امریکا کا اعلی پولیس افسرنسل پرستی پرمبنی ای میل کرنے پرعہدے سے فارغ

اعلی پولیس افسرنےمسلمانوں، سیاہ فام امریکیوں اورخواتین کے بارے میں متعصب ای میل کیں جس سےادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ فوٹو:فائل
لاس اینجلس: امریکا میں اعلی پولیس افسر نے نسلی پرستی پر مبنی ای میل کرنے پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے دوسرے بڑے شہر لاس اینجلس کے اعلی پولیس افسر نے سیاہ فام امریکیوں، مسلمانوں اور خواتین سے متعلق نسل پرستی پر مبنی ای میل کرنے اوراس پرعوام کی جانب سے شدید تنقید سامنے آنے پراپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پولیس افسر ٹام اینجل نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مسلماںوں، سیاہ فام امریکیوں اور خواتین سے متعلق متعصبانہ ای میل کیں جب کہ لاس اینجلس ٹائمس نے ٹام اینجل کی ای میل کی کاپیاں بھی حاصل کرلی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے 7 جنوری 2012 کو ایک ای میل کی جس میں انہوں نے دہشت گردوں کی کارروائیوں کو مسلمانوں نے منسوب کیا۔
محکمہ پولیس کے ایک افسر میک ڈونل کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب ٹام اینجل کی جانب سے کی گئی ای میل کا جائزہ لیا تو یہ نامناسب اور غیر پیشہ وارانہ تھیں جو محکمہ پولیس کے لئے تکلیف دہ تھیں جب کہ اینجل نے عوام کی جانب سے ردعمل آنے کے بعد اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹام اینجل نے لاس اینجلس کےقریبی شہر بربینک میں 2012 سے 2013 کے درمیان پولیس کے اعلی افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور انہوں نے ایک ایسے وقت میں عہدے سے استعفیٰ دیا ہے کہ جب سین فرانسسکو کے 3 پولیس افسران کو اس لئے عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا کیوں کہ انہوں نے اپنے پیغام میں اقلیتوں کو جنگلی جانور اور وحشی قراردیا تھا۔

نریندرمودی کی تعلیم اوریوم پیدائش پرتنازع کھڑا ہوگیا

الیکشن کمیشن کی دستاویز اور سکول سرٹیفکیٹ میں مودی کی تاریخ پیدائش الگ الگ ہے فوٹو: فائل
نئی دہلی:  بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی تعلیم اور تاریخ پیدائش پر تنازع کھڑا ہو گیا۔ اس سلسلے میں گذشتہ 7 برسوں کے دوران بہت سے رائٹ ٹو انفارمیشن کارکنوں نے گجرات یونیورسٹی سے معلومات کا مطالبہ کیا تھا لیکن انھیں معلومات نہیں مل پائی تھیں۔
مرکزی انفارمیشن کمیشن کی ہدایت پر گجرات یونیورسٹی نے نریندر مودی کی ماسٹرز کی ڈگری کے بارے میں معلومات عام کر دیں لیکن اس کے بعد دو نئے تنازعات کھڑے ہو گئے ہیں۔ اب گجرات کانگریس کی طرف سے یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ نریندر مودی نے گریجویشن کی ڈگری کہاں سے حاصل کی اور ان کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟۔ گجرات کانگریس کے سینئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ کئی سال سے گجرات کے آر ٹی آئی کارکن وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں معلومات لینے کیلیے کوشاں رہے ہیں لیکن ہر بار آر ٹی آئی افسر اسے ذاتی معلومات قرار دیکر ٹالتے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں دیے جانے والے حلف نامے کے مطابق نریندر مودی نے1967میں میٹرک پاس کیا،1978 میں دہلی یونیورسٹی سے بی اے پاس کیا اور 1983 میں گجرات سے ماسٹرز۔ لیکن آج تک کسی نے ان کا گریجویٹ سرٹیفکیٹ نہیں دیکھا اور اس معاملے میں گجرات یونیورسٹی بھی خاموش ہے۔ گوہل نے ایک اور مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق نریندر مودی کی پیدائش17ستمبر 1950میں ہوئی تھی۔ لیکن جہاں سے مودی نے سکول کی تعلیم حاصل کی، گجرات کے اس ویس نگر کے ایم این اسکول کے دستاویز کے مطابق مودی کی تاریخ پیدائش 29 اگست 1949ہے۔

5 سال قبل اسامہ کیخلاف کارروائی نہ کرتے تووہ ہاتھ سے نکل جاتا،اوباما

اوبامانے اس پرخطرآپریشن کے احکام یہ جانتے بوجھتے دیے تھےکہ ایبٹ آبادمیں جس شخص کی شناخت اسامہ بن لادن کے طورپرہوئی ہے۔ فوٹو؛ فائل
واشنگٹن: امریکی صدربارک اوبامانے القاعدہ کے سربراہ اْسامہ بن لادن کی ہلاکت کے 5 سال بعدغیر یقینی زمینی حالات کے باوجوداس کارروائی کی اجازت دینے کادفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ بن لادن کومرتے وقت یہ بات ضروریادآئی ہو گی کہ امریکی عوام اْس کے ہاتھوں مرنے والے 3ہزار انسانوں کوبھولے نہیں تھے۔
امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ بن لادن کوپکڑنے کا بہترین موقع تھا،اگرہم یہ کارروائی نہ کرتے تو وہ ہمارے ہاتھوں سے نکل سکتا تھااوراس کے دوبارہ منظرعام پرآنے میں کئی سال لگ جاتے۔
اوبامانے اس پْرخطرآپریشن کے احکام یہ جانتے بوجھتے دیے تھے کہ ایبٹ آبادمیں جس شخص کی شناخت اْسامہ بن لادن کے طورپرہوئی ہے،ممکن ہے وہ کوئی اورشخص ہو۔اوبامانے کہاکہ ہم یہ بھی جانتے تھے کہ اپنی اس کارروائی سے ہم پاکستان کوناراض کریں گے۔

شام میں فوج کی بمباری سے 29 افراد ہلاک

داعش کے دہشت گردوں نے گزشتہ شام کرکوک میں اگلے مورچوں پر تعینات عراقی فورسز پر مسٹرڈ اور کلورین بموں سے حملہ کیا، فیلڈ کمانڈر فوٹو : فائل
دمشق / بغداد:  شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 19 شہری اور 10 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ بمباری رقہ میں داعش کے زیرقبضہ علاقے میں کی گئی جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ عراقی شہر موصل میں امریکی فوج کا ایک اہلکار داعش کے حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ عراقی سیکیورٹی فورسز کے خلاف عسکریت پسند تنظیم داعش نے ایک مرتبہ پھر کیمیائی بم استعمال کیے ہیں۔عراقی میڈیا کے مطابق عراقی فوج کے ایک فیلڈکمانڈر نے بتایا کہ داعش کے دہشت گردوں نے گزشتہ شام کرکوک کے نواحی علاقے البشی کے اگلے مورچوں پر تعینات عراقی فورسز پر مسٹرڈ اور کلورین بموں سے حملہ کیا ہے۔ دوسری طرف برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کی لیک ہونے والی دستاویزات میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ تاریخی شہر پلمائرا پر قبضے کیلیے شامی صدر بشارا لاسد نے داعش کے جنگجوؤں سے خفیہ معاہدہ کیا تھا۔جس کے تحت پلمائرا پر حملے سے پہلے جنگجوؤں اور بھاری اسلحے کو داعش کے دارالحکومت رقہ منتقل کیا گیا۔
امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں شام کے بحران کا جائزہ لیا گیا ہے۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام میں متحدہ فریقوں سے جنگ بندی پر عمل کرنے کی اپیل کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کی نگرانی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ترکی کی پارلیمنٹ میدان جنگ میں تبدیل، ارکان گتھم گتھا

بعض افراد نے مخالفین پر پانی بھی پھینک کر اپنے غصے کا اظہار کیا، فوٹو:اسکرین گریب
انقرہ: ترکی کی پارلیمنٹ میں جاری بحث ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی اور حکومت و حزب اختلاف کے اراکین آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اورایک دوسرے پر خوب لاتوں مکوں کی بارش کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کی پارلیمنٹ اس وقت میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی جب حکومتی اراکین کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف قانونی کارروائی سے استثنیٰ کے خاتمے کا بل پیش کیا گیا، بل ایوان میں آتے ہی اپوزیشن ارکان آپے سے باہر ہوگئے اورانہوں نے احتجاج شروع کردیا جس پر بات بحث و تکرار سے نکل کر ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔
حکومتی جماعت اے کے پی اور حزب اختلاف کی کرد نواز جماعت ایچ ڈی پی کےاراکین آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اور اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر خوب لاتوں اور مکوں کی بارش کی گئی جب کہ بعض افراد نے مخالفین پر پانی بھی پھینک کر اپنے غصے کا اظہار کیا اور جو چیز ہاتھ آئی سامنے والے کو دے ماری۔
کرد نواز اپوزیشن جماعت ایچ ڈی پی کا کہنا ہے کہ اس بل کا مقصد ان کی جماعت کو نشانہ بنانا ہے اس لیے وہ اس کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے جبب کہ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پارلیمنٹ کا اجلاس  ملتوی کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ترکی کی پارلیمنٹ میں ہونے والے اجلاس کو ارکان کے جھگڑے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔

امریکی صدارتی انتخابات کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے مضبوط ترین امیدوار بن گئے

ٹیڈ کروز کے دستبردارہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ مضبوط ترین ری پبلکن امیدوار بن گئے۔ فوٹو؛ فائل
نیویارک: امریکی صدارتی انتخابات کے لئے ریاست انڈیانا میں ہونے والی پارٹی رائے شماری میں شکست کے بعد ریپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ٹیڈ کروز انتخابات کی دوڑ سے دستبردار ہو گئے جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ مضبوط ترین صدارتی امیدوار بن گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارکے مطابق امریکی ریاست انڈیانا میں صدارتی انتخابات کے لئے ہونے والی پارٹی رائے شماری میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیڈ کروز کو جب کہ ڈیمو کریٹک پارٹی میں برنی سینڈرز نے ہلیری کلنٹن کو شکست دے دی۔
ریاست انڈیانا میں ہونے والی رائے شماری کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 53.5 فیصد جب کہ ٹیڈ کروز کو 36.5 فیصد ووٹ پڑے، ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت تک ایک 1053 مندوبین کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔ دوسری طرف برنی سینڈرز نے 52.3 فیصد ووٹ حاصل کر کے ہلیری کلنٹن کو اپ سیٹ شکست دی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیڈ کروز نے دلبرداشتہ ہو کر صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ہو سکا وہ کیا لیکن ووٹروں نے ایک اور راستے کا انتخاب کیا۔

کراچی میں حساس اداروں کی کارروائی؛ کالعدم جماعت کے 3 کارندے گرفتار

گرفتار ملزموں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے: فوٹو:فائل
 کراچی: حساس اداروں کی جانب سے سرجانی ٹاون یارو گوٹھ میں کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں کالعدم جماعت کے 3 کارندے گرفتار کر لیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں حساس اداروں کی جانب سے سرجانی ٹاون یارو گوٹھ میں کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران کالعدم جماعت کے 3 کارندے گرفتار کرلیے گئے، گرفتار کیے گئے ملزمان سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جب کہ ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates