ترکی میں عوام نے فوج کی اقتدار پر قبضے کی کوشش ناکام بنادی

باغی گروپ نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ کی جس سے متعدد شہری بھی زخمی ہوئے، غیر ملکی خبر ایجنسی، فوٹو؛ اے ایف پی
انقرہ: ترکی میں فوج کے ایک باغی گروپ نے اقتدار پر قبضے کی کوشش کی جسے ترک صدر کی اپیل پر عوام، پولیس اور جمہوریت پسند فوج نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا جب کہ بغاوت کے دوران 17 پولیس اہلکاروں سمیت161 افراد ہلاک اور 1500 کے قریب زخمی ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک فوج کے ایک باغی گروہ نے آرمی چیف کو یرغمال بناکرحکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی جسے ترک عوام، پولیس اور فوج نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ ترک حکومت نے تمام اداروں کا کنٹرول دوبارہ سے حاصل کر لیا ہے جب کہ استنبول ایئرپورٹ پر معطل فلائٹ آپریشن بھی بحال کر دیا گیا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق اقلیتی فوجی گروپ کی جانب سے گن شپ ہیلی کاپٹرزکی مدد سے پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدر و وزیراعظم سمیت پولیس ہیڈ کوارٹر پر فائرنگ اور بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں اب تک 17 پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 161 افراد ہلاک اور 1440 زائد زخمی ہوئے۔ بغاوت کی ناکامی کے بعد مغوی آرمی چیف کو ملٹری ایئربیس سے بازیاب کرالیا گیا جب کہ  5 جنرلز اور 29 کرنلز کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
بغاوت کرنے والے 8 اہلکار فوجی ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر یونان پہنچ گئے ہیں جنہیں یونان کے سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی حراست میں لے لیا ہے، ترک حکام نے ان اہلکاروں کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ بھی کردیا ہے جب کہ روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ باغیوں کے ایک جتھے نے ترکی کا جنگی بحری جہاز یرغمال بنالیا ہے تاہم اس کی سرکاری طور پر اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
بغاوت کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردگان نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ فوج کے ایک چھوٹے گروپ نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی جسے عوام، پولیس اور جمہوریت پسند فوج نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔  ہم عوام کے ووٹوں سے آئے ہیں اور جمہوریت میں عوام کی طاقت سے بڑی طاقت کوئی نہیں ہوتی، فوج کو بتانا چاہتا ہوں کہ انھیں بھی عوام کی خواہش کے مطابق کام کرنا ہو گا، باغیوں کو پنسلوانیا سے احکامات مل رہے ہیں، جس ہوٹل میں قیام پزیر تھا اس پر بھی بمباری کی گئی لیکن اب میں عوام میں موجود ہوں۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates