بالی ووڈ اداکار بوبی دیول فلم نگری میں واپسی کے لیے پر تولنے لگے

اداکار فلمی دنیا میں جاندار کردار کے ذریعے واپسی کے خواہاں ہیں۔ فوٹو؛ فائل
ممبئی: بالی ووڈ اداکار بوبی دیول فلم نگری میں طویل عرصے بعد واپسی کے لیے پر تولنے لگے ہیں جس کے لیے انہوں نے نامور فلمسازوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
بالی ووڈ اداکار بوبی دیول نے فلمی کیرئیر کا آغاز 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’برسات‘‘ سے کیا لیکن شہرت انہیں فلم ’’سولجر‘‘ سے حاصل ہوئی جب کہ اپنے فلمی کیرئیر میں متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور طویل عرصے سے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کررکھی ہے تاہم اب انہوں نے فلم نگری میں واپسی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بوبی دیول فلم نگری میں واپسی کے لیے پر تول رہے ہیں اور فلم میں جاندار کردار کے ذریعے واپسی کے خواہاں ہیں جس کے لیے انہوں نے نامور فلمسازوں سے ملاقاتیں کی ہیں جب کہ اداکار ولن کا کردار بھی نبھانے کو تیار ہیں اور جلد ہی فلموں میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ اداکار بوبی دیول نے آخری بار2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’یملہ پگلہ دیوانہ 2‘‘ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کی سب سے بڑی مداح ہوں، ہما قریشی

نصرت فتح علی خان کی موسیقی بہت شوق سے سنتی ہوں، اداکارہ، فوٹو؛ فائل
ممبئی: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ہما قریشی نے کا کہنا ہے کہ میں مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کی سب سے بڑی مداح ہوں اور ان کی موسیقی بہت شوق سے سنتی ہوں۔
پاکستان کے موسیقارو گلوکار دنیا بھر میں مشہورہیں یہی وجہ ہے کہ معروف قوال مرحوم نصرت فتح علی خان  کی آواز آج بھی زندہ ہے جب کہ بھارتی فلم نگری سے تعلق رکھے والی معروف شخصیات  بھی نصرت فتح علی خان کی آواز کی دیوانی ہیں۔
مرحوم قوال نصرت فتح علی خان کی آواز میں گائے ہوئے شہرہ آفاق گیت ’’تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی‘‘ کو ایک بار پھر پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان  نے  گایا ہے جسے بھارتی اداکارہ ہما قریشی اور ودیوت جموال پر فلمایا گیا ہے جس پر اداکارہ خوشی سے نہال ہیں۔ اداکارہ ہما قریشی کا کہنا تھا کہ  نصرت فتح علی خان کی سب سے بڑی مداح ہوں اور ان کی موسیقی بہت شوق سے سنتی ہوں  جب کہ ’’دل لگی‘‘ گیت نصرت فتح علی خان کی آواز میں سنتی رہتی ہوں  کیوں کہ یہ گیت مجھے بہت پسند ہے۔

رنبیرسوشل میڈیا میں اپنا نام کنگنا کے ساتھ جوڑنے پرشدید برہم

اداکارافواہوں کو سننے کے بعد سوچ میں ہی پڑ گئے کہ ان من گھڑت افواہوں کو پھیلانے میں کس کا ہاتھ ہے:فوٹو:فائل
ممبئی: کنگنا رناوت کوبالی ووڈ کی کوئن کہا جاتا ہے لیکن یہ بھی ستم ظریفی ہے کہ ہریتھک روشن کے ساتھ عدالتی جنگ کے باعث کوئی بھی ان کے ساتھ اپنا تعلق نہیں جوڑنا چاہتا اور یہی صورت حال رنبیر کپور کی بھی ہے جو کہ سوشل میڈیا پر اپنے اور کنگنا کے افیئر کی خبریں دیکھ کر شدید غصے میں ہیں۔ 
کچھ برس قبل بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنویرکپورنے سلمان خان اورکترینہ کیف کے درمیان دراڑیں ڈال کر اپنی نئی پریم کہانی شروع کی تھی لیکن پھریہ پریمی جوڑا بھی ٹوٹ گیا لیکن اب تک رنبیرکو کسی سے دوبارہ محبت نہیں ہوئی تاہم چند روزقبل ان کا نام سوشل میڈیا پر کنگنا رناوت کے ساتھ جوڑا گیا، یہ یہ خبر سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اتنی مقبول ہوئی کہ ٹوئٹر پر رنبیر کنگنا کا ہیش ٹیگ گردش کرنے لگا۔
کنگنا سے محبت کی خبروں پر رنبیرکو پہلے تو حیرت ہوئی لیکن خبریں یہ ہے کہ وہ انتہائی غصے میں ہیں۔ ان کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ رنبیر یہ بات بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس قسم کی خبریں پھیلانے میں کس کا ہاتھ ہے لیکن فی الحال رنبیر کسی بھی قسم کا ردعمل دینے سے گریزکررہے ہیں ۔ اگر سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر ان خبروں کو بڑھاوا دیا تو پھر وہ اپنی زبان بند نہیں رکھیں گے اوراس واقعے میں ملوث افراد کو کھری کھری سنائیں گے۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن کے درمیان دھواں دار عشق اب عداوت میں بدل چکی ہے اور دنوں ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بعد اپنے نجی معاملات عدالت میں لے آئے ہیں۔

شاہ رخ نے اپنی نئی فلم میں انوشکا کی جگہ کترینہ کو کاسٹ کرالیا

ہدایتکار امتیاز علی کی نئی فلم میں شاہ رخ نے انوشکا کی جگہ کترینہ کو کاسٹ کرنے کی تجویز دی تھی۔ فوٹو؛ فائل
ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کترینہ کیف پر مہربان ہوگئے ہیں اور اپنی آئندہ فلم میں انوشکا شرما کی جگہ کترینہ کو کاسٹ کرالیا۔
بالی ووڈ کے صف اول کی اداکارہ کترینہ کیف نے فلمی کیرئیر میں متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور کئی نامور اداکاروں کے ساتھ فلموں میں جلوہ گر ہوئی ہیں جس میں سلمان خان  اور شاہ رخ خان  بھی شامل ہیں جب کہ اداکارہ  نے کنگ خان کے ساتھ اب تک فلم ’’جب تک ہے جاں‘‘کی ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا تاہم اب ایک بار پھر کنگ خان اور باربی ڈول کی جوڑی  فلم میں کام کرنے کو تیار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکار امتیاز علی کی نئی آنے والی فلم میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو مرکزی کردار کی پیش کش کی گئی جو انہوں نے قبول کرلی ہے جب کہ فلم میں کنگ خان کے  مدمقابل کردار کے  لیے انوشکا شرما کا نام لیا جارہا تھا تاہم شاہ رخ خان نے اداکارہ کترینہ کیف سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر کو ان کا نام تجویز کیا جسے فلم ہدایتکار نے منظور کرتے ہوئے باربی ڈول کو فلم میں کاسٹ کرلیا ہے جس کے بعد اب ایک بار پھر دونوں اداکاروں کی جوڑی سلو ر اسکرین پر جلوہ بکھیرے گی۔
واضح رہے کہ اداکار شاہ رخ خان اور کترینہ کیف نے یش راج فلمز کے بینرتلے بننے والی فلم ’’جب تک ہے جان‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فلم انڈسٹری کے اچھے دور کا آغاز ہوچکا ہے، معمر رانا

’’بھائی وانٹیٹڈ‘‘ میں کراچی کے علاقہ لیاری کو مثبت انداز میں دکھایا جائیگا،اداکار ۔ فوٹو : فائل
 کراچی:  
پاکستانی اداکار معمر رانا کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری کے اچھے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور اب پاکستان میں بہت سی اچھی اور معیاری فلمیں بنین گی۔
اپنے ایک انٹرویو میں معمر رانا نے کہا کہ ہمارے سینئر جنھوں نے فلم انڈسٹری کے لیے بہترین خدمات انجام دی ہیں وہ ہمارا سرمایہ ہیں ہمیں ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے آج جو بھی فلم میکر کام کررہے ہیں انھیں اپنے سینئر سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے کیونکہ ان کا تجربہ ہمارے لیے بے حد اہمیت رکھتا ہے۔
لالی ووڈ اداکار نے کہا کہ میں نے گزشتہ دنوں فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایت کار سید نور کے ساتھ فلم ’’بھائی وانٹیٹڈ‘‘ کی فلم بندی مکمل کرائی جو موضوع کے اعتبار سے ایک عمدہ فلم ہے جس میں کراچی کے علاقہ لیاری کو بہت مثبت انداز میں دکھایا جائیگا فلم بینوں کو معلوم ہوگا یہ یہ علاقہ ہر لحاظ سے ایک بہترین علاقہ رہا جس کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ۔
انھوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کا اچھا دور شروع ہوچکا ہے،امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں اچھی اور معیاری فلمیں بنیں گی معمر رانا نے کہا کہ ان کی فلم ’’سکندر‘‘ بھی مکمل ہوچکی ہے جو جلد نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

بطور ماں بچوں کی تربیت سب سے مشکل ہے، کاجول

بچوں کی خوراک، تعلیم اور سب سے بڑھ کر ان کی صفائی ستھرائی کا پورا خیال رکھنا پڑتا ہے، بالی ووڈ اداکارہ۔ فوٹو: فائل
ممبئی: بالی وڈ کی سینیئر اور پرکشش اداکارہ کاجول کہتی ہیں کہ وہ جب ماں نہیں بنی تھیں تو اکیلے شوہر کو سنبھالنا مشکل نہیں تھا لیکن جب سے وہ دوبچوں کی ماں بنی ہیں ان کے لیے بچوں کی تربیت سب سے مشکل کام ہے۔
ایک سماجی تقریب میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کاجول کا کہنا تھا کہ ماں کی حیثیت سے مجھے بچوں کی خوراک، تعلیم اور سب سے بڑھ کر ان کی صفائی ستھرائی کا پورا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صفائی کے معاملے وہ اور ان کے شوہر اجے دیوگن کسی بات پہ کمپرومائز نہیں کرتے۔انھوں نے کہا کہ بچے بیمار ہوں تو وہ اور ان کے شوہر اجے دیوگن بہت اپ سیٹ ہوجاتے ہیں۔

کراچی سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث القاعدہ برصغیر کے 2 دہشت گرد گرفتار

دونوں دہشت گرد اعلی تعلیم یافتہ اور افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں، پولیس۔ فوٹو: فائل
 کراچی: گلشن اقبال سے سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث القاعدہ برصغیر کے 2 دہشت گرد مقابلے کے بعد گرفتار کر لئے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں حساس ادارے کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کر کے مقابلے کے بعد کالعدم القاعدہ برصغیر کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عبدالباسط رشید اور نعمان کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کاتعلق پنجاب سے ہے اور دونوں اعلی تعلیم یافتہ ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان سے تربیت حاصل کی اور دونوں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اینٹی ایئر کرافٹ گن، 70 راؤنڈ، 5 کلو بال بیرنگ و دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہر میں بڑی تخریب کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates