پاناما لیکس پر حکومتی ٹیم شریف خاندان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے، اعتزاز احسن

متحدہ اپوزیشن نے ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک کے باعث قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ پر بھی غورشروع کردیا۔ فوٹو؛ فائل
اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن پاناما لیکس کے ٹی او آرز پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ پر غور کررہی ہے جب کہ اعتزاز احسن کا کہنا ہےکہ حکومتی ٹیم شریف خاندان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسلام آباد میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن کی ٹی اوآر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن نے حکومتی ٹی او آرز پر مشاورت مکمل کی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے ڈیڈ لاک ختم نہ ہونے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کی تجویز پرغور شروع کردیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اجلاس میں حکومت کے دیئے گئے 4  ٹی او آرز پر غور کیا گیا، ان کا جواب کل کے اجلاس میں دیں گے جب کہ ہم حکومت کو اجلاس میں قابل عمل تجاویز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانا ہے لیکن اب اس معاملے کو طول نہیں دیا جاسکتا جب کہ اپوزیشن صدق دل سے مذاکرات چاہتی ہے

الیکشن کمیشن اور نادرا میں بکاؤ لوگ بیٹھے ہیں جن کی قیمتیں لگی ہوئی ہیں، عمران خان

طاقتور ڈاکوؤں نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے چیرمین تحریک انصاف- فوٹو: فائل
پلندری: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ غلامی قبول کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا جب کہ الیکشن کمیشن اور نادرا میں کرپٹ لوگ بیٹھیں ہوئے ہیں۔
آزادکشمیر پلندری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان بننے کا مقصد آج تک پورا نہیں ہوا اور یہ مقصد نوجوان اپنے حقوق اور انصاف کی جنگ لڑ کر اور ان لوگوں کو جنہوں نے اس ملک کو لوٹا ان کا احتساب کرکے پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی سب سے بڑی لعنت وہ لوگ ہوں جو اقتدار میں آکر بڑے بڑے عہدے پر بیٹھ کر ملک کا پیسہ باہر لے کرجارہے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن اور نادرا میں بکاؤ لوگ بیٹھے ہیں، ان کی قیمتیں لگی ہوئی ہیں، اگر یہ ایسا ہی چلتا رہا تو ہمارا ملک کبھی نہیں ٹھیک ہوگا، کشمیر میں تو کرپشن اور بھی زیادہ ہے اور عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ  ڈال کر بھی مزید کرپشن کی جاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقتور ڈاکوؤں نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے لیکن جو کرپٹ لوگ قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں ان کے سامنے سر نہیں جھکانا جب کہ جو لوگ ادارے تباہ کرتے ہیں وہ انہیں کبھی بھی ٹھیک نہیں کرسکتے، پنجاب پولیس میں سیاسی بھرتیاں کرکے اسے کیسے تباہ کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، خیبرپختونخوا پولیس کی مثال بھی سب کے سامنے ہے لیکن ہم نے ادارے ٹھیک کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جو ملک کو کھوکھلا کردیتا ہے اور یہ لوگ ایسے پروجیکٹ بناتے ہیں جن سے انہیں کمیشن مل سکے لیکن سب کچھ کرنے کے بعد بھی نہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو سکی نہ کرپشن ختم ہوئی، گرمیوں میں بجلی اور سردیوں میں گیس چلی جاتی ہے, رمضان کے اندر اندر خیبرپختنوخوا کے بلدیاتی نمائنوں کے مسائل حل کرکے انہیں تمام تر اختیارات دیئے جائیں گے۔

اہل وطن کی دعاؤں سے صحت یاب ہورہا ہوں جلد عوام کے درمیان ہوں گا، وزیراعظم

عوام دُعا کریں کہ وطن ہرقسم کی بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے، وزیراعظم کا رمضان المبارک کے آغاز پر خصوصی پیغام، فوٹو؛ فائل
لندن: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل اور اہل وطن کی دعاؤں سے صحت یاب ہو رہا ہوں اورانشاءاللہ بہت جلد اپنےعوام کے درمیان ہوں گا جب کہ قوم رمضان المبارک میں خصوصی دُعائیں کرے کہ وطن عزیز ہرقسم کی بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے۔ 
رمضان المبارک کے آغاز پر لندن سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اللہ کے فضل اور اہل وطن کی دعاؤں سے صحت یاب ہو رہا ہوں، انشاءاللہ بہت جلد اپنے عوام کے درمیان ہوں گا کیونکہ میرا دل وطن اور اہلِ وطن کے لیے دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیزکی بہتری کے لیے رمضان میں خصوصی دعائیں کی جائیں، عوام دُعا کریں کہ وطن ہرقسم کی بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں سے معاشرتی، اقتصادی ،دفاعی کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔
واضح رہے وزیراعظم نوازشریف لندن میں اوپن ہارٹ سرجری کے بعد اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں آج انہیں گھر شفٹ کردیا جائے گا جب کہ وزیراعظم وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق کریں گے۔

رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، آج ملک بھر میں پہلا روزہ

مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی کمیٹی کا احترام کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، چیرمین مفتی منیب الرحمان
 کراچی: ملک بھر میں رمضان المبارک 1437 ھ کا چاند نظر آگیا جس کا چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی باضابطہ اعلان کردیا جب کہ پاکستان بھر میں طویل عرصے بعد رمضان کا ایک ساتھ آغاز ہورہا ہے۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، وزارت مذہبی امور کے نمائندے، اسپارکو کے ماہرین اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک تھے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا ظہیر احمد کی صدارت میں ہوا جہاں اسلام آباد میں سب سے پہلے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کی تصدیق کے بعد زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، رحیم یار خان، کوئٹہ، قلات، سکھراور نوابشاہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند دیکھا گیا۔
صوبائی دارالحکومت کی زونل کمیٹیوں نے چاند نظر آنے کی شہادتوں کی تصدیق سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جس کے بعد چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا جس کے مطابق منگل 7 جون کو پہلا روزہ ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اس سال ایک ساتھ رمضان المبارک شروع کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور خیبرپختونخوا کے مذہبی امور سمیت دیگر اداروں نے پس پردہ رہ کر مثبت کوششیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا احترام کیا اور وہاں کے دیگر علماء نے بھی احترام کرتے ہوئے اتحاد پیدا کرنے میں تعاون کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف اوپن ہارٹ سرجری کے بعد اسپتال سے گھر منتقل

وزیراعظم کی اسپتال سے گھر منتقلی کے موقع پر ان کی اہلیہ کلثوم نواز، صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ہمراہ تھے۔
لندن: وزیراعظم نوازشریف اوپن ہارٹ سرجری کے ایک ہفتے بعد اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے۔
وزیراعظم نوازشریف کی لندن کے ہارلے اسٹریٹ اسپتال میں 31 مئی کو اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے تقریباً ایک ہفتہ اسپتال میں قیام کیا تاہم اب ڈاکٹروں کی جانب سے صحت تسلی بخش قرار دیے جانے کے بعد وزیراعظم نوازشریف کو اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کی اسپتال سے گھر منتقلی کے موقع پر ان کی اہلیہ کلثوم نواز، صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ہمراہ تھے جب کہ اسپتال سے باہر آنے پر وزیراعظم نے وہاں کھڑے افراد کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی گھر منتقلی کے موقع پر اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں رمضان کریم کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کا چاند خوشخبری لے کر آیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف گھر واپس آرہے ہیں۔

اس سے قبل لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نوازشریف کی طبیعت میں کافی بہتری آرہی ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وہ ہرگھنٹے بعد چہل قدمی بھی کرتے ہیں جب کہ آپریشن کے بعد دی جانے والی بیشتر دوائیں بھی بند کردی گئی ہیں تاہم وہ گھر منتقلی کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق ایک ہفتے تک آرام کریں گے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ سے منشیات سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

ملزم کو اے این کے حوالے کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے فوٹو: فائل
 اسلام آباد: بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر تعینات اہلکاروں نے دوران چیکنگ جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان سے منشیات برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر تعینات اہلکاروں نے جدہ جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 633 کے ایک مسافر کے سامان سے ہیروئن برآمد کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے ملزم کا نام سلیم اور وہ صوابی سے تعلق رکھتا ہے، ملزم کے سامان سے ایک کلو 200 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے، ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

5.7فیصدگروتھ سے ٹیکس ریونیو10 فیصدبڑھے گا،ایف بی آر

گزشتہ 3سال کے دوران ٹیکس فائلرز میں اضافہ کی سالانہ شرح 25 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، رحمت اللہ وزیر فوٹو: فائل
 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئندہ مالی سال  کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو وسعت اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے، فائلرز اور نان فائلرز کے درمیان تفریق کرنے کے لیے عملی اقدامات سمیت غریب اور متوسط طبقے پر کم بوجھ ڈالتے ہوئے ڈائریکٹ ٹیکسوں کا حصہ بڑھانے کے اصولوں پر مبنی بجٹ تجاویز دی ہیں، قومی معیشت میں بہتری اور میکرو اکنامک استحکام کے پیش نظر آئندہ مالی سال  ٹیکس وصولیوں کا 3621 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں اضافی ٹیکس اقدامات سے تقریباً 150 ارب روپے کی آمدن ہو گی، مجموعی قومی پیداوار کی5.7 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ محصولات میں 10 فیصد اضافے کی توقع ہے۔ 
ان خیالات کا اظہار ایف بی آرکے ممبر (ان لینڈ ریونیو پالیسی) رحمت اﷲ وزیر نے  پیر کو ایف بی آر ہاؤس میں ممبر ڈاکٹر محمد اقبال، ممبر کسٹمز ناصر منصور اور ممبر فیٹ شائستہ عباس کے ہمراہ پوسٹ بجٹ میڈیا بریفنگ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2014 میں رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد تقریباً 11 لاکھ تھی جن میں  3 لاکھ 9 ہزار تنخواہ دار افراد شامل ہیں، پالیسی اقدامات کے ذریعے فائلرز کی تعداد بڑھائی جائے گی، اس سلسلے میں فائلرز اور نان فائلرز کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹیکس ریٹ مقرر کرنے کی تجویز ہے، نان فائلرز کے لیے ٹیکس کی اضافی شرح کے نفاذ سے یہ لوگ فائلرز کے لیے مختص سہولتوں سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کی طرف مائل ہوں گے جس سے ملک میں ٹیکس  کلچر کے فروغ، ٹیکس کی بنیاد کو وسعت اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم ایک سال کے لیے نہیں بلکہ 2018 تک کے لیے ہے، اس سکیم کے تحت اب تک 10 ہزار افراد ٹیکس نیٹ میں آگئے ہیں جس سے تقریباً 85 کروڑ کے محاصل حاصل ہوئے جبکہ  85 ارب روپے کا سرمایہ ظاہر ہوا ہے جو ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے لیے سود مند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی واضح ہے کہ فائلرز اور نان فائلرز کے لئے ٹیکس کی شرح میں فرق کے باعث لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے کو ترجیح دیں گے، اب بھی اندازا روزانہ 2 سے ڈھائی ہزار ای فائلنگ ہو رہی ہے۔
رحمت اللہ وزیر نے کہا گزشتہ 3سال کے دوران ٹیکس فائلرز میں اضافہ کی سالانہ شرح 25 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 5 برآمدی شعبوں کو زیروریٹڈ کرنے سے ملکی برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، اس سہولت کے نتیجے میں بر آمد کنندگان نے 20 فیصد برآمدات بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس کے علاوہ ری فنڈز کے معاملے کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرتعیش زندگی گزارنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں حاصل معلومات کی روشنی میں  4 لاکھ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے اثاثہ جات کے بارے میں معلومات کے حصول سے متعلق ایک سوال پر ایف بی آر کے حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور ایف بی آر کی سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates