اٹلی میں سیاحت کے فروغ اور چینی
باشندوں کو تحفظ کا احساس دلانے کے پیش نظر وہاں کے معروف شہر روم اور
میلان میں اطالوی پولیس کے ساتھ چار چینی پولیس اہلکار بھی گشت کریں گے۔
یہ گشت دو ہفتے کے ایک تجرباتی مشق کا حصہ ہے۔اٹلی کے وزیر داخلہ اینجیلینو الفانو نے بتایا کہ ان افسروں کو اٹلی میں سیاحت کے سب سے سرگرم موسم کے لیے تعینات کیا گيا ہے تاکہ چینی سیاح وہاں خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔
خیال رہے کہ یہ چینی پولیس اہلکار اطالوی بولتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا: ’اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو ہم اسے دوسرے شہروں میں بھی آزمائیں گے۔
ایک اندازے کے مطابق 30 لاکھ چینی باشندے سالانہ اٹلی کا سفر کرتے ہیں۔
مسٹر الفانو نے کہا جلد ہی اطالوی پولیس اہلکار بھی چین کے شہر بیجنگ اور شنگھائی کا دورہ کریں گے جہاں وہ چینی پولیس اہلکاروں کے ساتھ گشت کریں گے۔
اٹلی میں تعینات کیے جانے والے چینی پولیس افسروں نے اٹلی آنے سے قبل بیجنگ میں اطالوی حکام کے ساتھ تربیت حاصل کی تھی۔
No comments:
Post a Comment