شیخوپورہ میں شب معراج کے موقع پردہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 8 دہشتگرد ہلاک

فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، پولیس۔ فوٹو: فائل
شیخوپورہ: سیکیورٹی فورسز نے شب معراج کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ 4 فرار ہو نے یں کامیاب ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے شیخوپورہ کے علاقے شرقپور میں کارروائی کر کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ ان کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو  گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد شب معراج کے موقع پر مساجد میں دہشت گرد کارروائی کی تیاری کر رہے تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلو بارودی مواد، 5 ڈیٹونیٹرز، 4 کلاشنکوف، 4 پستول، گولیاں اور 4 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے تھا جب کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پشین میں رکشہ اورمزدا میں تصادم سے 3 افراد جاں بحق

رکشہ اور مزدا وین میں تصادم تیزرفتاری کے باعث ہوا، پولیس۔ فوٹو:فائل
پشین: رکشہ اور مزدا وین میں تصادم کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ سے 55 کلومیٹر دور پشین میں رکشہ اورمزدا میں تیزرفتاری کے باعث تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 3 افراد جاں بحق جب کہ دیگر 7 زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا جب ہ ہلاک ہونے والوں میں خاتون اورایک بچہ بھی شامل ہیں اور ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی؛ 39 جرائم پیشہ افراد گرفتار

ملزمان  کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات سمیت دستی بم اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا گیا، پولیس:فوٹو:فائل
 کراچی: رینجرز اور پولیس کی جانب سے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی جس کے دوران 39 جرائم پیشہ افراد گرفتار کرلئے گئے۔ 
ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں پولیس اوررینجرز کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 39 افراد گرفتارکیے گئے۔ گرفتارافراد میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور، ڈکیت ، اشتہاری اورمفرور ملزمان شامل ہیں جن میں 6 مبینہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم اور 4 کا سیاسی جماعتوں سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو منگھوپیر، نیو ٹاون، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیلم کالونی، موچکو، مچھرکالونی اور دیگر علاقوں سے گرفتارکیا گیا ہے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات سمیت دستی بم اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

پنجاب رینجرزکی گھونڈی بارڈرکے قریب کارروائی؛ 2 اسمگلر ہلاک

اسمگلروں کو رکنے کااشارہ کیا لیکن وہ نہ رکےاورفائرنگ شروع کردی، ذرائع:فوٹو:فائل
 لاہور: پنجاب رینجرز نے گھونڈی بارڈر کے قریب کارروائی کی جس کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اسمگلر مارے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت سے متصل گھونڈی بارڈر کے قریب پنجاب رینجرز کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ رینجرز پارٹی نے پاک بھارت بارڈر کے قریب مشکوک حرکت کے باعث 2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے رکنے کے بجائے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔
دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مشکوک افراد مارے گئے جن کے قبضے سے بھارتی شراب کی بوتلیں اور اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک اسمگلر شراب کی بوتلیں اسمگل کر رہے تھے اور رینجرز اہلکاروں کی جانب سے مشکوک جاننے پر انہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

سورن سنگھ قتل کیس؛ (ن) لیگ کے تحصیل ناظم نے اعتراف جرم کرلیا

سورن سنگھ قتل کیس کے مرکزی ملزم بلدیو کمار کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز
بونیر: مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے شانگلہ کے تحصیل ناظم عالم خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے سابق مشیر سورن سنگھ کے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سورن سنگھ قتل کیس کے مرکزی ملزم بلدیو کمار سمیت 6 ملزمان کو بونیر کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے شانگلہ کے تحصیل ناظم عالم خان اور بہروز خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کے قتل کا اعتراف کیا جب کہ دیگر 4 ملزمان نے قتل میں ملوث ہونے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ سورن سنگھ کو گزشتہ ماہ بونیر میں ان کے گھر کے پاس گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا، سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما بلدیو کمار اور مسلم لیگ (ن) کے تحصیل ناظم سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

جماعت اسلامی بنگلا دیش کے امیر مطیع الرحمان نظامی کی سزائے موت کیخلاف اپیل مسترد

1971 کے جنگی جرائم میں اب تک 4 سیاسی رہنماؤں کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ فوٹو: فائل
ڈھاکا: بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے جنگی جرائم کے الزام میں گرفتار جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان نظامی کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیر نے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے ٹریبونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم بنگلادیش کی اعلیٰ عدالت نے مطیع الرحمان نظامی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹریبونل کے سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد ہونے کے بعد امیر جماعت اسلامی کے پاس اب واحد راستہ صدر سے رحم کی اپیل ہے، اگر صدر بھی ان کی رحم کی اپیل مسترد کردیتے ہیں تو پھر انھیں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت جنگی جرائم کے ٹریبونل کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کر رہی ہے جب کہ ہیومن رائٹس واچ بھی کہہ چکا ہے کہ تحقیقات کے لئے عدلیہ کا طریقہ بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتا۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی پر 1971 میں مخالفین کو قتل کرنے، لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور تشدد کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ بنگلادیش کی سیکولر وزیراعظم حسینہ واجد نے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے 2010 میں ایک ٹریبونل تشکیل دیا تھا جس کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اب تک 4 سیاستدانوں کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

سپریم کورٹ کا کراچی کے تمام گرین بیلٹ پرلگے سائن بورڈ 15 روزمیں ہٹانے کا حکم

سائن بورڈ نہ ہٹائے گئے تو ذمے داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی،جسٹس امیر ہانی مسلم۔ فوٹو:فائل
 کراچی: سپریم کورٹ نے شہر قائد کی تمام قومی شاہراؤں، فلائی اوورز اور گرین بیلٹ پر لگے سائن بورڈ کو 15 روز میں ہٹانے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 2 رکنی بینچ نے کراچی میں لگے غیرقانونی بل بورڈز اورسائن بورڈز کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کراچی میں ہیوی بل بورڈز لگائے گئے ہیں اگر یہ کسی پر گر گئے تو بہت بڑا جانی نقصان ہوسکتا ہے،سائن بورڈ نہ ہٹائے گئے تو ذمے داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی جب کہ سائن بورڈ کے معاملے پر بلدیہ عظمی کراچی کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں۔
عدالت نے شہر کی تمام قومی شاہراؤں، فلائی اوورز، گرین بیلٹ پرلگے غیرقانونی سائن بورڈ کو 15 روز میں ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ کئی ایسے علاقے ہیں جہاں بل بورڈ اور سائن بورڈ لگانے کی ضرورت بھی نہیں تھی وہاں بل بورڈ لگادیئے گئے، گرین بیلٹ، فٹ پاتھوں اور شاہراؤں پرلگے 90 فیصد بل بورڈزغیرقانونی ہیں جنہیں 15 روز کے اندر ہٹایا جائے۔
واضح رہے کہ 11 مارچ کو عدالت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو 15 روز میں تمام بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے باوجود شہر قائد سے غیرقانونی سائن بورڈز نہیں ہٹائے گئے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates