ٹیکسٹائل کی ترقی کیلیے صنعت و جامعات کے اشتراک پر زور

ویلیوایڈیشن پر توجہ نہ دی تو مسائل بڑھیں گے، اردویونیورسٹی میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب۔ فوٹو: فائل
کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ کیمیا کے تحت ٹیکسٹائل کے شعبے میں بنیادی کوالٹی کنٹرول کے بارے میں شارٹ کورس کی تکمیل پر تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مہمان خصوصی پاک کوریا ٹیکسٹائل انسٹیٹیوٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر ارم عبداﷲ، شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد، رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم، شعبہ کیمیا کی سربراہ ڈاکٹر عفت محمود، کورآڈینیٹر ڈاکٹر ستارہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر ارم عبداﷲ نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو درکار افرادی قوت کی فراہمی کے لیے انڈسٹری اور تدریسی اداروں کا اشتراک عمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ روزگار کے بھی وسیع مواقع فراہم کررہا ہے، پاکستان کی تمام جامعات مل کر بھی ٹیکسٹائل سیکٹر کی افرادی قوت پوری نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے جامعات پر زور دیا کہ وہ انڈسٹری کے ساتھ اپنے روابط کو فروغ دیتے ہوئے انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق کورس ترتیب دیتے ہوئے طلبہ کو عملی تربیت فراہم کریں۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات معیار کو درپیش چیلنجز کی وجہ سے روبہ زوال ہیں اس کے مقابلے میں کپاس درآمد کرنے والا بنگلہ دیش عالمی منڈی میں اہم مقام حاصل کررہا ہے۔ٹیکسٹائل سیکٹر کو تحقیق کے لیے دی جانے والی ری بیٹ کرپشن کا شکار ہوگئی، پالیسی سازوں نے ٹیکسٹائل سیکٹر میں تحقیق اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ نہ دی تو صنعت و برآمدات کو درپیش مسائل بڑھتے رہیں گے۔
انہوں نے شعبہ کیمیا میں شارٹ کورس کے انعقاد کو اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شعبہ کیمیا کی سربراہ ڈاکٹر عفت محمود نے کہا کہ آج کا طالب علم ڈگری تو لے لیتا ہے لیکن عملی معلومات محدود نہ ہونے کی وجہ سے ملازمت کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بھی نامساعد حالات کا سامنا ہے۔ اس خلا کو پر کرنے کے لیے شعبہ کیمیا میں شارٹ کورس کا انعقاد کیا گیا۔ کورس کو کامیاب بنانے میں شعبے کے اساتذہ کے ساتھ مختلف ٹیکسٹائل کمپنیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈگری پروگرام میں انڈسٹریل کیمسٹری کے مضمون کو بطور اسپیشلائزیشن شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کورس کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر ستارہ اور دیگر اساتذہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔اس موقع پر کورس کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ستارہ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ 16گھنٹوں پر مشتمل دو ماہ کی مدت کے اس شارٹ کورس کے ذریعے طلبہ کوٹیکسٹائل کے شعبے میں کپاس کی خریداری سے مصنوعات کی تیاری تک کے مراحل میں کوالٹی کنٹرول کے بارے میں معلومات اور عملی تجربہ فراہم کیا گیا۔ یہ کورس طلبہ میں اپنا روزگار خود مہیا کرنے کے بارے میںبھی شعور اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ کیمیا کے ایک باصلاحیت طالب علم عثمان نے 24ڈالر میں فروخت ہونے والی ہینڈ لوم 100روپے میں تیار کی ہے جس کے ذریعے گھر بیٹھے کپڑے کی کترنوں کے ذریعے دیدہ زیب آرائشی اشیا تیار کی جاسکتی ہیں۔ تقریب کے آخر میں کورس میں شریک طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کورس میں شریک طلبہ کی تیار کردہ مصنوعات کی بھی نمائش کی گئی۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates