اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف آج لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہونا ہے تاہم اس سے قبل وزیراعظم آج ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جب کہ وزیراعظم لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پہنچ گئے جہاں سے وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں بجٹ پر بات چیت کے بعد اس کی منظوری بھی دی جائے گی۔
دوسری جانب سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کابینہ یا قومی اقتصادی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کے لئے وفاقی کابینہ کے کسی بھی رکن کو نامزد کرسکتے ہیں اور نامزد کردہ رکن آئین کی شق 48 کے تحت امور کی انجام دہی کے لئے وزیراعظم یا کابینہ کی سفارشات کے مطابق عمل کریں گے۔
No comments:
Post a Comment