لنڈی کوتل سرحد پر افغان فورسز کی ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان کا منہ توڑ جواب

رچرڈ اولسن کی پاکستانی حکام سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر بات ہوئی، جان کربی۔ فوٹو: فائل
پشاور / واشنگٹن: لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر افغان فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر رات گئے افغان فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایف سی کے 2 جوان زخمی ہو گئے۔ پاکستانی فورسز کی جانب سے افغان فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا جب کہ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، دونوں ممالک کے حکام سے رابطے میں ہیں اور دباؤ کم کرنے کے لئے پاکستان اور افغان کی حکومتوں پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپر بات چیت کی گئی جب کہ کابل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی بات ہوئی۔ اس کے علاوہ رچرڈ اولسن نے کابل میں افغان صدر اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ لنڈی کوتل پر واقع پاک افغان سرحد پر گزشتہ 3 روز سے حالات کشیدہ ہیں جب کہ سرحد پر افغان فورسز کی فائرنگ سے سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ افغان فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر علی جواد شہید بھی ہوئے جن کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی۔

No comments:

Pakistan Election 2018 View political party candidates, results

https://www.geo.tv/election/candidates