راولاکوٹ (صباح نیوز)آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں فرزانہ یعقوب نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔ مخالف جماعتوں اور اتحادوں کی اقتدار میں آنے کی حسرت پوری نہیں ہو گی۔ ہم نے پہلے بھی اپنے عوام کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور نمائندگی کی۔ آئندہ بھی انشاء اللہ نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔ حلقہ نمبر 3 پونچھ کے عوام کی طرف سے جوش و جذبہ دیکھ کر یقین سے کہہ سکتی ہوں کہ فتح ہماری ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز برمنگ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس پر برمنگ کوئیاں ، دہمنی ، چک ، دریک اور دیگر ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور سیاسی عمائدین نے شرکت کی۔ محترمہ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ پونچھ ڈویژن میں بننے والے اتحاد اور سیاسی جماعتیں باہمی اختلافات کا شکار ہیں۔ ہر جماعت میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو بغیر کسی اتحاد کے انتخابات میں جا رہی ہے۔ بساکھیوں کی ضرورت ان جماعتوں کو ہے جنہوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا اور پانچ سال تک زبانی جمع خرچ میں مصروف عمل رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ سال عوام کی خدمت کی ہے۔ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی بر سر اقتدار نہ آئی تو مودی کے دوست حکمران آزاد کشمیر کسی کو تحفے کے طور پر دے سکتے ہیں۔ اس لیے عوام پیپلز پار ٹی کو ووٹ دیں تاکہ ان کے تشخص اور حقوق کا دفاع کیا جا سکے۔ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ میرے حلقے میں تمام پارٹی کارکن متحد اور منظم ہیں۔ پارٹی کا ہر رکن انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ انشاء اللہ جیت ہماری ہو گی۔ اور مخالف امیدوار کو چوتھی مرتبہ بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر سردار اجمل ، نمبردارمحمد حلیم خان ، غلام فاروق ، سردار حفیظ خان ، پی ایس ایف ، پی وائی او کے رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا اور پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے بھرپور جدوجہد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
No comments:
Post a Comment