احتساب قوانین کو بہتر بنانے کے لیے کمیٹی کی تشکیل

صوبۂ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے کی سطح پر احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے جو احتساب کے موجودہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ پارلیمانی کمیٹی انسداد بدعنوانی کے ادارے کے کردار، ذمہ داریوں، اختیارات اور دائر کار کا تعین کرے گی۔
صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کمیٹی کی سربراہی سینیئر وزیر برائے آبپاشی سکندر خان شیرپاؤ کریں گے جبکہ وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، وزیر برائے صحت عامہ شاہ فرمان، پارلیمانی سیکریٹری برائے اینٹی کرپشن ڈاکٹر حیدر علی خان اور مختلف محکموں کے سیکریٹری شامل ہوں گے۔
اس کمیٹی کے ضابط کار میں کرپش کی روک تھام کے لیے سنہ 1947 کے قانون کو جدید خطوط پر مرتب کرنا، خیبر پختونخوا مغربی پاکستان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ آرڈننس مجریہ 1961 کا موجودہ قانون سے تقابل کرنا اور دوسرے صوبوں میں موجودہ اس قسم کے قوانین کا مطالعہ کر کے اپنی سفارشات مرتب کرنا شامل ہے۔
Image copyright AFP
یاد رہے کہ چند ماہ قبل احتساب کے ادارے کے سربراہ نے صوبائی حکومت سے اختلاف کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے تحریک انصاف کی حکومت کو حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
یہ کمیٹی قومی احتساب بیورو کی طرح رضا کارانہ طور پر کرپشن سے حاصل کی گئی رقم کی واپسی یا ’پلی بارگین‘ کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لے گی اور احتساب کے صوبائی ادارے کے کردار کو واضح کرے گی۔
کمیٹی اپنی ٹھوس تجاویز میں حراست اور گرفتار کرنے کے اختیار، جائیداد اور اثاثوں کو ضبط کرنے کا بھی تعین کرے گی۔
انسداد بدعنوانی کے ادارے کی خود مختاری اور کام کرنے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے اور انتظامیہ کی مداخلت سے دور رکھنے کے لیے بھی تجاویز دے گی۔
کمیٹی ضلعی سطح پر بھی پانچ یا چھ ارکان پر مشتمل نگران کمیٹیاں تشکیل دے گی جن میں متعلقہ اداروں کے ضلعی افسران شامل ہوں گے تاکہ انسداد بدعنوانی کے ادارے اور ضلعی اداروں میں رابطہ رہے۔ یہ کمیٹی پولیس کے نظام میں پبلک سیفٹی کمیشن کی طرز پر شکایتوں کے ازالے کے لیے بھی نظام واضح کرے گی۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates