کراچی میں فیکٹری ملازمین کا بونس نہ ملنے پر احتجاج اور توڑ پھوڑ، 2 گاڑیاں نذر آتش

احتجاجی ملامین نے 2 گاڑیوں کو آگ لگا دی جبکہ دیگر 6 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا : فوٹو : ایکسپریس
کراچی: کورنگی میں واقع ایک نجی فیکٹری کے ملازمین نے عید الفطر کے موقع پر بونس نہ ملنے پر 2 گاڑیوں کو نذر آتش جب کہ متعدد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ویٹا چورنگی کے قریب واقع ایک گارمنٹس فیکٹری کے ملازمین نے سالانہ بونس نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کردی۔ ملازمین نے ناصرف فیکٹری کے اندر توڑ پھوڑ کی بلکہ فیکٹری کے باہر دو گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے علاوہ کئی قیمتی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے شیلنگ ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس کی ہوائی فائرنگ کے باعث بھگڈر مچ گئی جس کی زد میں آکر ایک  خاتون اور ایک بزرگ شخص زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے قریبی اسپتال پہنچایا۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے سالانہ بونس عید سے پہلے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تاحال وعدے کی پاسداری نہیں کی گئی اور آج ملازمین کی جانب سے احتجاج کے بعد کمپنی کے اعلیٰ حکام نے صرف آدھا بونس دینے کا کہا ہے جبکہ دوسری جانب عید کے باعث کل سے بینک بھی بند ہوجائیں گے۔

کویت میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کی میتیں آبائی علاقے پہنچا دی گئیں

کویت کے ایک فلیٹ میں مقیم پاکستانی خاندان کے 9 افراد آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔ فوٹو: ایکسپریس اسکرین گریب
 لاہور: کویت کے فلیٹ میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 9 میں سے 3 افراد کی میتیں پاکستان میں ان کے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچا دی گئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کویت میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے 3 افراد کی میتیں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئیں جہاں سے انھیں ایمبولنس کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں میاں چنوں پہنچایا گیا۔ جن 3 افراد کی میتیں پاکستان لائی گئی ہیں ان میں نسرین، ریحانہ اور 8 سالہ مہد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کویت کے ایک فلیٹ میں مقیم پاکستانی خاندان کے 9 افراد آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے جن میں سے 6 کو کویت میں ہی سپر خاک کر دیا گیا تھا۔

کرک میں ایک شخص نے باپ، بہن، بیوی اوربیٹی کو گولی مارکر خودکشی کرلی


زخمی افراد میں سے باپ گل صاحب شاہ کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال ذرائع:فوٹو:فائل
کرک: پرانا بازار میں سراج شاہ نامی شخص نے گھریلو تنازعے پر اپنے باپ، بہن، بیوی اور بیٹی کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق کرک کے علاقے پرانا بازار کے رہائشی 30 سالہ سراج شاہ نے اپنے گھر میں باپ، بہن، بیوی اور بیٹی پرفائرنگ کر کے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا ۔ اہل علاقہ نے زخمی افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی افراد میں سے باپ گل صاحب شاہ کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ دیگر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو تنازعے کے باعث پیش آیا، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں، زخمی بہن کا کہنا ہے کہ سراج جب گھر آیا تو بہت غصے میں تھا اور اس نے اچانک فائرنگ شروع کردی۔

سعودی عرب میں امریکی قونصل خانے کے باہر خود کش دھماکا

2004 میں بھی امریکی قونصل خانے کے باہر دھماکے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فوٹو: فائل
جدہ: سعودی عرب میں امریکی قونصل خانے کے باہر خود کش دھماکے میں حملہ آور ہلاک اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کار سوار خود کش بمبار نے امریکی قونصل خانے کے باہر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے پارکنگ ایریا میں مشکوک حرکات پر ایک کار کی تلاشی لینا چاہی تو اس میں سوار خود کش بمبار نے دھماکا خیز مواد تباہ کردیا جس کے نتیجے میں خودکش بمبار موقع پر ہی ہلاک جب کہ 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب امریکی قونصل خانے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خود کش دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ 2004 میں بھی جدہ میں واقع امریکی قونصل خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

2015 کے بلدیاتی انتخابات میں 15 لاکھ سے زائد ووٹ مسترد ہوئے، الیکشن کمیشن

خیبر پختونخوا میں 3 لاکھ  61 ہزار جب کہ سندھ میں 57 ہزار 559 ووٹ مسترد ہوئے، الیکشن کمیشن. فوٹو: فائل
 اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے مطابق 2015 کے بلدیاتی الیکشن میں 15 لاکھ سے زائد ووٹ مسترد ہوئے۔
2015 کے بلدیاتی انتخابات میں مسترد ہونے والے ووٹوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں ہیں جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں 15 لاکھ سے زائد ووٹ مسترد ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سب سے زیادہ 10 لاکھ 24 ہزار 847 ووٹ پنجاب میں مسترد ہوئے جب کہ دوسرے نمبر پر خیبر پختونخوا میں 3 لاکھ 61 ہزار سے زائد ووٹ مسترد ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں 57 ہزار559 ووٹ مسترد ہوئے جب کہ بلوچستان میں 54 ہزار سے زائد ووٹ اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں 16 ہزار695 ووٹ مسترد ہوئے۔

حج کرپشن کیس؛ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی درخواست ضمانت مسترد

عدالت نے حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر کو 12 برس قید کی سزا سنائی تھی۔ فوٹو: فائل
 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کی عید سے قبل ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انور خان کاسی نے سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کو 12 برس قید کی سزا سنائی تھی جسے انھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی تھی جب کہ عدالت نے درخواست پر فیصلہ 29 جون کو محفوظ کر لیا تھا۔

اویس شاہ اغوا ازخود نوٹس؛ ایس ایس پی کراچی جنوبی کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم

جن ملزمان کی ہائی کورٹ سے ضمانت نہیں ہوتی انھیں پے رول پر چھوڑ دیا جاتا ہے، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی۔ فوٹو: فائل
 کراچی: چیف جسٹس نے شہر میں بدامنی اور اویس شاہ اغوا از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ایس ایس پی جنوبی کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر میں بدامنی اور اویس شاہ اغوا ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اور ڈائریکٹر پے رول نے اے کلاس کئے گئے مقدمات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 480 مقدمات اے کلاس کئے گئے جس پر چیف جسٹس نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے کلاس کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے ڈائریکٹر پے رول سے استفسار کیا کہ جس دن چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بیٹا اغوا ہوا اس دن کتنے لوگوں کو پے رول پر چھوڑا گیا، جواب میں ڈائریکٹر پے رول کا کہنا تھا کہ اس روز 25 ملزمان کو پے رول پر رہا کیا گیا۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جن لوگوں کو پے رول پر رہا کیا گیا وہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں، جن ملزمان کی ہائی کورٹ سے ضمانت نہیں ہوتی انھیں پے رول پر چھوڑ دیا جاتا ہے، کیوں نہ آپ کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ان ملزمان کی جگہ جیل بھیج دیا جائے۔
چیف جسٹس نے ڈائریکٹر پے رول سے استفسار کیا کہ آپ کتنے سال سے اس عہدے پر ہیں، ڈائریکٹر پے رول کا کہنا تھا کہ 10 سالوں سے اس پوسٹ پر ہوں جس پر چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری صاحب یہ 10 سال سے اس عہدے پر اس لئے ہیں کہ اچھے سودے کر لیتے ہیں۔ چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ اویس شاہ کے اغوا کیس میں پیش رفت نہ ہونے پر ایس ایس پی جنوبی کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اور دوسرا افسر تعینات کیا جائے۔
اس موقع پر ایس ایس پی جنوبی فاروق احمد کا کہنا تھا کہ مجھے شام سوا 7 بجے واقعہ کا پتا چلا جس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ عبداللہ نامی شخص نے 15 پر سوا 2 بجے کال کی تھی جب کہ ایس ایچ او کو 4 بجے واقعہ کا پتا چلا لیکن اس نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی نہیں کیا۔ عدالت نے ایس ایس پی ساؤتھ سے استفسار کیا کہ جب آپ کو واقعہ کا پتا چلا تو آپ نے آئی جی سندھ کو بتایا؟، ایس ایس پی فاروق احمد نے کہا کہ ایک دوسرے واقعے میں مصروفیت کی وجہ سے نہیں بتا سکا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ وائرلیس پر اطلاع دے سکتے تھے مگر آپ نے ضرورت ہی محسوس نہیں کی۔
عدالت نے آئی جی سندھ سے پوچھا کہ کیا آپ کو علم تھا کہ فاروق احمد کو ہٹایا گیا جس پر اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ جب 23 جون کو فاروق احمد کو ایس ایس پی ایسٹ لگایا تو میں نے مخالفت کی جس پر حکم واپس لے لیا گیا، عدالت نے کہا کہ جب تک متعلقہ افسر سے مشاورت کر کے تقرری اور تبادلے نہیں ہوں گے تو شہر میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ چیف سیکرٹری بتائیں کہ ایس ایس پی ساؤتھ کے حوالے سے کیا کارروائی کی جارہی ہے جس پر انھوں نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ کو ہٹانے کی منظوری دے دی ہے، کسی اچھی شخصیت کے حامل افسر کو ان کی جگہ تعینات کیا جائے گا۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates