اسٹیٹ بینک نے امسال کیلئے زکوٰۃ کا نصاب جاری کردیا

ملک بھر میں بینک کھاتوں سے زکوٰۃ یکم رمضان المبارک کو منہا کی جائے گی، اسٹیٹ بینک. فوٹو: فائل
 کراچی: اسٹیٹ بینک نے رواں برس کے لئے زکوٰۃ کا نصاب جاری کردیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں برس کے لئے زکوۃ کا نصاب 35 ہزار 557 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق ملک بھر میں بینک کھاتوں سے زکوٰۃ یکم رمضان المبارک کو منہا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے جب کہ عوام کے لئے جمعہ کے روز بینک کھلنے کا وقت صبح 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس 13 جون کو ہوگا، نوٹی فکیشن جاری

بجٹ کا حجم 1650 ارب روپے سے زائد ہوگا جس میں ترقیاتی کاموں کے لئے 550 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے۔ فوٹو: فائل
 لاہور: گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس طلب کرلیا جو اسمبلی سے منظوری کے بعد 13 جون کو پیش کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرخزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا 13 جون کو سہہ پہر 4 بجے مالی سال 17-2016 کا بجٹ پیش کریں گی۔ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 1650 ارب روپے سے زائد ہوگا جس میں ترقیاتی کاموں کے لئے 550 ارب روپے سے زائد مختص کئے جائیں گے۔ بجٹ میں توانائی کے لئے 18 ارب 40 کروڑروپے، بیرونی سرمائے سے چلنے والے پراجیکٹس کے لئے30 ارب، کینال روڈ کی توسیع کے لئے 5ارب، کسان پیکج کے لئے 50 ارب اور ویمن ڈیولپمنٹ کے لئے 57 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔
ہائر ایجوکیشن کے لئے 13 ارب 49 کروڑ، اسکول ایجوکیشن کے لئے 22 ارب 62 کروڑ، لٹریسی کے لئے 2 ارب 16 کروڑ، اسپیشل ایجوکیشن کے لئے 90 کروڑ اوراسکولوں کی خراب عمارات کی تعمیر ومرمت کے لئے 9 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔ بجٹ میں سوشل ویلفیئر کے لئے 61 کروڑ روپے، واٹرسپلائی اورسینی ٹیشن کے لیے 14 ارب 95 کروڑ روپے اور سڑکوں کے لئے 79 ارب 81 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

اسلام آباد میں ’سیف سٹی‘ منصوبے کا افتتاح

سیف سٹی منصوبے پر 12 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے فوٹو: فائل
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وفاقی دارالحکومت میں سیف سٹی پروجیکٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ 
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق سیف سٹی منصوبے پر 12 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے، اس کے تحت اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ایک ہزار 950 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اس منصوبے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سیکٹر ایچ 11 میں ایک بم پروف عمارت میں قائم کیا گیا ہے جہاں سے اہم عمارتوں، داخلی اور خارجی مقامات، سڑکوں، کاروباری مراکز اور شہر کے رہائشی علاقوں کی نگرانی کی جائے گی۔ یہ منصوبہ امن وامان کی صورتحال اور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیر داخلہ نے چینی سفیر کے ہمراہ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر چوہدری نثار نے کہا کہ  یہ کام ہمارے ملک میں بہت انوکھا اور نیا ہے، اس سےاسلام آباد کی سیکیورٹی فول پروف بنانے میں مدد ملے گی پولیس کیمرے کے ذریعے پورے شہر کی مانیٹرنگ کرے گی، سیکیورٹی مسائل کے حل کیلئے اس منصوبے پر تعریف نہیں بلکہ وہ شہری اور میڈیا کا تعاون چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کےساتھ انسانی وسائل کی بہتر تربیت بہت ضروری ہے۔ اگر پولیس کی جانب سے کارکردگی نہیں دکھائی جائے گی تو اس منصوبے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

سندھ کی تقسیم پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہوگی، قائم علی شاہ

ہماری نیت صاف ہے عوام ہم سے اچھی توقع رکھیں ہم شہر قائد کو بہتر سے بہترین بنائیں گے، قائم علی شاہ : فوٹو : فائل
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ  قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پانی اوربجلی پر سیاست کرکے صوبے کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں حالانکہ سندھ کی تقسیم پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہوگی۔
منوڑہ میں انڈر پاس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پانی اور بجلی کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں اور ان مسائل کو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر استعمال کرتے ہوئے صوبے کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں ۔  صوبہ سندھ کو توڑنا پاکستان کو توڑنے کے مترادف ہے سندھ کی وحدت کو کوئی چھو بھی نہیں سکتا اسی صوبے نے پاکستان بنانے میں سب سے پہلا قدم اٹھایا تھا۔ صوبہ توڑنے کی بات کرنے کی ضرورت نہیں تھی اس سے پہلے بھی لوگ زیادہ پیاسے رہے ہیں پانی اور بجلی کے مسائل پر جتنی تشویش دیگر سیاسی جماعتوں کو ہے اتنی تشویش ہمیں بھی ہے اور ہم ان مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔
قائم علی شاہ نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے عوام ہم  سے اچھی توقع رکھیں ہم شہر قائد کو بہتر سے بہترین بنائیں گے، کراچی میں پانی کی ضرورت کو پورا کریں گے ہم نے گزشتہ رمضان المبارک کی طرح پہلے سے زیادہ تعداد میں پانی کے ٹینکرز پہنچانے کا انتظام کر رکھا ہے اور جن علاقوں میں پانی کی قلت ہوگی انہیں 12 سو ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ملک بھر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار، سڑکیں سنسان

ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید 4 روز تک موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو؛ فائل
 اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی سورج بدستور آگ برسا رہا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے گرمی کی یہ لہر آئندہ 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ گرمی کی یہ لہر آئندہ 4 روز تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، راولپنڈی، ہزارہ، گجرانوالہ ڈویژن اور اسلام آباد میں آج شام بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
دن 3 بجے تک سب سے زیادہ درجہ حرارت بھکر، موہن جو داڑو اور رحیم یار خان میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، بہاول نگر، سکھر اور شہید بے نظیر آباد میں 47، حیدر آباد، کوٹ ادو، نورپور تھل اور ساہیوال میں درجہ حرارت 46، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 45، بہاولپور، چھور، فیصل آباد، جہلم اور لیہ میں 44، جوہر آباد اور قصور میں 43، گجرانوالہ، گجرات اور منڈی بہاء الدین میں 42، لاہور، سیالکوٹ اور پنجگور، راولپنڈی اور تربت میں 41، کراچی میں 37 گوادر اور جیوانی میں 35 اور پسنی میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آزادکشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان، پولنگ 21 جولائی کو ہوگی

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا۔ فوٹو:فائل
آزاد کشمیر: الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق الیکشن 21 جولائی کو ہوں گے۔
آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 21 جولائی کو ہوں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کے اجرا کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا جو 16 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی 27 جون تک واپس لئے جاسکیں گے اور 29 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کردی جائیں گی۔
دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق عام ا نتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے، خواتین کی انتخابی عمل میں شرکت یقینی بنائی جائے گی،  ہرامیدوار 20 لاکھ روپے کے انتخابی اور پانچ لاکھ روپے کے ذاتی اخراجات کرسکے گا، وال چاکنگ اور اسلحہ لہرانے پر پابندی ہوگی جب کہ امیدواروں کی تشہیر کے لئے پینا فلیکس کا سائز چوبیس بارہ اور بروشر کا سائز چھ نو رکھنا لازم ہوگا۔
الیکشن میں گاڑیوں کا جلوس نکالنے پر پابندی ہو گی اور کوئی امیدوار سرکاری وسائل استعمال نہیں کرسکے گا، ترقیاتی منصوبہ جات کے اعلان پر پابندی ہوگی، وزیراعظم پاکستان، وزرا اور مشیران سرکاری جھنڈا لگا کر حلقوں میں نہیں جاسکیں گے، سرکاری وسائل استعمال کرنے والے افسران معطل کردیئے جائیں گے، الیکشن میں استعمال پر سرکاری گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہرامیدوارڈپٹی کمشنر یا مجسٹریٹ کی اجازت سے ایک جلسہ کرسکے گا، امیدواروں کو چار دیواری کے اندر کارنر میٹنگز کی اجازت ہوگی جب کہ پاکستان، نظریہ پاکستان اور فوج کے خلاف بیان بازی پر پابندی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار کو ایک سال قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصل رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، چوہدری نثار

افواج پاکستان اور سیکیورٹی فوسز نے عوام کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف تاریخی جدوجہد کی، چوہدری نثار فوٹو: فائل
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ حکومت نے بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو تک بھارت کو قونصل رسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
اسلام آباد میں سیف سٹی پروجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقت کا روپ دھار رہا ہے لیکن بعض عناصر اس منصوبے کے خلاف ہیں، بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو خاص مقصد کے لیے پاکستان آیا تھا، وہ غیر ملکی جاسوس ہے اس لیے اسے قونصلر رسائی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خدشے کے باعث کئی سڑکیں بحال کی ہیں، سیف سٹی پروجیکٹ کی 6ماہ تک مانیٹرنگ کے بعد اسلام آباد میں مزید ناکے کم کردیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے موبائل سمزکی تصدیق کاعمل ریکارڈمدت میں مکمل کیاہے۔ جعلی شناختی کارڈ رکھنےوالوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، شناختی کارڈز کی تصدیق میں بھی عوام کوتکلیف نہیں ہوگی اور کسی کو بھی اس سلسلے میں لائنوں میں لگنا نہیں پڑے گا۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پولیس کی 480 ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب حکومت ہمارے حوالے کی گئی تو روزانہ کی بنیاد پر 5 یا 6 دھماکے ہوتے تھے لیکن ہم نے ایک سیاسی جماعت کی طرح صرف نعروں کی تبدیلی نہیں لائی بلکہ حقیقی تبدیلی لا کر اپنے ملک کو دہشتگری سے پاک کرنے کی کوشش کی ۔ گزشتہ 2 برس میں افواج پاکستان اور سیکیورٹی فوسز نے عوام کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف تاریخی جدوجہد کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ  اسلام آباد پولیس میں بہتری آئی ہے میری شدید خواہش تھی کہ اسلام آباد پولیس میں جذبوں سے بھرا اور خدمت سے سرشار نیا خون شامل ہو ،اور اس خواہش کی تکمیل ہوئی کہ میرے سامنے 480 نوجوانوں کا دستہ کھڑا ہے کل سے پاکستان کے دارالحکومت کی سیکیورٹی اور عوام کو انصاف پہنچانے کی ذمہ داری ان کے سپرد ہوگی ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی پارٹی ، علاقے یا خاندان سے تعلق رکھنے والے کو ترجیح نہیں دی بلکہ انصاف کو ملحوظ خاطر رکھا یہ وہ نوجوان ہیں جن میں کوئی ایک بھی سفارشی نہیں بلکہ اپنی قابلیت کی بنیاد پر یہاں کھڑے ہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جرائم کو کم کرنا نہیں بلکہ کرائم فری کرنا ہے۔  دستے میں موجود ایک ایک کیڈت تبدیلی لا سکتا ہے میرا کام پالیسی بنانا اور اس پر عمل کرکے دکھانا پولیس اہلکاروں کاکام ہے۔
واضح رہے کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 47 لڑکیوں سمیت 480 کانسٹیبل پاس آؤٹ ہوئے۔  اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے پولیس کو گاڑیاں اور چینی سفارتخانے کی جانب سے دی گئی گاڑیاں ایف سی اور آر پی او راولپنڈی کے سپرد کی گئیں۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates