بلوچستان: سابق فٹ بال کھلاڑی فائرنگ سے ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خاران میں فائرنگ کے ایک واقعے میں فٹ بال کا ایک سابق کھلاڑی اورکوچ ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ صوبے کے ساحلی ضلع گوادر سے اغوا ہونے والے دو مزدوروں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا۔
خاران میں مارے جانے والے سابق کوچ کی شناخت نذر بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔
وہ نا صرف ماضی میں فٹ بال کے معروف کھلاڑی رہے ہیں بلکہ کوچنگ سے بھی منسلک رہے ہیں اور وہ کوچ نذر کے نام سے مشہور تھے۔
خاران میں پولیس کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ جس وقت ان کو نشانہ بنایا گیا اس وقت وہ شہر میں ایک مکان بنانے میں مصروف تھے۔
پولیس افسر کے مطابق حملہ آوروں نے انھیں سر میں گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں لیکن ابتدائی معلومات کے حوالے سے پولیس افسر نے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ سے گزشتہ شب اغوا ہونے والے دو مزدوروں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
اورماڑہ میں لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں آٹھ مزدور آپٹک فائبر بچھانے کا کام کر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد تمام مزدوروں کو اغوا کیا۔
تاہم بعد میں ان میں سے چھ کو چھوڑ دیا گیا جبکہ دو کو اغوا کار نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔
لیویز فورس کے اہلکار کا کہنا تھا کہ اغوا ہونے والوں مزدوروں میں سے ایک کا تعلق کراچی جبکہ دوسرے کا تعلق بلوچستان کے ضلع خضدار سے ہے۔
گوادر اور اس سے متصل ضلع کیچ میں پہلے بھی مزدوروں کے اغوا کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates