فلم ’’سلطان‘‘ کا نام پہلے ’’دنگل‘‘ رکھا تھا، علی عباس ظفر

فلم میں سلطان کا کردار جاندارہونے پر فلم کو اسی نام سے منسوب کردیا، معروف ہدایتکار، فوٹو:فائل
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار علی عباس ظفر نے کہا ہے کہ فلم ’’سلطان‘‘ کا نام پہلے’’دنگل‘‘ رکھا تھا لیکن فلم میں سلطان کا کردار جاندار ہونے کی وجہ سے نام تبدیل کردیا۔
بالی ووڈ کے اسٹارز سلمان خان اور عامر خان کی فلمیں رواں سال نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہیں جس میں دونوں خانز پہلوان کا کردار نبھا رہے ہیں جب کہ دونوں کی فلموں کی کہانی مشترک ہونے اور فلموں  کے لیے ایک ہی جگہ کے  انتخاب کرنے کی خبریں  بھی زیر گردش تھیں جس پر دونوں خانز میں ناراضی بھی ہوئی تھی تاہم اب  فلم ’’سلطان‘‘ کے ہدایتکار  کے بیان نے سب کو حیران کردیا ہے۔
بالی ووڈ کے ہدایتکار علی عباس ظفرکا کہنا تھا کہ  میں 4 سال قبل فلم کا اسکرپٹ لکھ رہا تھا تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ پہلوانی پر کوئی اور بھی کام کررہا ہے اسی لیے میں نے فلم کا نام ’’دنگل‘‘ ہی رکھا تھا جب کہ فلم کے پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا کو 10 صفحات کا اسکرپٹ بھی ’’دنگل‘‘ کے نام سے ای میل کیا تھا لیکن فلم میں سلطان کا کردار جاندار ہونے پر فلم کو اسی نام سے منسوب کردیا کیوں کہ سلطان کا کردار خود سے لڑنے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم کے کردار کے لیے 2012 میں ہی میں نے ہریانہ کا سفر بھی کیا اور مقامی طور پر لوگوں کو  پہلوانی کے مقابلوں کی جانب متوجہ رکھا جہاں کئی جملے مشہور تھے جیسے آج دنگل چوپال پر ہے، آج دنگل ندی کے پاس ہے اس ’’دنگل‘‘ نام میں جو کشش تھی وہ بیان سے قاصر ہے  جب کہ عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ کے ہدایتکار نتیش تیواری سے ملاقات کرکے ایک دوسرے کو فلم کہانیاں بتائیں جو ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔
واضح رہے کہ  سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘ عیدالفطر اور عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘دسمبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates