وفاق پاکستان اسٹیل کی200ایکڑ اراضی پورٹ قاسم کو دینے کیلیے سرگرم

وفاقی حکومت کے متعلقہ ادارے اور وزارتیں پاکستان اسٹیل کو گیس کی سپلائی بحال کرانے سے لاتعلق ہیں۔ فوٹو: فائل
 کراچی: قانونی رکاوٹوں اور سندھ حکومت کے اعتراض کے باوجود وفاقی حکومت پاکستان اسٹیل کی ملکیت 200 ایکڑ اراضی پورٹ قاسم اتھارٹی کو منتقل کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی ملکیتی اراضی پر کوئلے کی ذخیرہ گاہ تعمیر کی جائیگی جہاں سے درآمدی کوئلہ پنجاب میں لگنے والے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو سپلائی ہوگا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس وزارت صنعت و پیداوار میں آج منعقد ہوگا جس میں پاکستان اسٹیل کے قائم مقام سی ای او اور سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار کے علاوہ پورٹ قاسم اتھارٹی کے نمائندے اور پاکستان اسٹیل کے انتظامی افسران شرکت کریں گے۔ پاکستان اسٹیل کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر مقدمے میں 41ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی تک پاکستان اسٹیل کی اراضی اور اثاثے کسی تیسرے فریق کو منتقل کرنے پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی گئی ہے یہ مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے بھی پاکستان اسٹیل میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا تھا اور سندھ حکومت وقتاً فوقتاً پاکستان اسٹیل کی اراضی کسی دوسرے فریق کو منتقل کیے جانے پر اپنے اعتراضات کا اظہار کرچکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور وزارت صنعت و پیداوار سندھ حکومت کی رضا مندی کے بغیر ہی 200ایکڑ زمین اونے پونے داموں پورٹ قاسم کو منتقل کرنے کے لیے سرگرم ہے جس کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس گزشتہ ماہ بھی منعقد ہوچکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار خضرت حیات گوندل جو پاکستان اسٹیل کے سی ای او کے بھی اضافی فرائض انجام دے رہے ہیں 380ارب روپے واجبات اور خسارے کے بوجھ تلے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے بجائے 200ایکڑ زمین کی پورٹ قاسم کو حوالگی میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں اور اس حوالے سے سی ای او کی حیثیت سے گزشتہ ماہ کراچی کے اپنے پہلے دورے میں بھی زمین کی حوالگی سے متعلق ایک خفیہ اجلاس کی صدارت کرچکے ہیں۔
وفاقی حکومت کے متعلقہ ادارے اور وزارتیں پاکستان اسٹیل کو گیس کی سپلائی بحال کرانے سے لاتعلق ہیں اور ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں ادائیگی کے لیے بھی رقم بطور قرض ادا کی جارہی ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان اسٹیل کو وفاقی بجٹ میں سے قرض کی ادائیگی کے لیے 3ارب 84کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی تاہم اس سال 5ارب 76کروڑ 60لاکھ روپے کا قرض جاری کیا گیا آئندہ مالی سال کے لیے پاکستان اسٹیل کو بطور قرض کی فراہمی کے لیے بجٹ میں 4ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان اسٹیل کی نج کاری کا کوئی امکان نہیں ہے۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates