
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ بارش کے بعد شہر کی سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بارش کے بعد شہر کی سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگی ہیں اور نشیبی علاقے بھی زیر آب آچکے ہیں۔
دوسری جانب کراچی سمیت صوبہ سندھ کے متعدد اضلاع کے باسی شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور رحمت الٰہی کے منتظر ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوا منقطع ہونے کی وجہ سے آج بھی شدید حبس ہے جبکہ آج شام بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ کراچی ، میرپور، سکھر، شہید بے نظیر آباد اور حیدرآباد میں آج شام یا رات بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، خیبرپختون خوا میں ہزارہ ڈویژن، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان، بلوچستان میں کوئٹہ ، ژوب، مکران، قلات، سبی اور نصیرآباد ڈویژن میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہورہی ہیں جو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی اور کل سے مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا، کراچی اور حیدرآباد میں دو روز سے جاری حبس اور شدید گرمی مون سون کے داخل ہونے کی علامت ہے جبکہ جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں تیز بارشیں ہوں گی
No comments:
Post a Comment