سرکاری فضائیہ کے طیاروں نے حلب میں 40 سے زائد فضائی حملے کئے،تنظیم انسانی حقوق فوٹو:فائل
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شہر حلب میں گزشتہ رات سے بشار الاسد کی فوج کی جانب سے فضائی کارروائیاں جاری ہیں، سرکاری فوج کے طیاروں کی بمباری سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہوچکی ہے جب کہ 70 سے زائد زخمی ہیں۔ حلب میں کئے گئے فضائی حملے میں مشہور القدس اسپتال کوبھی نشانہ بنایا گیا جس میں زیر علاج کئی بچے بھی ہلاک ہوئے، اسی حملے میں شہر میں واحد رہ جانے والے چائلڈ اسپیشلٹ ڈاکٹر وسیم بھی مارے گئے۔
شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ سرکاری فضائیہ کے طیاروں نے حلب میں 40 سے زائد فضائی حملے کئے اور گزشتہ رات سے جاری ان کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں میں 8 بچوں سمیت کئی خواتین بھی شامل ہیں جب کہ بعض مقامات پرباغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں مزید افراد کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
شام کی وزارت دفاع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی فضائیہ کی جانب سے کی جانے والی تازہ کارروائیاں شدت پسندوں کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کا رد عمل ہے۔
No comments:
Post a Comment