبے نے گزشتہ 5سال کے دوران قومی خزانے میں ٹیکسوں اور لائسنس فیس کی مد میں 744.6 ارب روپے جمع کرائے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ٹیلی کام سیکٹر سے ٹیکسوں کی مد میں 106ارب روپے کی آمدن ہوئی، ٹیلی کام انڈسٹری پر عائد ٹیکسوں میں جنرل سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سم ایکٹیویشن ٹیکس، ایڈوانس ودہولڈنگ ٹیکس، موبائل سیٹ پر سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز شامل ہیں، ٹیلی کام انڈسٹری نے گزشتہ 5سال کے دوران 2129ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ریونیو 333.2ارب روپے رہا۔
رپورٹ میں کہا گیاکہ پی ٹی اے اور انڈسٹری اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرکے انڈسٹری کی ترقی کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے جس سے حکومت کو بھی ریونیو کی مد میں طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری کے ریونیو گزشتہ 2سال سے دباؤ کا شکار ہیں، مالی سال 2013-14 میں ٹیلی کام سیکٹر کا اوسط ماہانہ ریونیو 38.625 ارب روپے تھا جو مالی سال 2014-15میں کم ہوکر 37.46 ارب روپے ماہانہ اور مالی سال 2015-16 کے دوران کم ہوکر 37ارب روپے ماہانہ کی سطح پر آ گیا، 3 سال کے دوران انڈسٹری کے اوسط ماہانہ ریونیو میں 1.625ارب روپے ماہانہ کی کمی ہوئی، ٹیلی کام سیکٹر کی جانب سے گزشتہ 4 سال کے دوران 4ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس میںسیلولر انڈسٹری کی سرمایہ کاری سب سے زیادہ ہے۔

ہوسٹن میں ایکسپریس پراپرٹی ایکسپو کا شاندار افتتاح ؛ پاکستانیوں کا بے پناہ رش

ہوسٹن:کانگریس مین ایل گرین ’’دی پاکستان شو‘‘ کا افتتاح کررہے ہیں، پاکستانی قونصل جنرل افضل محمود اور سی ای او ایکسپریس میڈیا گروپ اعجاز الحق و دیگر بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس
ہوسٹن /  اسلام آباد: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام امریکا کے شہر ہوسٹن میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا گزشتہ روز شاندار افتتاح ہوا۔
ایکسپو میں پاکستان پویلین کا باضابطہ  افتتاح امریکی کانگریس کے رکن ایل گرین نے فیتہ کاٹ کرکیا ۔پاکستانی قونصل جنرل افضل محمود نے بھی نمائش میں شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر ایکسپریس میڈیاگروپ اعجازالحق نے معززمہمانوں کو نمائش میں خوش آمدیدکہا۔ نمائش میں اسٹارمارکیٹنگ،فاسٹ مارکیٹنگ ،پراپرٹی لیجنڈ،ورٹیکس انٹرنیشنل ،حیدرعلی اینڈکونے اسٹال لگائے ہیں۔ایکسپوکے افتتاحی روزایکسپو سینٹر میں لوگوں کا بے پناہ رش رہا۔صبح سے لیکر شام تک ایکسپو سینٹر میں وزیٹرزکا تانتا بندھا رہا،خاص طور پر ہوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایکسپو میں زیادہ دلچسپی لیتے ہوئے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
مختلف کمپنیوںکی جانب سے لگائے گئے  اسٹالز پردن بھر لوگوں کا رش دیکھنے کو ملا۔ایکسپو میں آئے ہوئے پاکستانی کمیونٹی سمیت غیر ملکی وزیٹرز نے پاکستان پویلین سجانے سے متعلق ایکسپریس میڈیا کو سراہااورکہا کہ امریکا کے دیگر شہروں میں بھی اس قسم کی پراپرٹی نمائشوں کا انعقادکیا جائے۔ ہوسٹن میں شروع ہونے والا انٹرنیشنل پراپرٹی شو 6 جون تک جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے اس سے قبل گزشتہ ماہ دبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل پراپرٹی شو میں کامیابی کے ساتھ پاکستانی پویلین کا انعقادکرچکا ہے ۔ایکسپریس میڈیا گروپ ہوسٹن کے بعد اگست میں امریکی شہر ڈلاس میں بھی پراپرٹی شو میں حصہ لے گا۔ہوسٹن پراپرٹی شو میں ملک بھر سے ریئل اسٹیٹ کے شعبہ سے وابستہ بڑی پراپرٹی کمپنیوں نے اسٹال لگائے ہیں۔
پاکستان میں ریئل اسٹیٹ سے وابستہ پراپرٹی کمپنیوں نے ایکسپریس میڈیا کی جانب سے دبئی میں کامیاب پراپرٹی شوکے بعد امریکا کے 2 شہروں میں پاکستان پراپرٹی شوکے انعقادکو انتہائی اہم اقدام  قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس اقدام سے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور اس ضمن میں معلومات حاصل کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔پاکستان میں اس وقت سالانہ 2 لاکھ کے قریب افرادکو مکانات کی کمی کا سامنا ہے اور اب تک مجموعی طور پر30 سے 40 لاکھ مکانات کی کمی ہے ۔ ریئل اسٹیٹ سے وابستہ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی اس کاوش سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے بہترین موقع ملے گا۔

بجٹ توقعات ؛ حصص مارکیٹ پہلی بار37000 پوائنٹس کی حد عبور کر گئی

تیزی کے باعث 56.58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں56 ارب 14 کروڑ83 لاکھ93 ہزار444 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو : اے ایف پی
 کراچی:  وفاقی بجٹ سے مثبت توقعات، سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی امیدوں، ٹیکسٹائل سیکٹر کی نوٹیکس نوریفنڈریجیم کی بحالی اور ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹ میں شمولیت جیسی مثبت اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوبھی تیزی کاتسلسل قائم رہا ۔
جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بارانڈیکس 37000 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا، تیزی کے باعث 56.58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں56 ارب 14 کروڑ83 لاکھ93 ہزار444 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اقتصادی محاذ پربعض مثبت اقدامات کی توقعات پرسرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں نے اعلان بجٹ کے باوجود اپنے من پسند شعبوں میں خریداری جاری رکھی جس سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس383.86 پوائنٹس اضافے سے 37223 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 143.91 پوائنٹس بڑھ کر 21367.98 ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 833.01 پوائنٹس اضافے سے65483.80 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس191.24 پوائنٹس بڑھ کر 17604.14 ہوگیا۔
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 17.36 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر25 کروڑ36 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار387 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں219 کے بھاؤ میں اضافہ، 143 کے دام میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

عمران طاہرروزے رکھ کرمیچز کھیلیں گے

پاکستانی نژاد عمران طاہر ماہ صیام میں روزے کی حالت میں میدان میں اتریں گے فوٹو: فائل
پراویڈینس: جنوبی افریقی ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عمران طاہر روزے رکھ کر میچز کھیلیں گے۔
ویسٹ انڈیز میں سہہ ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ جاری ہے۔ ایونٹ میں میزبان ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے علاوہ آسٹریلوی ٹیم بھی شریک ہے، تینوں ٹیموں میں مجموعی طور پر پانچ مسلمان کرکٹرز شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے دوران ہی رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہوجائے گا اور کچھ میچز روزے کے اوقات میں ہی ہوں گے۔ جنوبی افریقا کی ٹیم میں شامل ہاشم آملہ اور پاکستانی نژاد عمران طاہر ماہ صیام میں روزے کی حالت میں میدان میں اتریں گے۔
عمران طاہر نے ایک انٹرویو میں کہاکہ رمضان المبارک میں روزے رکھنے سے بطور پروفیشنل کرکٹر میری پرفارمنس متاثر نہیں ہوگی۔ اپنے مذہبی ارکان پورے کرتے ہوئے پروفیشنل اسپورٹس میں توازن قائم رکھنے کو میں مشکل خیال نہیں کرتا،اگر آپ درست راستہ اختیار کریں تو یہ بہت آسان ہوجاتا ہے۔

دن بھر دُھوپ میں بٹھانے کی سزا؛ اونٹ نے مالک کو ہلاک کردیا

اونٹ کے گلے کی رسی کھونٹے سے بندھی ہوئی تھی، ورنہ آس پاس کھڑے ہوئے لوگ بھی یقینی طور پر اس کے طیش کی زد میں آجاتے۔:ـفوٹو : فائل
اونٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ بڑا کینہ پرور اور غصیلا جانور ہے۔ اگر کسی سے بگڑ جائے تو اس کی صورت اپنی یادداشت میں محفوظ رکھتا ہے اور موقع ملنے پر اس شخص کو نقصان پہنچائے بغیر نہیں رہتا۔ غالباً اسی لیے بغض و کینہ رکھنے والے شخص کے لیے ’ شُتر کینہ‘ (اونٹ جیسا کینہ رکھنے والا) کا محاورہ استعمال کیا جاتا ہے۔ شُتر بانی سے وابستہ لوگ کہتے ہیں کہ اونٹ جس سے بغض باندھ لے اس کی جان کے در پے ہوجاتا ہے، حتیٰ کہ یہ اپنے مالک کو بھی نہیں بخشتا۔
اونٹ کے ’ ہاتھوں‘ انسان کی ہلاکت کا تازہ واقعہ بھارت کی ریاست راجستھان میں پیش آیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق راجستھان کے ضلع بارمر کی حدود میں واقع منگتا نامی گاؤں میں اونٹ نے اپنے مالک کو ہلاک کردیا۔ راجستھان کا بڑا علاقہ صحرا اور پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے۔ ان علاقوں میں بسنے والے گاؤں دیہات اور قصبوں کی بیشتر آبادی شُتربانی کے پیشے سے وابستہ ہے۔ مگر منگتا کا اُڑجا رام گزراوقات کے لیے بھیڑ بکریاں پالتا تھا۔ اس نے ایک اونٹ بھی پال رکھا تھا مگر آمدنی کا بنیادی ذریعہ گلہ بانی تھی۔
گذشتہ ہفتے کی بات ہے صبح کے وقت اُڑجارام کے پاس ملاقات کے لیے کچھ قریبی رشے دار آگئے۔ علاقائی روایت کے مطابق وہ ان کی مہمان نوازی میں جُت گیا۔ بیوی کو کھانا پکانے کی ہدایت کرنے کے بعد وہ مہمانوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف ہوگیا۔ دوپہر کے کھانے سے فارغ ہونے کے بعد بھی گفتگو کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ باہر غضب کی گرمی پڑ رہی تھی، اس لیے بیٹھک سے باہر نکلنے کی کسی نے ہمت نہ کی۔ مہمانوں کی خاطر مدارات اور ان سے تبادلۂ خیال کے دوران اُڑجام رام کو قطعی یاد نہ رہا کہ اونٹ رات ہی سے احاطے کے باہر بندھا ہوا ہے۔
اونٹ کی ایک ٹانگ کو دہرا کرکے اس پر رسی باندھ دی گئی تھی تاکہ وہ اُٹھ نہ سکے۔ اونٹوں کو عام طور پر اسی طرح باندھا جاتا ہے۔ ’ بے چارہ‘ اونٹ کڑکتی دھوپ میں دن بھر بیٹھا رہا ( واضح رہے کہ ہندوستان میں ان دنوں سورج قہر ڈھارہا ہے اور گرمی نے ساٹھ سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے) شام کے سائے پھیلنے پر جب اُڑجارام مہمانوں کو رخصت کرنے باہر آیا تو اس کی نظر اونٹ پر پڑی۔
وہ اپنی بُھول پر افسوس کرتا ہوا فوراً اس کی طرف لپکا مگر اسے کیا خبر تھی کہ وہ اپنی موت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جیسے ہی اونٹ کی ٹانگ رسی سے آزاد ہوئی اس نے شدید غصے کے عالم میں اپنے مالک پر حملہ کردیا۔ یہ دیکھ کر مہمان اس کی مدد کو آگے بڑھے مگر اونٹ کے غیظ و غضب نے انھیں دور کھڑے رہنے پر مجبور کردیا۔ اس دوران بپھرا ہوا جانور اپنے مالک کی گردن منہ میں دبوچ کر اسے زمین پر پٹخ چکا تھا اور اسے ٹانگوں سے رگید رہا تھا۔ پھر اس نے ادھ موئے شخص کو دانتوں سے بھنبھوڑنا شروع کردیا۔اسی اثنا میںگاؤں کے بہت سے لوگ وہاں پہنچ چکے تھے۔
انھوں نے بڑی کوشش اور حکمت عملی سے اڑجارام کو اونٹ کی وحشت کا مزید نشانہ بننے سے بچایا، جو اس وقت تک شدید زخمی ہوچکا تھا۔ اس کے سر اور جسم کے کئی حصوں سے خون بہہ رہا تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے دم توڑ دیا۔ غنیمت یہ تھا کہ اونٹ کے گلے کی رسی کھونٹے سے بندھی ہوئی تھی، ورنہ آس پاس کھڑے ہوئے لوگ بھی یقینی طور پر اس کے طیش کی زد میں آجاتے۔

مردان میں تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ، کونسلر سمیت 4 افراد جاں بحق

ریلی کے شرکا جلسہ گاہ کی جانب رواں دواں تھے کہ اس دوران مخالف گروپ نے فائرنگ کردی۔ فوٹو؛ فائل
مردان: یوسی ہوتی میں تحریک انصاف کے جلسہ گاہ کی طرف جانے والی ریلی پر فائرنگ سے کونسلر سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مرادن کی یونین کونسل ہوتی میں تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے لیے پی ٹی آئی کے کارکنان ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ کی جانب رواں دواں تھے کہ اس دوران مخالف گروپ نے ریلی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ سے تحریک انصاف کا تحصیل کونسلر بھی جاں بحق ہوا جب کہ واقعہ میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور دونوں گروپوں نے مورچے سنبھالے ہوئے ہیں تاہم پولیس کی بھاری نفری علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ایران دہشت گردی کی سب سے زیادہ سرپرستی کرنے والا ملک ہے، امریکی محکمہ خارجہ

پاکستان نےافغان طالبان اورحقانی نیٹ ورک کوبات چیت کیلئےراضی کرنےکی کوششوں میں مدد کی،امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ جاری. فوٹو:فائل
واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ نے دنیا بھر میں دہشت گردی کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کردی جس میں ایران کو دہشت گردی کی سب سے زیادہ سرپرستی کرنے والا ملک قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 2015 میں دہشت گردی کے واقعات میں 2014 کی نسبت 13 فیصد کمی دیکھی گئی لیکن اس کے خطرے میں کمی نہیں آئی جب کہ جنوبی ایشیا اب بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا فرنٹ لائن بنا ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے جوہری معاملات پر بین الاقوامی کمیونٹی کے ساتھ معاہدہ ضرورکیا ہے لیکن اس نے حزب اللہ اور دوسری شدت پسند تنظیموں کو مالی مدد اور تربیت دینا جاری رکھا ہے اور 2015 کے دوران ایران دہشت گردی کی سب سے زیادہ سرپرستی کرنے والا ملک ابھرکرسامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عراق اورشام میں دولت اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقوں میں کمی آئی ہے لیکن دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے بڑا خطرہ اب بھی اسی تنظیم سے ہے جب کہ نام نہاد دولت اسلامیہ نے اپنی پہنچ میں اضافہ کیا ہے۔ رپورٹ میں بنگلہ دیش میں بھی دہشت گردی کے معاملات میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے اور وہاں القاعدہ اور دولت اسلامیہ دونوں ہی نے غیر ملکیوں، اقلیتوں اور سیکولر بلاگروں پرحملوں کی ذمہ داری کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کی رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کی کارروائی سے القاعدہ کمزور ہوئی ہے لیکن رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغانستان میں کئی حملے پاکستان میں موجود پناہ گاہوں سے کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو بات چیت کے لیے راضی کرنے کی کوششوں میں مدد کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2015 میں پاکستان میں بھی دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی لیکن اسکولوں اور دوسرے ایسے اہداف کو شدت پسندوں نے نشانہ بنانا جاری رکھا۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates