کیا ایان علی دہشت گرد ہے؟کیوں نہ سیکرٹری داخلہ کوجیل میں بھیج دیں؟:سپریم کورٹ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ماڈل گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے کی سماعت کے دورا ن سپریم کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ کیا ایان علی دہشت گرد ہے ؟؟ سب کو نظر آرہا ہے کیا ہورہا ہے ؟کیوں نہ سیکرٹری داخلہ کوجیل میں بھیج دیں؟ احکامات پرعمل کراناآتاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کےخلاف اپیل پرسماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیاپنجاب میں درج قتل کی ہر ایف آئی آر کے ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے ؟ کیا ایف بی آر نے جن کو ٹیکس ادائیگی کے نوٹس دیئے، ان سب کے نام ای سی ایل میں ڈالے ؟ سب کو نظر آرہا ہے کہ کیا ہورہا ہے۔ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکال کر دوبارہ کس بنیاد پر ڈالا گیا؟ کیاایان علی دہشت گرد ہے؟
وزارت داخلہ کی جانب سے حکومتی وکیل رانا وقار نے کہا کہ ہائیکورٹ نے توہین عدالت کے مقدمہ میں ایان علی کا نام ای سی ایل نکالنے کا حکم دیا۔
جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ توہین عدالت کے مقدمہ میں ایسا حکم کیسے جاری کیاجاسکتا ہے ، درخواست خارج ہوتی ہے یا مرتکبان جیل جاتے ہیں۔کیوں نہ سیکرٹری داخلہ کوجیل میں بھیج دیں؟ اپنے احکامات پر عمل کروانا آتا ہے۔احکامات پر عمل نہیں ہوگا تو عدالت کو تالا لگا کر گھر نہیں چلے جائیں گے ، معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے۔
رانا وقار نے کہا ایان علی کسٹم افسرا عجاز محمود کے قتل کی ایف آئی آر میں بھی نامزد ہیں۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا اورکہاکہ جائزہ لیں گے کیا توہین عدالت کی درخواست میں ایسے احکامات جاری کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا پرویز مشرف بااثرتھا راتوں رات جانے دیا گیا۔کیس کی مزید سماعت جون کے آخری ہفتے میں ہوگی۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates