لندن( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں جیت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے محمد عامر کی ہر طرح سے مدد کرنے کی یقین دہانی کرادی اور کہا کہ محمد عامر نے 5سالوں میں اپنی غلطی سے بہت کچھ سیکھا ہے،پوری ٹیم انگلینڈ میں محمد عامر کے ساتھ ہوگی، کوئی پریشانی آئی تو سب مل کر مقابلہ کریں گے،انگلینڈ کی ٹیم کو محمد عامر کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم ہیمپشائر میں تیاریوں میں مصروف ہے ۔ سپاٹ فکسنگ کا داغ اور پانچ سال کی پابندی کی وجہ سے محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ جہاں سے چھوڑی، وہیں سے سلسلہ جوڑیں گے جس کے لیے انہیں پوری ٹیم کا ساتھ حاصل ہے ۔ایک انٹرویو میں فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہاگر آپ کرکٹ کھیلتے ہوئے لطف اندوز ہورہے ہوں تو آپ کارکردگی دکھاتے ہیں لیکن اگر آپ دبا کا شکار ہیں یا دیگر چیزوں سے پریشان ہیں تو آپ کھیل نہیں پائیں گے۔تماشائیوں کو آپ کچھ نہیں کہ سکتے، لوگ کرکٹ دیکھنے آتے ہیں اس لیے انھیں اپنی مرضی سے جشن منانے اورکچھ بھی کرنے کا حق حاصل ہے۔تماشائی نیک خواہشات کا اظہار کریں یا برے خواہشات کا اظہار کریں وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، چہروں پر مسکراہٹ لیے میدان میں جانا ہمارے ہاتھ میں ہے۔وہاب ریاض نے ورلڈ کپ 2015میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار اسپل سے پوری دنیا میں شہرت کمائی تھی جبکہ سابق عظیم کھلاڑیوں نے ان کی بالنگ کو شاندار قرار دیا تھا۔فاسٹ بالر کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ہدف کیا ہے اور ہمیں کیا حاصل کرنا ہے اور ہمیں اس کو حاصل کرنا پڑے گا، ہمیں اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہونا پڑے گا اگر کوئی کچھ کہہ بھی دے تو ہمیں ہنسی کےساتھ ٹال دینا ہوگا۔محمد عامر کی انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عامر نے بہت محنت کی ہے اور گزشتہ پانچ سالوں میں انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے اور وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور اپنی کارکردگی کے ذریعے تمام لوگوں کو جواب دینا چاہتے ہیں۔وہاب ریاض نے عامر کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بطور ٹیم اور ہماری انتظامیہ سمیت ہم سب محمد عامر کی مدد کریں گے، ہم سب اس کے ساتھ ہیں، جب بھی انہیں ہماری ضرورت ہوگی ہم سب اس کے ارد گرد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عامر کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا وہ ہماری فیملی کا نوجوان ترین حصہ ہیں اس لیے وہ چھوٹے بھائیوں اور اکثر سینئرکھلاڑیوں کے لیے بیٹوں کی طرح ہیں۔ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے کیونکہ ہم ان کی صلاحیتوں سے واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ وہ کیسے پرفارم کرسکتے ہیں، انگلینڈ میں میچ کے دوران پوری ٹیم دبا ﺅکم کرنے کے لیے انہیں سپورٹ کرے گی اور اللہ کی مدد اور ہم سب کی حمایت سے وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے اور پاکستان ٹیم اس دورے میں اچھا کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ محمد عامر کی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے اور وہ اس دورے میں بھی پہلے کی طرح بہترین پرفارمنس دکھائیں گے جبکہ انگلینڈ کو اپنے سب سے مشکل حریف کے لیے تیار رہنا چاہیے۔وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ مصباح کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں اور ہر وقت جیت کا سوچتے ہیں، وہ کپتان کی حیثیت سے ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں، یہ سیریز ہمارے لیے اہم اور ہم جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچز کی سریز چودہ جولائی سے انگلینڈ میں شروع ہورہی ہے۔
No comments:
Post a Comment